• Fri, 09 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’آنکھ بند کرکے بی جے پی کی حمایت کرنے والوں کوموجودہ حالات پر ازسرنو غور کرنا چاہئے‘‘

Updated: January 05, 2026, 10:51 PM IST | Hamidullah Siddiqui | Lucknow

سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ ان میں اگر ذرا سی بھی حب الوطنی، انسانیت، احساس، شرم اور عقل و شعور باقی ہے تو انہیں اپنا محاسبہ کرنا چاہئے

Samajwadi Party chief Akhilesh Yadav
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو

سماجوادی پارٹی کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے بی جے پی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ آنکھ بند کر کے بی جے پی کی حمایت کرتے ہیں اور ووٹ دیتے ہیں، اگر ان میں ذرا سی بھی حب الوطنی، انسانیت، احساس، شرم، عقل و شعور باقی ہے تو انہیں موجودہ حالات پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہئے۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی کے ’ڈبل انجن‘ کی حکومتوں میں ملک کے مختلف حصوں میں تشویشناک واقعات سامنے آ رہے ہیں اوراتراکھنڈ میں لوگ ’اتراکھنڈ کی بیٹی‘ کیلئے سڑکوں پر انصاف مانگ رہے ہیں جبکہ اتر پردیش میں زہریلے کف سیرپ سے اموات ہو رہی ہیں۔ اسی ریاست میں ایک جی ایس ٹی افسر کے گھر سے کروڑوں روپئے نقد برآمد ہونا، نوٹ بندی اور ایماندارانہ ٹیکس نظام کے دعوؤں پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں آلودہ پانی سے لوگوں کی جان جا رہی ہے ، بابا صاحب امبیڈکر کی تصویریں جلائی جا رہی ہیں اور دلتوں پر مظالم کی حدیں پار کی جا رہی ہیں۔ دہلی میں فضائی آلودگی کے باعث لوگ ایک ایک سانس کے لئے ترس رہے ہیں جبکہ راجستھان میں کسان خطرناک فیکٹریوں کے خلاف احتجاج پر مجبور ہیں۔
اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ گجرات اور ہریانہ میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف عوام صرف عدالتوں کے سہارے ہیں جبکہ تریپورہ میں بی ایس ایف کے ایک جوان کے بیٹے کو اتراکھنڈ میں نفرتی ایجنڈا چلانے والوں نے قتل کر دیا۔ آسام میں فرقہ وارانہ امتیاز عروج پر ہے اور مہاراشٹر میں لوگوں کو نہ آزادانہ طور پر الیکشن لڑنے دیا جا رہا ہے اور نہ ہی ووٹ ڈالنے دیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چھتیس گڑھ اور ادیشہ میں اقلیتوں کے تہواروں کے دوران حملے اور دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جبکہ بہار میں شراب بندی کے باوجود بدعنوانی کے سبب غیر قانونی شراب فروخت ہو رہی ہے۔
 آخر میں اکھلیش یادو نے عوام سے اپیل کی کہ وہ فرقہ واریت کی عینک اتار کر اپنے خاندان، بہن بیٹیوں کے مستقبل، بڑھتی ہوئی بے روزگاری، بدعنوانی، زہریلے ماحول، کسانوں، مزدوروں اور ملک کی عالمی شبیہ پر پڑنے والے منفی اثرات کے بارے میں سنجیدگی سے سوچیں اور پھر بی جے پی کی حمایت اور ووٹ پر خود سے سوال کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK