Inquilab Logo

ممبئی میئرکے نام دھمکی آمیز خط ،سیاسی سازش کا شبہ

Updated: December 11, 2021, 8:28 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

کشوری پیڈنیکر کے مطابق خط میں اتنی غلیظ زبان استعمال کی گئی ہےکہ بحیثیت خاتون وہ اسے پورا پڑھ بھی نہ سکیں

Mumbai Mayor Kishori Pednekar
ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکر

معہ کو ممبئی میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب شہر کی میئر کشوری پیڈنیکر کو ایک دھمکی آمیز خط موصول ہوا ۔ خط میں نہ صرف انہیں جان سے مارنے کی بات کہی گئی تھی بلکہ انتہائی غلیظ زبان استعمال کی گئی تھی۔ حالانکہ اس خط  پر بھیجنے والے کا نام لکھا ہے لیکن پولیس کو شبہ ہے کہ یہ جعلی نام ہے اور پتہ بھی جعلی ہے جوکہ رائے گڑھ ضلع ہے۔ 
  ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکر کو جمعہ کی صبح یہ خط ان کے بائیکلہ والے گھر پر ڈاک کے ذریعے موصول ہوا جسے  ان کے سیکوریٹی گارڈ نے انہیں لاکر دیا۔ میئر کے مطابق اس خط کی زبان اتنی گندی تھی کہ بحثیت خاتون وہ اسے پڑھ نہیں سکتی تھیں۔  انہوں نے فوری طورپر بائیکلہ پولیس اسٹیشن میں اس کی شکایت درج کروائی۔  اطلاع کے مطابق ایک صفحے پر مشتمل اس خط کو  وجے مہاترے  نامی کسی شخص نے رائےگڑھ ضلع کے اُرن شہر سے بھیجا   تھا۔ وہاں سے  پنویل پوسٹ آفس کے ذریعے خط ممبئی پہنچا۔ کشوری   پیڈنیکر کا کہنا ہے’’ کوئی عام آدمی ایسی حرکت نہیں کر سکتا۔ اس کے پیچھے ضرور کوئی سیاسی سازش ہے۔اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ممبئی میں سیاست کی سطح کتنی گر گئی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ مجھے ممبئی   پولیس پر اعتماد ہےکہ وہ اصل مجرم کو ڈھونڈ نکالے گی۔‘‘  انہوں نے نم آنکھوں سے کہا ’’ آج سیاست اتنی نیچے گر گئی ہے کہ ایک خاتون کو بھی نہیں بخشا جا رہا ہے۔ میں یہ خط پڑھ کر دنگ رہ گئی کہ آخر کوئی بھی  اتنی شرمناک زبان کیسے استعمال کر سکتا ہے؟‘‘ 
  پولیس کا کہنا ہے کہ خط بھیجنے والے شخص کو تلاش کیا جا رہا ہے۔ اس کیلئے اُرن پوسٹ آفس کی مدد لی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی مذکورہ شخص کے خلاف  مجرمانہ اقدام کا معاملہ  درج کر لیا گیا ہے۔ حالانکہ ابھی خط کا اصل متن ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔  پولیس ہینڈ رائٹنگ ایکسپرٹ کی مدد سے یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ یہ تحریر کس کی ہے۔ جبکہ بعض رپورٹ کے مطابق پولیس نے مقامی سطح پر کچھ لوگوں کو  بلاکر پوچھ تاچھ بھی کی ہے۔ اس دوران میئر کے گھر کے باہر سیکوریٹی سخت کر دی گئی ہے۔ 
  یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ورلی میں سلنڈر دھماکے میں  ایک ۴؍ ماہ کے بچے کی موت کے بعد شہر کی میئر بی جے پی کے نشانے پر تھیں اور ان پر تنقیدیں کی جا رہی تھیں۔  بعض لوگ میئر کو ملنے والی دھمکی کو اسی پس منظر میں دیکھ رہے ہیں۔ حالانکہ فی الحال  پولیس کسی نتیجے پر نہیں پہنچی ہے اور معاملے کی مکمل تفتیش کے بعد کسی انکشاف اور کارروائی کی بات کہہ رہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK