• Tue, 20 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دلخراش حادثہ میں مالیگاؤں کے ۳؍افراد جاں بحق، جنازے ایکساتھ اٹھے!

Updated: January 19, 2026, 11:52 PM IST | Mukhtar Adeel | Mumbai

عبدالرحمٰن ،عبدالستار اور یعقوب خان کی دردناک موت سے امن پورہ میں غم و اندوہ کا ماحول۔مہلوکین میں مدھیہ پردیش کا ایک شخص بھی شامل۔۲۰؍افراد زخمی

Funerals of 3 Malegaon youths killed in Manmad road accident reach big graveyard together
منماڈ روڈ ایکسیڈنٹ میں جاں بحق مالیگاؤں کے ۳؍ نوجوانوں کے جنازے ایک ساتھ بڑا قبرستان پہنچے

منماڑ مالیگاؤں روڈ پربس اور پِک اپ گاڑی کے تصادم کے دلخراش حادثے میں ۴؍ افراد لقمہ اجل بنے جبکہ ۲۰؍سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ حادثہ  ۱۹؍جنوری پیر کی رات ساڑھے ۳؍ بجے کے  قریب جڑگاؤں چونڈی کے پاس پیش آیا ہے۔اس  دردناک حادثے میں مالیگاؤں کے ۳؍ نوجوان جائے وقوع پر ہی جاں بحق ہوئے۔جبکہ چوتھے زخمی کا دورانِ علاج انتقال ہوگیا۔متوفیوں میں سے تین کا تعلق مالیگاؤں سے ہے۔ان کے نام (۱)عبدالرحمٰن عابد فروٹ والے (۲)عبدالستارمحمد خاں ترکاری والے (۳) یعقوب خان شیروخان ہیں۔چوتھے متوفی کا نام ستیش منسارام گورے(۳۰) ہے۔ستیش مدھیہ پردیش کے ٹھِکری تعلقہ میں بڈوانی کا رہنے والا تھا۔
بس اور پِک اَپ کی ٹکّر
 پونے سے مالیگاؤں کی سمت آرہی لگژری بس اور مالیگاؤں سے پونے کی سمت جارہی پَک اَپ وین کے درمیان زوردار ٹکّر ہوئی۔اِس کی شدت کا انداز یوں کرسکتے ہیں کہ ایکسیڈنٹ ہونے کے نصف گھنٹے کے بعد بھی کرین کی مدد سے پِک اَپ وین لگژری بس میں سے نکالی نہیں جاسکی تھی۔متاثرین کی مدد کرنے والے شیخ شفیق احمد(اینٹی کرپشن سوشل موومنٹ آف انڈیا) نے بتایا کہ رات میں تین سے ساڑھے بجے کے درمیان متذکرہ ایکسیڈنٹ کی اطلاع ملتے ہی راحت کاری کام شروع کردیا گیا تھا۔جاں بحق ہونے والوں کی نعشیں قانونی مراحل کی تکمیل کیلئے سامانیہ رُگنالیہ پوسٹ مارٹم لائی گئی۔بعد ازاں وارثین کے سپرد کردی گئی۔
شہر کے امن پورہ میں رنج و اندوہ کا ماحول
 عبدالرحمٰن،عبدالستاراوریعقوب خان یہ تینوں نوجوان مالیگاؤں کے امن پورہ میں سکونت رکھتے تھے۔مختلف شہروں میں گشت کرکے قالین فروختگی ان کا ذریعہ معاش تھا۔اسی مقصد سے پِک اَپ وین میں مال لیکر پھیری کرکے بیچنے کیلئے پونے جارہے تھے۔ان نوجوانوں کے انتقال کی اطلاع امن پورہ پہنچی تو ان کے اہل خانہ پر یہ اطلاع بجلی بن کر گری۔آہ و فغاں سے محلہ گونج اُٹھا۔ پڑوسیوں رشتے داروں نے متوفی نوجوانوں کے گھر والوں کی ڈھارس بندھائی۔  مہلوکین کی تدفین مالیگاؤں کے بڑے قبرستان میں ہوئی۔ اسی علاقے میں حافظ شبیر احمد جمالی بھی رہتے تھے۔حافظ شبیر کی طبعی موت واقع ہوئی تھی۔تینوں مہلوکین اور حافظ شبیر کاجنازہ یعنی ایک ساتھ چار میتیں امن پورہ سے بڑے قبرستان لائی گئیں۔
چوتھا مہلوک مدھیہ پردیش کا ہے
 ایکسیڈنٹ میں شدید زخمی لگژری بس کے ڈرائیور ستیش منسارام گورے نے دورانِ علاج دَم توڑ دیا۔راحت رسانی کام کرنے والوں نے ستیش کو بغرض علاج نجی اسپتال میں داخل کیا تھا۔ اس کی موت واقع ہونے کی تفصیل اس کے اہل خانہ کو دی جاچکی ہے۔لاش حاصل کرنے کیلئے ستیش کے لواحقین مالیگاؤں پہنچ رہے ہیں۔
 مختلف رپورٹس کے مطابق اس بھیانک حادثے کے بعد عینی شاہدین نے فوراً ہائی وے پولیس کو حادثے اطلاع دی۔ نیز قریب کے گاؤں والےبھی مدد کو دوڑے اور بہت سی گاڑیاں جو رکیں تھیں ان میں موجود افراد نے بھی زخمیوں کو گاڑیوں سے باہر نکالنے میں مدد کی۔اسی درمیان پولیس اور ہائی وے ریسکیو ٹیم بھی جائے حادثہ پر پہنچی۔ حادثے اور بعد ازیں  ریسکیو آپریشن کے سبب منماڑ مالیگاؤں ہائی وے پر گھنٹے ، ڈیڑھ گھنٹے کےلئے ٹریفک بری طرح متاثر ہوا۔  اس دلخراش حادثے کا سبب اب تک معلوم نہیں ہوسکا ہے۔ پولیس معاملے کی تفتیش کررہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK