Inquilab Logo

آج ووٹر لسٹ میں نام درج کرانے کا آخری دن

Updated: April 23, 2024, 8:50 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ممبئی مضافاتی ضلع کلکٹر کی پریس کانفرنس،پولنگ فیصدبڑھانے کی اپیل، ووٹروں کی سہولت کیلئے۵۷۳؍پولنگ سینٹروں پر خصوصی کلر کوڈ کا استعمال کیا جائے گا۔

District Collector of Mumbai Suburbs Rajendra Sher Sagar speaking to reporters about the preparations for the Lok Sabha elections. Photo: INN
ممبئی مضافات کے ضلع کلکٹر راجندر شر ساگر لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کے بارے میں نامہ نگاروں کوبتاتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

لوک سبھا انتخابات میںحق رائے دہی کا استعمال کرنے کا حق حاصل کرنے کیلئے یہ لازمی ہے کہ شہریوں کا نام ووٹر لسٹ میںموجود ہو۔ جن شہریوں کا نام اب تک ووٹر لسٹ میں شامل نہیں کیاگیا ہے، ان کیلئے آج آخری موقع ہے۔ شہری آج (۲۳؍ اپریل ) آن لائن اور آف لائن طریقےسے اپنے علاقے کی ووٹنگ لسٹ میں اپنا نام درج کرانے کیلئے درخواست کر سکتے ہیں۔ یہ یاد دہانی ممبئی مضافاتی ضلع کے کلکٹر راجندر شر ساگر نے پیر کو ضلع کلکٹر آفس میں منعقد ہ پریس کانفرنس  میں کرائی ۔ انہوں نے  یہ درخواست بھی کی کہ’’سبھی بالغ شہری اس کی تصدیق کر لیں کہ ان کے اسمبلی حلقہ کی ووٹر لسٹ میں ان کانام شامل ہے، نام نہ  ہونے پر وہ فوری طور پر درخواست دیں۔‘‘
۵۷۳؍ پولنگ اسٹیشنوں پر کلر کوٹنگ
 ضلع کلکٹر نے مزید بتایا کہ ’’ ووٹر وں کو حق رائے دہی کا استعمال کرنے میں سہولت کیلئے ممبئی مضافاتی ضلع کے  ۵۷۳؍ پولنگ اسٹیشنوں  میں خصوصی کلر کوٹنگ کی  جائے گی۔اس کے تحت پولنگ سینٹر اور ان کی ووٹر سلپ پر خصوصی رنگ دیاجائے گا اور اس رنگ کو دیکھ کر پولنگ آفسر یا اہلکار کو فورا ً پتہ چل  جائے گا کہ ووٹر کا پولنگ بوتھ کون سا ہے اور اسے فوراً اس بوتھ پر پہنچا دیاجائے گا ۔ اس طرح ووٹروںکو اس کا پولنگ بوتھ تلاش کرنے میں پریشانی نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ ۴۰؍ فیصد سے زیادہ معذور ووٹراور ۸۵؍ سال  سے زیادہ عمر کے شہریوں کو ان کے گھر پر ووٹ کرنے کی سہولت  کے ساتھ ساتھ گھر سے پولنگ اسٹیشن لانے اور واپس گھر لے جانے کیلئے خصوصی انتظام بھی کیا جائے گا۔اس نظم کیلئے پرائیویٹ گاڑیوں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ دونوں ہی سہولت کو حاصل کرنے کیلئے متعلقہ ووٹروں کو پہلے  سے درخواست دینی ہو گی ۔ ‘‘ انہوںنے مزید  بتایاکہ ’’  معذور ،معمر  اور بیمار ووٹروں کو پولنگ سینٹر تک آمد و رفت کیلئے چنندہ روٹ پر بیسٹ کی مفت بس سروس بھی چلائی جائے گی۔‘‘افسرنے بتایاکہ ’’ووٹنگ کیلئے یہ ضروری ہے کہ شہری اس کی تصدیق کر لیں کہ موجودہ ووٹر لسٹ میں ان کانام شامل ہے یا نہیں۔ یہ جانچ ووٹر لسٹ  کے علاوہ چیف الیکٹورل آفسر کی ویب سائٹ :ceoelection.maharashtra.gov.in
 یاووٹر ہیلپ  موبائل ایپ پر بھی کی جاسکتی ہے۔ اس کے علاوہ ووٹر کسی طرح کی مدد کیلئے ہیلپ لائن ۱۹۵۰؍ پر بھی رابطہ کر سکتےہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ’’ ۲۳؍ اپریل تک موصول ہونے والی درخواست کے بعد ووٹرلسٹ میں اندراج کرنے کا سلسلہ بند کر دیاجائے گا اور ۲۳؍ اپریل تک جتنی درخواست موصول ہوئی ہو ںگی اس پر غور و خوض کرنے کے بعد ۳؍  مئی کو ووٹروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گا۔
ووٹروں کو دھوپ سے بچانے کیلئے خصوصی نظم 
کلکٹرشر ساگر کے بقول ۲۰؍ مئی کو پولنگ ہوگی اور اس روز شدید گرمی ہونے کا بھی اندیشہ ہے لہٰذا ووٹروں کو دھوپ اور گرمی سے بچانے کیلئے پولنگ مراکز پر سائے، پینے کے پانی کا نظم کیا جائے گا اور زیادہ اسٹاف کے ذریعے پولنگ تیز ی سے کرائی جائے گی تاکہ ووٹر کو زیادہ رکنا نہ پڑے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK