Inquilab Logo

’ممبئی ٹرانس ہار برلنک‘ کو پکنک اسپاٹ نہ بنائیں: ٹریفک پولیس

Updated: January 22, 2024, 10:43 AM IST | Faisal Tandel | Mumbai

ممبئی اور نوی ممبئی کو جوڑنے والے اس سمندری پل سے گزرنے والوں کومحکمہ نے مختلف ہدایتیں دیں تاکہ حادثات سے بچا جاسکے۔

Traffic police officers are taking action on the violators on the Mumbai Trans Harbor Link Road. Photo: INN
ممبئی ٹرانس ہاربرلنک روڈ پر ٹریفک پولیس اہلکار خاطیوں پر کارروائی کررہے ہیں۔ تصویر : آئی این این

ممبئی ٹرانس ہاربر لنک فلائی اوور جس کا حال ہی میں افتتاح ہوا، سے گزرنے والے لوگوں نے اسے ’پکنک اسپاٹ‘ بنالیا ہے اور ٹریفک کے قوانین کی خلاف ورزی بھی کررہے ہیں اسی لئے ٹریفک پولیس نے کارروائی بھی شروع کردی ہے۔ ایک رکشا ڈرائیور پر بھی کیس درج کیاگیا تھا۔ اس کے پیش نظر ٹریفک پولیس اب تک سیکڑوں افراد کے خلاف کارروائی کرچکی ہے۔ لوگ اپنی گاڑیوں کو بلاوجہ اس پل پر کھڑی کرتے ہیں، فوٹواورسیلفی بھی نکالتے ہیں۔ رفتارکی طے شدہ حد فی گھنٹہ ۱۰۰؍کلومیٹر سےزیادہ تیزرفتاری سے گاڑیاں دوڑاتے ہیں اور سیٹ بیلٹ بھی نہیں باندھتے۔ ایسے لوگوں پر نظر رکھی جارہی ہے اوران پر جرمانہ عائد کیاجارہاہے۔ ٹریفک پولیس لوگوں سے اپیل کی کہ اس پل پر ٹریفک کے قوانین پر عمل کریں۔ 
ممبئی ٹریفک پولیس کے جوائنٹ کمشنر پروین پڈول نےاس بارے میں کہاکہ پل پر گاڑی کو روکنا سخت منع ہے۔ ہماری گاڑیاں مسلسل گشت کر رہی ہیں اور ٹریفک قوانین کی کسی بھی طرح کی خلاف ورزی پر موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت کارروائی کر رہی ہیں۔ 
 اٹل سیتو نہوا شیوا بریج (ممبئی ٹرانس ہاربر لنک) کا استعمال کرنے والوں کو کن باتوں کا خیال رکھنا چاہئے:
(۱) پل پر داخل ہوتے اور باہر نکلتے وقت رفتار کی حد۴۰؍کلومیٹر فی گھنٹہ ہونی چاہئے۔ 
(۲)پل پر سفر کرتے وقت رفتار۱۰۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ ہونی چاہئے۔ 
(۳)راستے میں رفتار کی حد سے تجاوز کرنے پر سپیڈومیٹر چالان جاری کریں گے۔ 
(۴) پل پر سیلفی یا تصویریں لینے کیلئے گاڑی کو روکنا منع ہے۔ 
(۵) پل پر گاڑی کھڑی کرنا یا کسی کا انتظارکرنا مکمل طور پرمنع ہے۔ 
(۶)پل پر ایسے سائن بورڈ ہیں جو نہ رکنے کی نشاندہی کرتے ہیں۔ حکام سے درخواست کی جائے گی کہ وہ بورڈ درست تحریر کے ساتھ لگائیں۔ 
(۷)حادثات سے بچنے کیلئے کھلی چھت والی گاڑیوں کو پل پر اوپری کھڑکی نہ کھولیں۔ 
(۸) گاڑی ڈرائیوروں کوپل سے گزرتے وقت لین ڈسپلن پر عمل کرنا چاہئے۔ 
(۹)پل پر موٹرسائیکل اور آٹو رکشا سے گزرنے کی اجازت نہیں ہے۔ 
(۱۰) حادثات سے بچنے کیلئے بھاری گاڑیوں کو سڑک کی بائیں جانب رکھیں۔ 
(۱۱) ممبئی کی طرف اترتے وقت گاڑی ڈرائیوروں کو سائن بورڈ دیکھنے پر توجہ دینی چاہئے کیونکہ قلابہ، فری وے سے وڈالا اور سیوڑی کی طرف بالترتیب ۳؍ راستے ہیں۔ 
 ممبئی کی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ان اصولوں پر عمل کرنے سے اٹل سیتو سیوڑی -نہوا شیوا پل پر ٹریفک سیفٹی اور اس پر گاڑیوں کے ہموار طریقے سے گزرنے کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK