Inquilab Logo

لوکل ٹرینوں میں سفرکی سہولت ملنے کے بعد خاتون مسافروںکی خوشی کا ٹھکانہ نہیں

Updated: October 22, 2020, 5:15 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ملازمت پیشہ خواتین نےمسرت کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ آج لوکل ٹرین میں سفر کرتے ہوئے یہ احساس ہی نہیں ہوا کہ منزل کب آگئی

Female Passanger - PIC : Inquilab
خواتین مسافر ۔ تصویر : انقلاب

لوکل ٹرینوں میں بدھ۲۱؍ اکتوبر سے سفر کی سہولت ملنے کے بعد خواتین کی خوشی کا ٹھکانہ نہیں رہا۔ اس سے قبل دیگر ذرائع سفر سے انہیں گھنٹوں سفر کی صعوبت جھیلنے کے ساتھ یومیہ سیکڑوں روپے خرچ کرنے پڑتے تھے۔ لوکل ٹرینوں میں سفر کی اجازت ملنے کے بعد ملازمت پیشہ خواتین نے نمائندہ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے ریلوے انتظامیہ اور حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ۷؍ماہ بعد سفر کی مشکل آسان ہوئی ۔
  باندرہ سے فورٹ سفر کرنے والی پلوی جادھو  نےجو ایڈ ورٹائزنگ اور ہور ڈنگ کمپنی چلاتی ہیں ، کہا کہ لوکل ٹرین سے میں ۲۰؍ سے۲۵؍ منٹ میں باندرہ سے چرچ گیٹ پہنچ گئی۔ ٹرینوں اور پلیٹ فارم پر بھیڑ نہیں تھی، پولیس اہلکار رہنمائی کر رہے تھے جس سے کافی آسانی ہوئی۔ انہوں نے دیگر ذرائع سفر کا ٹرین کے سفر سے تقابل کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پہلے میں بس کے ذریعے تو کبھی اولا اور اوبیر سے اپنے دفتر جاتی تھی اس سے یومیہ ڈیڑھ تا دو گھنٹے جانے اور اتنا ہی وقت گھر لوٹنے میں لگتا تھا اور سیکڑوں روپے الگ خرچ ہوتے تھے ۔اس کے‌ بہ نسبت ٹرین میں بیس پچیس منٹ میں کب منزل آگئی ،اس کا احساس ہی نہیں ہوا۔‌سیما گورڈ تھانے سے سی ایس ٹی کا سفر کرتی ہیں اور پیشے سے بیوٹیشین ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تھانے سے سی ایس ٹی آنے میں ڈھائی سے تین گھنٹے لگ جاتے تھے اور اتنا ہی وقت واپس ہونے میں لگتا تھا۔‌بس کے ذریعے ۲۴۰؍ روپے خرچ ہوتے تھے ،اس کی بہ نسبت ٹرین سے آج میں محض۴۵؍ منٹ میں سی ایس ٹی پہنچ گئی اور کرائے کے پیسے بھی برائے نام خرچ ہوئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میرے لئے شاید دوسری خاتون مسافر و ں سے زیادہ خوشی کی بات اس لئے بھی ہے کیونکہ پانچ ماہ پہلے ریڑھ کی ہڈی کا میرا آپریشن ہوا ہے۔ اس سے بس کے سفر میں مجھے اور زیادہ دشواری ہوتی تھی۔ لیکن روزی روٹی کے لئے یہ سب کچھ جھیلنا پڑتا تھا۔ آج لوکل ٹرین کے سفر کی سہولت ملنے پر میں بہت خوش ہوں۔ ایک وکیل کے یہاں ٹائپسٹ کی خدمت انجام دینے والی روزی ڈسلوا، نےجو ممبرا سے سی ایس ٹی کا سفر کرتی ہیں،کہا کہ لوکل ٹرین‌ سے  ان کا سفر ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں طے ہوگیا۔ اس لئے لوکل ٹرین میں سفر کی اجازت ملنے کے بعدجو آسانی ہوئی ہے اسے صحیح معنوں میں بیان کرنےکیلئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK