Inquilab Logo

جے کشن کے انتقال کے بعد بھی شنکر نے ان کا نام اپنے نام سے نہیں ہٹایا

Updated: April 26, 2024, 10:50 AM IST | Agency | Mumbai

ہندی فلمی دنیا میں سب سے زیادہ کامیاب موسیقارجوڑی شنکر جے کشن نے اپنے سروں کے جادوسےکئی دہائیوں تک سامعین کو محظوظ کیا۔

Shankar Rasingh Ghovanshi of musician duo Shankar Jay Kishan. Photo: INN
موسیقار جوڑی شنکر جے کشن کے شنکر رسنگھ گھوونشی۔ تصویر : آئی این این

ہندی فلمی دنیا میں سب سے زیادہ کامیاب موسیقارجوڑی شنکر جے کشن نے اپنے سروں کے جادوسےکئی دہائیوں تک سامعین کو محظوظ کیا۔ ان کی جوڑی ایک مثال کے طور پر جانی جاتی تھی لیکن ایک وقت ایسابھی آیا جب دونوں کے درمیان نااتفاقی پیدا ہوگئی تھی۔ شنکراور جے کشن نے ایک دوسرے سے وعدہ کیاتھاکہ وہ کبھی کسی کو نہیں بتائیں گےکہ دھن کس نےبنائی ہےلیکن ایک بار جے کشن اس وعدے کو بھول گئے اور مشہور سنے میگزین فلم فیئر کے مضمون میں بتا دیا کہ فلم’سنگم‘ کا نغمہ ’یہ میرا پریم پتر پڑھ کر کہ تم ناراض نہ ہونا‘کی دھن انہوں نے بنائی تھی، اس بات سےشنکر کافی ناراض ہوگئے لیکن بعد میں گلوکارمحمد رفیع کی کوشش سے شنکر اور جے کشن کے درمیان اختلافات کو کسی حد تک کم کیا جا سکا۔ 
 شنکرسنگھ رگھوونشی کی پیدائش ۱۵؍اکتوبر۱۹۲۲ء کوپنجاب میں ہوئی تھی۔ وہ بچپن سے ہی موسیقار بننا چاہتےتھےاور ان کی دلچسپی طبلہ نوازی میں بہت زیادہ تھی۔ انہوں نےاپنی ابتدائی تعلیم بابا ناصر خان صاحب سےحاصل کی تھی اس کے ساتھ ہی انہوں نےحسن لال بھگت رام سے بھی موسیقی کی تربیت حاصل کی تھی۔ اپنےابتدائی مراحل میں شنکر نے ستیہ نارائن اور ہیماوتی کےتھیٹرگروپ میں کام کیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ پرتھوی تھیٹرسےبھی جڑ گئے جہاں وہ طبلہ بجانے کا کام کیاکرتےتھے۔ اس کے علاوہ پرتھوی تھیٹرکے ڈراموں میں وہ چھوٹے موٹے رول بھی ادا کرتے تھے۔ اسی دوران جے کشن بھی بطور موسیقار اپنی شناخت بنارہےتھے۔ شنکر کی سفارش پر انہیں پرتھوی تھیٹرمیں ہارمونیم بجانے کا کام مل گیا۔ 
 موسیقارشنکرجےکشن کی جوڑی نے انمول کام کیا۔ اِن کے زیادہ تر نغموں نے بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔ اِن ہی سے فلمی نغموں کی صدا بندی میں ۲۰۰؍میوزیشن استعمال کیے جانے کی روایت پڑی۔ اس سے پہلے محض ۴؍، ۵؍انسٹرومینٹس ہی صدابندی کے لیے ضروری سمجھے جاتے تھے۔ اِن ہی کی وجہ سے بعد میں آنے والوں کے لیے یہ نقشِ راہ ثابت ہوا۔ ۱۹۴۸ءمیں، راج کپورکو اپنی فلم ’برسات‘ کے لئے موسیقار کی تلاش تھی۔ راج کپور شنکر جے کشن کی دھن بنانےکے انداز سے کافی متاثر تھے اور انہوں نےشنکرجےکشن کو اپنی فلم برسات میں موسیقی دینے کی پیشکش کر دی۔ اس جوڑی نےفلم برسات کے ’جیا بے قرار ہے آئی بہار ہے‘ اور’برسات میں ہم سے ملے تم سجن تم سے ملے ہم‘ جیسے نغموں میں موسیقی دے کر اپنی شناخت قائم کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ 
یہ محض ایک اتفاق ہی تھا کہ فلم برسات سے ہی نغمہ نگار شیلندر اور حسرت جے پوری نے بھی اپنے فلمی کریئرکا آغاز کیا تھا اور اس فلم کی کامیابی کے بعد راج کپور، حسرت جےپوری اور شنکر جے کشن کی جوڑی نےکئی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔ شنکر جے کشن کی جوڑی نغمہ نگار حسرت جے پوری اور شیلندر کے ساتھ کافی پسند کی گئی۔ 
 ۱۹۶۰ء کےاواخر میں شنکر اور جے کشن میں گلوکارہ شاردا کے مسئلے پر اختلافات ہوگئے تھے۔ شنکر، لتا منگیشکر کی جگہ شاردا کو دینا چاہتے تھے۔ اختلافات کےباوجود یہ جوڑی۱۹۷۱ء تک ساتھ رہی۔ 
 شنکرجےکشن کی جوڑی کو سب سے زیادہ ۹؍ مرتبہ اعلی موسیقار کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ۱۲؍ ستمبر ۱۹۷۱ء کو جےکشن اس دنیا کو الوداع کہہ گئے۔ شنکرنےجوڑی کے نام سے ہی موسیقی کا سلسلہ جاری رکھا۔ ۲۶؍اپریل ۱۹۸۷ء کو وہ بھی انتقال کرگئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK