وہائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ شمالی کوریا کے پاس ۵۷؍انتہائی طاقتورجوہری ہتھیار ہیں۔
EPAPER
Updated: August 21, 2026, 3:34 PM IST | Agency | Washington
وہائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ شمالی کوریا کے پاس ۵۷؍انتہائی طاقتورجوہری ہتھیار ہیں۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ رواں سال شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ اُن سے ملاقات کریں گے۔ ٹرمپ نے وہائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران یہ بات کہی۔ ان سے پوچھا گیا تھا کہ کیا وہ سال کے اختتام پر کم جونگ اُن سے ملاقات کی توقع کررہے ہیں۔ ٹرمپ نے جواب دیا،ہاں، میں ان سے ملاقات کروں گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ شمالی کوریا کے پاس۵۷؍انتہائی طاقتور جوہری ہتھیار ہیں۔یہ پہلی مرتبہ ہے جب ٹرمپ نے شمالی کوریا کے جوہری ذخیرے کی کوئی مخصوص تعداد بتائی ہے۔ایک روز قبل وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ٹرمپ اپنے معاونین پر کم جونگ اُن کے ساتھ ملاقات کی تیاری کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:مہاراشٹر: ۲۵؍ اسمبلی نشستوں میں ۴۰؍ فیصد سے زائد ووٹرز کے SIR فارم جمع نہیں ہوئے
یہ ملاقات نومبر میں چین کے شہر شینژین میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن سربراہی اجلاس میں ٹرمپ کے ممکنہ دورے کے دوران ہوسکتی ہے۔ تاہم ٹرمپ نے کم جونگ اُن کے ساتھ دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کے اپنے منصوبے کی تفصیلات نہیں بتائیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ کم کے ساتھ تحریری خطوط کے ذریعے رابطے میں ہیں تو انہوں نے کہا، میں آپ کو یہ نہیں بتا سکتا۔ بعد ازاں پریس کانفرنس میں ٹرمپ نے اس سوال کا جواب دینے سے انکار کردیا کہ آیا کم جونگ اُن کے ساتھ مذاکرات بحال کرنے کا ان کا مقصد اب بھی شمالی کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے مکمل طور پر پاک کرنا ہے یا نہیں۔