دھننجے منڈے کی وزیر اعلیٰ سے ملاقات، اجیت پوار بھی ملے، مانک رائو کوکاٹے اور دتاتریہ بھرنے کے قلمدان تبدیل ہونے کا امکان
EPAPER
Updated: August 01, 2025, 7:29 AM IST | Mumbai
دھننجے منڈے کی وزیر اعلیٰ سے ملاقات، اجیت پوار بھی ملے، مانک رائو کوکاٹے اور دتاتریہ بھرنے کے قلمدان تبدیل ہونے کا امکان
جمعرات کو جب میڈیا مالیگائوں بم دھماکہ کیس کے ملزمین کے بری ہونے کی خبریں نشر کرنے میں مصروف تھا، ممبئی کے سہیادری گیسٹ ہائوس میں ہلچل مچی ہوئی تھی۔ یہاں کئی اہم لیڈران اور وزراء کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری تھا۔ اہم بات یہ ہے کہ اس سرکاری گیسٹ ہائوس میں زیادہ تر بی جے پی اور این سی پی (اجیت) کے لیڈران کی ملاقاتیں ہوئیں۔ جبکہ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اس دوران دہلی میں تھے اور مہایوتی کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات میں مصروف تھے۔ اس وجہ سے کئی سوالات کھڑے ہو رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں خبر آئی تھی کہ مہاراشٹر حکومت کے کچھ وزراء کی چھٹی ہونے والی ہے اور ان کی جگہ دیگر لیڈران کو موقع دیا جانے والا ہے۔ اس تعلق سے جمعرات کو سرکاری گیسٹ ہائوس ’سیہادری‘ میں ہلچل نظر آئی۔ این سی پی (اجیت) کے سربراہ اجیت پوار نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سے ملاقات کی۔ کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے وزیراعلیٰ کو اپنی جانب سے ایک خط دیا جس میں گزارش کی گئی ہے کہ وزیر زراعت مانک رائو کوکاٹے ان کے عہدے سے ہٹایا جائے اور ان کی جگہ دتاتریہ بھرنے کو وزیر زراعت بنایا جائے۔ جبکہ مانک رائو کو دتاتریہ کا قلمدان یعنی کہ وزارعت کھیل دیا جائے۔ یاد رہے کہ مانک رائو کوکاٹے اپنے غیر ذمہ دارانہ بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں آئے تھے اور حکومت کی بدنامی کا سبب بن رہے تھے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس ان سے سخت ناراض ہیں ۔ اجیت پوار نے بھی ان کی سرزنش کی تھی لیکن نائب وزیر اعلیٰ کوکاٹے سے یہ بھی کہا ہے کہ آپ کی عمر کا لحاظ کرتے ہوئے آپ کو ایک موقع اور دیا جا رہا ہے۔ آپ کا استعفیٰ نہیں لیا جائے گا بلکہ صرف آپ کا قلمدان تبدیل کیا جائے گا۔
اہم بات یہ ہے کہ سنتوش دیشمکھ قتل کے سبب الزامات کے گھیرے میں آئے دھننجے منڈے نے بھی جمعرات کو سہیادری گیسٹ ہائوس پہنچ کر وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کو اس لئے بھی اہم سمجھا جا رہا ہے کہ اجیت پوار نے حال ہی میں کہا تھا کہ منڈے کو ایک معاملے میں عدالت سے راحت مل گئی ہے اگر دیگر الزامات سےبھی وہ بری ہو جاتے ہیں تو انہیں ہم ایک موقع اور دے سکتے ہیں یعنی انہیں دوباہ کابینہ میں لیا جا سکتا ہے۔ وزیر خوراک اور رسد کا عہدہ سنبھال چکے دھننجے منڈے کی سہیادری گیسٹ ہائوس میں موجودگی سے کئی سوال اٹھ رہے ہیں۔ کیا انہیں دوبارہ کابینہ میں شامل کرنے کا وقت آ گیا ہے؟ اہم بات یہ ہےکہ این سی پی ( اجیت ) کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے بھی جمعرات کو سہیادری گیسٹ ہائوس پہنچے تھے۔ ان کی وزیر اعلیٰ سے ملاقات ہوئی یا نہیں یہ واضح نہیں ہو سکا۔
اس دوران ایکناتھ شندے کی پارٹی شیوسینا کے لیڈران نظر نہیں آئے۔ خود شندے خبر لکھے جانے تک دہلی میں تھے اور وہاں این ڈی اے کے اعلیٰ لیڈران سے ملاقاتوں میں مصروف تھے۔ ا س پر سوال اٹھ رہے ہیں کہ کیا ایکناتھ شندے کے وزراء میں سے کسی کا پتہ کٹنے والا ہے؟ یاد رہے سنجے شرساٹ اپنی ہی حکومت پر تنقید کرکے مشکلوں میں ہے۔ ا ن پر بد عنوانی کا الزام بھی ہے اور ان کے خلاف جانچ بھی جاری ہے۔ جبکہ رکن اسمبلی سنجے گائیکواڑ کینٹین کے ملازم کی پٹائی کے سبب تنازع میں ہیں۔
ایسی صورت میں ایکناتھ شندے ٹھیک اس وقت جبکہ ممبئی میں بی جے پی اور این سی پی لیڈران کی ملاقاتیں جاری ہیں دہلی میں کیا کر رہے ہیں؟ ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی فرنویس کابینہ میں توسیع ہو سکتی ہے اور کچھ وزراء کے پتے کٹ سکتے ہیں۔ اسی پر گفت وشنید کیلئے شندے دہلی میں ہیں۔