Inquilab Logo

کرناک بریج کے انہدامی کام کیلئے۲۷؍ گھنٹے کابلاک

Updated: November 12, 2022, 9:58 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

آئندہ سنیچر اور اتوار ( ۱۹؍ اور ۲۰؍ نومبر) کے درمیان ۲۷؍ گھنٹوں تک سینٹرل اور ہاربر لائن کی ٹرینیں بند رہیں گی، ریلوے کی بسوں کے انتظام کی اپیل

Demolition will take place near Masjid station but service will be affected on all lines (file photo).
انہدامی کارروائی مسجد اسٹیشن کے پاس ہوگی لیکن سروس تمام لائنوں کی متاثر ہوگی( فائل فوٹو)

رناک بریج کے انہدامی کام کیلئےآ ئندہ سنیچر اور اتوار یعنی ۱۹؍ اور۲۰؍ نومبر کی شب سے ۲۷؍ گھنٹے کا ٹریفک بلاک رہے گا۔اس سے مسافروں کو زبردست دقتوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔بریج کا انہدام مسجد اسٹیشن کے پاس ہوگالیکن اس بلاک کے دوران مین لائن اور ہاربر لائن کی تمام لوکل ٹرینیں بشمول ایئرکنڈیشن لوکل بائیکلہ اور سی ایس ایم ٹی کے درمیان پوری طرح سے بند رہیں گی ۔ ۱۹؍نومبر (سنیچر) کی شب میں ۱۱؍ بجے سے انہدامی کارروائی شروع ہوگی اور مین لائن اور ہاربر لائن کے لحاظ سے دومرحلوں میں  یہ کام کیا جائے گا۔انہدامی کارروائی کا کام ۲۰؍ نومبر بروز اتوار شب میں۸؍ بجے رات تک جاری رہے گا۔
۴۰؍ لاکھ مسافر متاثر ہوںگے
 سینٹر ل ریلوے میںیومیہ ۱۸۰۰؍ سے  زائد لوکل سروسیزچلائی جاتی ہیںاورمجموعی طور پرتینوں لائنوں پر۳۸؍ تا ۴۰؍ لاکھ مسافر لوکل ٹرینوں میںسفر کرتے ہیں۔ اس بلاک کے دوران انہیںزبردست دقتوں کاسامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس کا اعتراف ریلوے انتظامیہ نے بھی کیا  ہے۔ اسی لئے ریلوے نے  اپیل بھی کی ہے کہ مسافر ریلوے کیساتھ اس تعلق سے تعاون کریں، کام مکمل ہونے کےبعدمسافروں کو مزید سہولتیں ملیں گی۔
طویل مسافتی ٹرینیں رد رہیںگی 
 اس بلاک کے سبب۱۹؍ نومبر کو ۸؍ اور  ۲۰؍ نومبر کوممبئی پونے انٹر سٹی ایکسپریس ، تپون ایکسپریس،دیوگیری ایکسپریس، پنچوٹی ایکسپر  یس ، راجیہ رانی ایکسپریس اور جبل پور غریب رتھ ایکسپریس جیسی ۲۵؍ ٹرینیں رد کی جائیں گی۔  ساتھ ہی بلاک کے دوران ،دونوں دنوں میں ۲۲؍ طویل مسافتی ٹرینیں چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس کے بجائے دادر سے چلائی جائیں گی۔اس سے بھی ہزاروں مسافر متاثر ہوںگے ۔۲۰؍ نومبر کو داد رسے روانہ کی جانے والی ٹرینوں میںہاوڑہ ایکسپریس، گیتانجلی ایکسپر یس، پشپک ایکسپریس، پنجاب میل، نظام الدین راجدھانی ایکسپریس ، امرتسر ایکسپریس اور ممبئی وارانسی مہانگری ایکسپریس جیسی ۲۲؍ ٹرینیں شامل ہیںجبکہ مہانگری ایکسپریس ۲۱؍ نومبر کوبھی دادر سے ہی روانہ کی جائے گی۔
پوری رقم لوٹائی جائے گی
  جو ٹرینیں رد کی جائیں گی مسافروں کو اس کے ٹکٹ کی پوری رقم لوٹائی جائے گی۔ مسافر انکوائری ایپ کے علاوہ  ویب سائٹ:
www.enquiry.indianrail.gov.in
پر بھی معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔اس کے علاوہ اسٹیشن ماسٹروں اورٹرمنس کے انچارج کوبھی اس تعلق سے تفصیلات فراہم کروائی جائیںگی تاکہ ضرورت پڑنے پر وہ مسافروں کی رہنمائی کرسکیں۔
 زائد بسیں چلانے کی ریلوے انتظامیہ کی اپیل 
 ۴۰؍ لاکھ مسافروں کو دقت سے بچانے کیلئے  ریلوے انتظامیہ نے ممبئی ، تھانے اور کلیان کارپوریشنوں سے زیادہ سے زیادہ بسیں چلانے کی درخواست کی  ہے۔اس درخواست پر کارپوریشنوں کی جانب سے مثبت یقین دہانی کروائی گئی ہے۔
۱۸۶۸ءمیں بنایا گیا تھا بریج 
 کرناک بریج انگریزوں کے دور میں ۱۸۶۸ءمیں تعمیر کیا گیا تھا۔۱۵۴؍سال پرانا یہ بریج ۵۰؍میٹر لمبا اور ۱۸؍میٹرچوڑا ہے۔اس کے خستہ حال ہونے کے سبب ۲۲؍اگست سے ٹریفک کے لئے اس پل کو بند کردیا گیا ہے۔ اس کے بند کئے جانے کے بعد ٹریفک کا رخ موڑنے کے باوجود ساؤتھ ممبئی کی جانب ٹریفک جام کی اکثر شکایات ملتی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK