Inquilab Logo

ہمیں دیش دروہی کہا ہوتا تو زبان کھینچ لیتا ادھو ٹھاکرے کا شندے پر نشانہ

Updated: March 08, 2023, 11:02 AM IST | Mumbai

شیوسینا کی تقسیم کے بعد ادھو ٹھاکرے سے ان کی پارٹی کا نشان اور نام بھی چھن چکا ہے۔

Uddhav Thackeray speaking at Khed (Agency)
ادھو ٹھاکرے کھیڑ میں تقریرکرتے ہوئے ( ایجنسی)

شیوسینا کی تقسیم کے بعد ادھو ٹھاکرے سے ان کی پارٹی کا نشان اور نام بھی چھن چکا ہے۔ لیکن  شندے گروپ کے ساتھ ان کی لفظی نوک جھونک جاری ہے۔  ایک روز قبل  ادھو ٹھاکرے کھیڑ میں ایک جلسہ ٔ عا م سے خطاب کرتے رہے تھے جس میں انہوں نے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کی زبان کھینچ لینے کی بات کہی۔ دراصل ادھو ٹھاکرے ایکناتھ شندے کی جانب سے مہا وکاس اگھاڑی کو ’دیش درہی‘ ( غدار وطن) کہے جانے پر اپنا   غصہ ظاہر کر رہے تھے۔
   یاد رہے کہ ادھو ٹھاکرے  ان دنوں ریاست کے مختلف اضلاع  میں ریلیاں کر رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں وہ اتوار کی رات کھیڑ میں تھے۔ وہاں ان کے جلسے میں بڑے پیمانے پر لوگوں کی بھیڑ اکٹھا ہوئی تھی۔  ٹھاکرے نے بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’گزشتہ دنوں کل پرسوں ہمارے مندے نے کہا تھا کہ اچھا ہوا جو دیش دروہیوں کے ساتھ چائے پاٹی منسوخ ہو گئی۔ ان کے اس بیان پر لوگوں نے تنقیدیں کیں تو کہنے لگے میں نے جان بوجھ کر آپ کو دیش دروہی نہیں کہا تھا ۔‘‘ ادھو ٹھاکرے نے زور دے کر کہا ’’ ارے لیکن تم ہم لوگوں کو دیش دروہی کہہ کیسے سکتے ہو؟ کیونکہ ہم دیش دروہی ہیں ہی نہیں، ہم تو دیش بھکت ہیں۔‘‘ ادھو ٹھاکرے نے جارحانہ انداز میں کہا ’’ اگر تم نے ہمیں دیش دروہی کہا ہوتا تو  تمہاری زبان کھینچ لیتا۔ یہ بات میں وزیراعلیٰ کیلئے نہیں کہہ رہا ہوں ۔ ایک میندے کیلئے کہہ رہا ہوں۔‘‘  
  ان کے اس بیان پر منگل کو ایکناتھ شندے نےمیڈیا کے سامنے رد عمل ظاہر کیا۔  انہوں نے کہا ’’ادھو ٹھاکرے کا یہ بیان مضحکہ خیز ہے۔  روزانہ اٹھے چھٹے گالی گلوج کرنا، الزام لگانا، تفتیشی ایجنسیوں، وزیر اعظم  اور وزیر داخلہ امیت شاہ کے خلاف سطحی بیانات دینا یہ ان کی عادت بن گئی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’ اس جلسے میں ( جس میں ادھو نے یہ بیان دیا)  انہوں نے مجاہدین آزادی کے خلاف بھی بیان دیا۔   وہ ساورکر کے توہین کرنے والی کانگریس کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلنے کا کام بالا صاحب ٹھاکرے نے کبھی نہ کیا ہوتا۔ اس لئے انہیں (ادھو کو) بالا صاحب کا نام لینے کا کوئی حق نہیں ہے ۔‘‘  اس موقع پر  ایکناتھ شندے نے امیت شاہ کے بیٹے جے شاہ پر کی گئی تنقیدوں پر بھی اعتراض ظاہر کیا۔  وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ’’ادھو ٹھاکرے کا یک نکاتی پروگرام ہے کہ وزیراعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو برا بھلا کہا جائے۔ انہیں بیان دینے دیجئے ۔ میرا صرف اتنا ہی کہنا ہے کہ وہ کل کو کہیں نواب ملک اور انل دیشمکھ کو دیش بھکت کا تمغہ نہ دیدیں۔‘‘
  واضح رہے کہ اسمبلی سیشن کی شروعات میں روایت کے مطابق وزیراعلیٰ نے چائے پارٹی دی تھی جسکا مہا وکاس اگھاڑی کے اراکین نے بائیکاٹ کیا تھا اس پر شندے نے کہا تھا ’’ اچھا ہوا جو دیش دروہیوں نے خود ہی چائے پارٹی میں آنے سے انکار کردیا۔‘‘ اس  پر کافی ہنگامہ ہوا تھا۔ ادھو ٹھاکرے نے  کھیڑ میں ان کے اسی بیان پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK