اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے فوج کو جنوبی لبنان میں اپنی کارروائیوں کو وسیع تر کرنے کا حکم دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فوجی کارروائیاں تب تک جاری رہیں گی جب تک اسرائیل اپنے مقاصد حاصل نہیں کر لیتا۔
EPAPER
Updated: March 30, 2026, 8:19 PM IST | New York/Beirut/Tel Aviv
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے فوج کو جنوبی لبنان میں اپنی کارروائیوں کو وسیع تر کرنے کا حکم دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فوجی کارروائیاں تب تک جاری رہیں گی جب تک اسرائیل اپنے مقاصد حاصل نہیں کر لیتا۔
جنوبی لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں کا دائرہ وسیع ہوتا جارہا ہے جس کے نتیجےمیں شہریوں کی ہلاکتوں اور نقل مکانی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ تازہ رپورٹس کے مطابق، لبنان میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں اقوامِ متحدہ (یو این) کے امن دستے کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ، تین صحافیوں کی ہلاکت کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔
یو این کے سیکریٹری جنرل انتونیو غطریس نے لبنان میں تعینات یو این عبوری فورس (UNIFIL) میں خدمات انجام دینے والے ایک امن پسند اہلکار کے قتل کی مذمت کی ہے جو عدشیت القصير کے قریب اقوام متحدہ کی چوکی پر اسرائیلی حملے میں ہلاک ہوگیا۔ اس حملے میں دوسرا فوجی شدید زخمی ہوا۔ مہلوک انڈونیشیا سے تعلق رکھتا تھا۔ انڈونیشیا کی وزارت خارجہ نے فوجی اہلکار کی ہلاکت کی سخت مذمت کی ہے۔
اقوامِ متحدہ نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ عالمی ادارے نے تمام فریقین سے اپنے عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: حزب اللہ کے ۱۱۰۰؍ حملے، یمن سے ڈرون، کویت پر حملہ، جنگ پورے خطے میں پھیل گئی
اسرائیلی حملے میں ۳ صحافی ہلاک
ایک الگ واقعے میں، جنوبی لبنان میں جزین کے قریب ایک گاڑی کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملے میں ۳ صحافی ہلاک ہوگئے۔ متاثرین کی شناخت المنار کے نامہ نگار علی شعیب، المیادین کی نامہ نگار فاطمہ فتونی اور ان کے ساتھ سفر کرنے والے ایک کیمرہ مین کے طور پر ہوئی ہے۔
اسرائیلی فوج نے علی شعیب کی ہلاکت کا اعتراف کیا ہے لیکن دیگر دو ہلاکتوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی نے اطلاع دی کہ یہ حملہ البراد روڈ پر ایک گاڑی پر ہوا۔ واضح رہے کہ سنیچر سے اب تک لبنان میں ۴۲ سے زائد مقامات پر فضائی حملوں سمیت وسیع تر اسرائیلی جنگی کارروائیاں جاری ہیں۔ لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق، اس جارحیت کے نتیجے میں مارچ کے آغاز سے اب تک، ۱۱۴۲ افراد ہلاک اور ۳۳۰۰ سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: یروشلم چرچ رسائی تنازع: عالمی دباؤ پر اسرائیل کا یوٹرن
نیتن یاہو نے جنگی کارروائیوں میں توسیع کا حکم دیا
اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو نے اعلان کیا کہ انہوں نے فوج کو جنوبی لبنان میں اپنی کارروائیوں کو وسیع تر کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل ”شمال میں صورتحال کو بنیادی طور پر تبدیل کرنے“ کیلئے پرعزم ہے۔ ایک ویڈیو بیان میں نیتن یاہو نے کہا کہ فوجی کارروائیاں تب تک جاری رہیں گی جب تک اسرائیل اپنے مقاصد حاصل نہیں کر لیتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ افواج مسلسل شدت کے ساتھ کارروائی کریں گی۔