Inquilab Logo

حج۲۰۲۱ ء کیلئے غیر یقینی حالات ،پروازیں ۱۷؍ مئی سےقبل معمول پر نہیں آسکیں گی

Updated: February 11, 2021, 9:12 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

حج کمیٹی کے مطابق اس وقت تک کافی تاخیر ہوچکی ہوگی مگر ہماری تیاری جاری ہے، حج کی تیاریوں کے تعلق سےسعودی حکومت کے فیصلے کا بھی انتظار ہے

Hajj 2021 - Pic : INN
حج ۲۰۲۱ ۔ تصویر : آئی این این

کورونا وائرس اور اس سے پیدا شدہ حالات کے سبب حج۲۰۲۱ء کی ادائیگی کے لئے حالات غیر یقینی نظر آرہے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اب تک حج کے متعلق سعودی حکومت کی جانب سے کسی قسم کی وضاحت یا گائیڈ لائن جاری نہیں کی گئی ہے کہ حج۲۰۲۱ء کیسا ہوگا؟ محدود پیمانے پر لوگوں کو اجازت دی جائے گی یا پھر خدانخواستہ ۲۰۲۰ء جیسے حالات ہی برقرار رہیں گے؟ یہ سوال بھی اٹھ رہے ہیں کہ کیا  محض سعودی عرب میں مقیم لوگوں کو ہی حج بیت اللہ کی اجازت دی جائے گی؟ یہ حالات اس لئے بھی ہیں کہ سعودی حکومت کی جانب سے یہ کہا گیا ہے کہ پروازیں ۱۷؍ مئی کے بعد ہی معمول پر آئیں گی حالانکہ پہلے ہوائی خدمات۳۱؍ مارچ تک معمول پر آنے کا سعودی حکومت کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا ۔
  حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او ڈاکٹر مقصود احمد خان نے بتایا کہ’’۱۷؍ مئی سے پروازیں معمول پر آئیں گی اوراس وقت شوال المکرم کی ۴؍تاریخ ہوگی ،ظاہر ہے تب تک کافی تاخیر ہوچکی ہوگی ۔ چونکہ اب تک حج سے متعلق ہندوستان اور سعودی عرب کے مابین معاہدہ بھی نہیں ہوا ہے جبکہ عام حالات کی مناسبت سے اگر دیکھاجائے تو۱۵؍نومبرتک یہ عمل مکمل ہوجانا چاہئے تھا ،اس کےبعد حجاج کی رہائش کے انتظامات اوردیگرامور کی انجام دہی کی جاتی ہے لیکن سوائے عازمین سے درخواستیں منگوانے اور انہیںکور نمبر جاری کرنے کے حج ۲۰۲۱ءکے سلسلے میں مزیدکوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے اور نہ ہی آج تک سعودی حکومت کی جانب سے کوئی اشارہ دیا گیا ہےکہ کیا ہوگا ،بلکہ حج کا پورا پروسیس ٹھپ ہے۔‘‘
  حج کمیٹی کے سی ای او  کے مطابق  غیر یقینی حالات کی وجہ سے ہی حاجیوں کی درخواستوں کے بعد پیشگی رقم کی  ادائیگی کے لئے یا قرعہ اندازی کے ضمن میں حج کمیٹی نے درخواست دینے والے عازمین کومزیدہدایات نہیں دی ہیں۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ اپنے طور پر جو حج سے متعلق ملکی سطح پر تیاریاں کی جانی چاہئیں وہ جاری ہیں اورعازمین کو ویکسین لگانےکے سلسلے میں بھی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے افسران کے ہمراہ میٹنگ ہوچکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت ہند کی جانب سے ۵۰؍سال سےزائد عمر کے لوگوں کوٹیکہ لگانے کا ضابطہ مقرر کیاگیا ہے لیکن اگرسعودی حکومت کی جانب سے ۵۰؍سال سے کم عمر کے لوگوں کوبھی ٹیکہ لگانا ضروری قراردیا جاتا ہے توحج کمیٹی ایسے عازمین کے لئے بھی نظم کرے گی اوراس عمل میں بھی تاخیر نہیں ہوگی ۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK