Inquilab Logo

ملک میں بے روزگاری کے اعدادوشمار خوفناک ہیں، نوجوان خمیازہ بھگت رہے ہیں: کانگریس

Updated: March 27, 2024, 10:55 PM IST | New Delhi

ملکارجن کھرگے اورپرینکا گاندھی نے کہا کہ یہ حکومت بے حس ہوچکی ہے

Congress General Secretary Priyanka Gandhi
کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی

کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے بدھ کو بے روزگاری کے تازہ ترین اعداد و شمار کو خوفناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کے نوجوان مودی حکومت کی بے حسی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔کھرگے نے کہا’’ہمارے نوجوان مودی حکومت کی بے حسی کا خمیازہ بھگت رہے ہیں، کیونکہ مسلسل بڑھتی ہوئی بے روزگاری نے ان کا مستقبل تباہ کر دیا ہے۔ آئی ایل او اور آئی ایچ ڈی کی رپورٹیں حتمی طور پر بتاتی ہیں کہ ہندوستان میں بے روزگاری کا مسئلہ سنگین ہے اور ہم بے روزگاری کے بم  پر بیٹھے ہیں لیکن حکومت کے چیف اکنامک ایڈوائزر نے یہ کہہ کر اپنے پیارے لیڈر کا   دفاع کیا کہ حکومت بے روزگاری جیسے تمام سماجی اور  معاشی مسائل کو حل نہیں کر سکتی۔‘‘
 آئی ایل او کی تازہ ترین رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کھرگے نے کہا’’۸۳؍فیصد ہندوستانی نوجوان بے روزگار ہیں۔ دیہی علاقوں میں صرف ۱۷ء۵؍ فیصد نوجوان باقاعدہ کام میں مصروف ہیں۔ صنعت اور مینوفیکچرنگ کے شعبے میں ملازمت کرنے والے لوگوں کا حصہ ۲۰۱۲ء  سے۲۶؍ فیصد  پر ہی برقرار رہا ہے۔اقتصادی سرگرمیوں میں شامل نوجوانوں کی شرح۲۰۱۲ء  میں ۴۲؍فیصد سے کم ہوکر۲۰۲۲ء تک ۳۷؍ فیصد رہنے کی توقع ہے۔‘‘ 
  پرینکا گاندھی نے کہا ’’انڈین ایمپلائمنٹ رپورٹ۲۰۲۴ء  کے مطابق  ہندوستان کی کل افرادی قوت میں بے روزگاروں میں سے۸۳؍ فیصد نوجوان ہیں۔ کل بے روزگاروں میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کا حصہ۲۰۰۰ء میں ۳۵ء۲؍ فیصد تھا۔۲۰۲۲ء میں یہ ۶۵ء۷؍ فیصد ہو جائے گا۔ دوسری طرف وزیر اعظم کے چیف اکنامک ایڈوائزر کہہ رہے ہیں کہ حکومت بے روزگاری کا مسئلہ حل نہیں کر سکتی، یہ بی جے پی حکومت کی سچائی ہے۔آج ملک کا ہر نوجوان سمجھ چکا ہے کہ بی جے پی روزگار نہیں دے سکتی۔ ‘‘
  پرینکا گاندھی  نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے پاس نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا ایک ٹھوس منصوبہ ہے جس کے تحت۳۰؍ لاکھ سرکاری اسامیاں فوری طور پر پُر کی جائیں گی۔ہر گریجویٹ ڈپلوما ہولڈر کو ایک لاکھ روپے سالانہ کی اپرنٹس شپ دی جائے گی۔ ایک نیا سخت قانون ہوگا۔ پیپر لیک اور جی آئی جی ورکرز کے خلاف بنایا جائے گا ہم سماجی تحفظ کی گارنٹی  دیں گے اور اسٹارٹ اپس کیلئے۵؍ ہزارکروڑ روپے کا قومی فنڈ فراہم کریں گے۔کانگریس حکومت روزگار کے انقلاب کے ذریعے ملک کے نوجوانوں کے ہاتھ مضبوط کرے گی۔ اگر وہ مضبوط ہوں گے تو ملک مضبوط ہو گا۔

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK