Inquilab Logo

امریکہ : ایک ہفتے میں بے روزگاری الاؤنس کیلئے۹؍ لاکھ درخواستیں ،معیشت کی بحالی متاثر

Updated: October 20, 2020, 11:10 AM IST | Agency | Washington

دو ماہ کی مدت کےد وران بے روزگاری میں تاریخی اضافہ ، کورونا بحران کے نتیجے میںختم ہونے والی۲؍ کروڑ ۲۰؍ لاکھ ملازمتوں میں سے ایک کروڑ۷۰؍ لاکھ ملازمتیں بحال نہیں ہوسکیں

US Unemployment
کورونا اور لاک ڈاؤن کی پابندیوں سے امریکہ میں کروڑوں افراد روزگار اورملازمتوں سے محرو م ہوچکے ہیں

امریکہ میں گزشتہ ہفتے بے روزگاری الاؤنس کیلئے۸؍ لاکھ۹۸؍ ہزار امریکیوں نے درخواستیں دی ہیں جو کہ ۲؍ ماہ کے عرصے میں تاریخی اضافہ ہے۔ یہ اعداد و شمار اس بات کی بھی عکاسی کرتے ہیں کہ عالمی وبا کے دنوں میں ملازمتوں سے فارغ کیے جانا معیشت کی بحالی میں ایک بڑی رکاوٹ ہے۔امریکہ کے لیبر ڈپارٹمنٹ کی گزشتہ دنوں جاری کردہ رپورٹ دیگر حالیہ ڈیٹا سے مطابقت رکھتی ہے جن میں یہ اشارہ ملتا ہے کہ روزگار کی فراہمی سست روی کا شکار ہے۔
 رواں سال عالمی وبا کی وجہ سےکل ۲۲؍ ملین یعنی ۲؍ کروڑ۲۰؍لاکھ ملازمتیں ختم ہو گئی تھیںجن میں سے ایک کروڑ۷۰؍ لاکھ ملازمتیں ابھی تک بحال نہیں ہو سکی ہیں۔گزشتہ ماہ سے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد میں ملک بھر میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس کی وجہ سے امریکی اب باہر کھانا کھانے، شاپنگ اور دیگر تجارتی سرگرمیوں سے اجتناب برت رہے ہیں۔
 ملک بھر میں بے روزگاری مراعات کے لئے درخواستوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ دوسری جانب امدادی پیکیج یعنی کاروباروں میں جان ڈالنے کے منصوبے کے تحت رقوم کی فراہمی پر مذاکرات، ایوان کی سپیکر نینسی پیلوسی اور وزیرخزانہ  اسٹیو منوچن کے درمیان تعطل کا شکار ہیں۔ملازمتوں کی تلاش کیلئے’ اِنڈیڈ‘ نامی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ اس میں ملازمتوں سے متعلق اشتہارات کی تعداد میں گزشتہ ہفتے کمی نہیں ہوئی۔ تاہم یہ اعداد گزشتہ سال کے مقابلے ۱۷؍ فیصد کم ہیں۔ بہت سے آجر ابھی تک اپنے کاروبار کے بارے میں یا بھرتیوں میں تیزی لانے کے لیے معیشت کے حوالے سے زیادہ پراعتماد نہیں ہیں۔
 ویب سائٹ اِنڈیڈ سے وابستہ ماہر معیشت، این الزبتھ کونکیل کہتی ہیں کہ مزید بحالی کا عمل رُک گیا ہے۔ تعطیلات کے دوران بھرتیاں سست روی کا شکار ہیں، اور بہت سے کاروباروں کو سرد موسم میں اپنے کاروبار میں تبدیلیاں کرنی ہوں گی۔معاشی بحران نے خصوصی طور پر ریستوران، ہوٹلوں، ٹراویل کمپنیوں اور  تفریح کی صنعتوں کو سخت نقصان پہنچایا ہے۔ ان صنعتوں کو پہنچنے والے نقصان سے لاکھوں افراد بے روزگار ہوئے ہیں اور یہ بے روزگاری اس وقت تک برقرارر ہے گی جب تک ملازمین کو واپس ملازمت پر نہیں بلایا جاتا یا وہ اپنا پیشہ تبدیل نہیں کر لیتے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK