بہت سارے لوگوں نے شکایت کی کہ سرکاری بسوں کی تعداد کم تھی اور جو چل رہی تھیں وہ ناکافی ثابت ہورہی تھیں۔
EPAPER
Updated: August 29, 2026, 11:40 AM IST | Agency | Prayagraj
بہت سارے لوگوں نے شکایت کی کہ سرکاری بسوں کی تعداد کم تھی اور جو چل رہی تھیں وہ ناکافی ثابت ہورہی تھیں۔
رکشا بندھن کے موقع پر یوگی حکومت کی جانب سے خواتین کو دی گئی مفت بس سفر کی سہولت سے جمعہ کو پریاگ راج میں بڑی تعداد میں خواتین نے فائدہ اٹھایا۔رکشا بندھن کے موقع پر۲۷؍ سے۲۹؍ اگست تک خواتین کو ایک ساتھی مسافر کے ساتھ بسوں میں مفت سفر کی سہولت دی جا رہی ہے۔اسی کا اثر تھا کہ جمعرات اور جمعہ کو سرکاری بسوں میں زبردست بھیڑ دیکھی گئی۔ سوشل میڈیا پر یہ بھی دعوے کئے گئے کہ بسوں کی کمی کا مسئلہ رہا اور کئی خواتین کو بسوں کیلئے گھنٹوں انتظار کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھئے: ایران نے ٹرمپ کے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے پر ذہنی مریض قرار دیا
رپورٹ کے مطابق پریاگ راج میں اس سہولت کا فائدہ اٹھانے کے لیے بس اسٹینڈ اور اہم بس اڈوں پر خواتین کی بھیڑ نظر آئی۔ سی ایم پی کے سامنے واقع ودیا واہنی بس اسٹینڈ پر خواتین، بچوں اور نوجوان لڑکیوں کی بڑی بھیڑ رہی۔ بڑی تعداد میں خواتین خاندان کے ساتھ بسوں سے سفر کرنے پہنچیں اور حکومت کی جانب سے دیے گئے رکشا بندھن کے تحفے کا فائدہ اٹھایا۔ مفت سفر کی سہولت پر خواتین میں خاصا جوش و خروش دیکھا گیا۔ حکومت کی جانب سے رکشا بندھن کے پیش نظر۲۷؍ سے۲۹؍ اگست تک خواتین اور ان کے ایک ساتھی مسافر کو مفت بس سفر کی سہولت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ۶۰؍ سال سے زیادہ عمر کی خواتین کیلئے لوک ماتا اہلیہ بائی ماتری شکتی یاترا اسکیم کے تحت تاحیات مفت بس سفر کا انتظام کیا گیا ہے۔ خواتین آدھار کارڈ، ووٹر شناختی کارڈ یا ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے دستیاب اسمارٹ کارڈ کے ذریعے اس سہولت کا فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔