Inquilab Logo

جتیندر اوہاڑ کے بیان پر ہنگامہ، جگہ جگہ احتجاج

Updated: January 05, 2024, 12:07 PM IST | Agency | Mumbai

این سی پی (شرد) لیڈر نے بھگوان رام کو ’گوشت خور‘ بتایا ، بی جے پی، شندے گروپ، اجیت گروپ کے علاوہ اپنی پارٹی میں بھی تنقیدیں۔

Jitendra Ahwad. Photo: INN
جتیندر اوہاڑ۔ تصویر : آئی این این

این سی پی (شرد) کے رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ کے ایک بیان نے مہاراشٹر کے سیاسی حلقوں میں تہلکہ مچا دیا ہے۔ خاص کر بی جے پی اور شیوسینا (شندے) ان کے بیان کی سخت مخالفت کر رہی ہیں۔ اوہاڑ کا کہنا ہے کہ بھگوان رام بھی گوشت خور تھے۔ وہ بن باس کے دوران جنگل میں شکار کرکے کھایا کرتے تھے۔ ان کے اس بیان کے خلاف بی جے پی اور شیوسینا (شندے) نے مختلف مقامات پر احتجاج کئے ہیں اور ان کے خلاف پولیس میں شکایت بھی درج کروائی ہے۔ 
اطلاع کے مطابق جتیندر اوہاڑ ناسک سے قریب شیرڈی میں منعقدہ این سی پی کے ۲؍ روز اجلاس میں پارٹی کارکنان سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران بھگوان رام کے نام پر سیاست کے پس منظر میں بی جے پی پرتنقید کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا ’’رام بہوجنوں ( دلتوں ) کے تھے۔ وہ شکار کر کے کھایا کرتے تھے۔ وہ بہوجنوں کے تھے۔ رام کا نام لے کر آج ہم پر سبزی خوری کو تھوپا جا رہا ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ رام بن باس کے دوران شکار کرکے ہرن کا گوشت کھایا کرتے تھے۔‘‘ ان کے اس بیان پر ہنگامہ کھڑا ہو گیا۔ بی جے پی، شیوسینا ( شندے) اور این سی پی ( اجیت) سبھی ان کے خلاف میدان میں آ گئے۔ حتیٰ کہ ان کی اپنی پارٹی این سی پی (شرد) کے ایکناتھ کھڑسے نے بھی انہیں نصیحت کر ڈالی۔
رام کدم کا اوہاڑ کی گرفتاری کا مطالبہ 
 ممبئی کے گھاٹکوپر سے بی جے پی کے رکن اسمبلی رام کدم نے جتیند اوہاڑ کے خلاف احتجاج کیا اور کہا ’’ جتیندر اوہاڑ یہ ثابت کریں کہ رام گوشت خور تھے ورنہ رام بھکتوں سے معافی مانگیں ۔‘‘ انہوں  نے کہا ایودھیا میں ۲۲؍ جنوری کو رام مندر کا افتتاح ہے۔ اس کی وجہ سے اوہاڑ کے پیٹ میں درد ہو رہا ہے۔ ‘‘ کدم نے گھاٹکوپر پولیس اسٹیشن میں اوہاڑ کے خلاف شکایت درج کروائی ہے اور انہیں فوری طور پر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ 
 اوہاڑ کے گھر کے باہر آرتی 
اس دوران این سی پی ( اجیت) کے کارکنان بھی جتیندر اوہاڑ کے خلاف میدان میں اتر آئے ہیں۔ جمعرات کو کچھ پارٹی کارکنان نے تھانے میں رکن اسمبلی کے گھر کے باہر آرتی کرنے کی کوشش کی جنہیں پولیس نے وہاں سے ہٹادیا۔ اس کی اطلاع خود جتیندر اوہاڑ نے ٹویٹ کے ذریعے دی۔ این سی پی (اجیت) کے تھانے صدر آنند پرانجپے نے اوہاڑ پر تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر ۲۴؍ گھنٹوں کے اندر جتیندر اوہاڑکو گرفتار نہ کیا گیا تو’’ ہم ورتک نگر پولیس اسٹیشن پر مہاآرتی کریں گے۔ ‘‘
پونے میں اوہاڑ کے خلاف احتجاج
پونے میں بی جے پی کارکنان نے جتیند اوہاڑ کے خلاف احتجاج کیا۔ انہوں نے فوری طور پر رکن اسمبلی کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس دوران کچھ کارکنان نے ہاتھوں میں بینر اٹھا رکھے تھے جن پر جتیندر اوہاڑ کی تصویر تھی۔ جبکہ دیگر کارکنان اس تصویر پر جوتے مار رہے تھے۔ اوہاڑ کے خلاف جم کر نعرے بھی لگائے گئے۔ 
 اپنی ہی پارٹی سے مخالفت کا سامنا ؟
بی جے پی، شیوسینا(شندے) اور این سی پی (اجیت ) کی جانب سے جتیندر اوہاڑ کی مخالفت تو جاری ہی ہے اس دوران انہیں خود اپنی پارٹی سے بھی تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شردپوار کے پوتے اور نوجوان رکن اسمبلی روہت پوار نے جتیندر اوہاڑ کو نصیحت کی ہے کہ وہ بلاوجہ متنازع بیانات دے کر مسائل کھڑے نہ کریں بلکہ، بے روزگار، مہنگائی اور دیگرمسائل پرآواز اٹھا کر عوام کا ساتھ دیں ۔ اسی طرح پارٹی کے بزرگ لیڈر ایکناتھ کھڑسے نے اوہاڑ کو نصیحت کی ہے کہ ’’میں ان کا بزرگ ہونےکے ناطے انہیں مشورہ دینا چاہتاہوں کہ وہ اس طرح کے متنازع بیانات نہ دیں ، کم از کم ایسے موقع پر جبکہ الیکشن سر پر ہوں اس طرح کے بیانات سے گریز کریں۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK