Inquilab Logo

عراق میں امریکہ اور لبنان میں اسرائیل کے فضائی حملے

Updated: February 09, 2024, 12:38 PM IST | Agency | Baghdad

مشرقی بغداد میں نیم فوجی دستہ کی ایک کارکو نشانہ بنایاگیا، جنوب مشرقی لبنان میں حزب اللہ کے دو جنگجو اور ایک شہری کی موت۔

A photo of the aftermath of an Israeli airstrike in southeastern Lebanon. Photo: INN
جنوب مشرقی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملے کے بعد کی تصویر۔ تصویر : آئی این این

مشرقی بغداد میں بدھ کو نیم فوجی ’حشد شعبی فورس‘  کی ایک کار پر ڈرون حملے میں کم از کم ۳؍ افراد ہلاک ہو گئے۔ وزارت داخلہ کے ایک ذرائع نے یہ اطلاع دی۔ ذرائع نے بتایا کہ یہ حملہ شام کے وقت ہوا جب ایک ڈرون نے المشتل کے آس پاس نیم فوجی دستوں کی ایک گاڑی پر بمباری کی۔ دھماکے کے باعث آگ لگ گئی اور گاڑی میں موجود۳؍ افراد ہلاک ہو گئے۔ عراقی سیکوریٹی فورسیز نے جائے وقوعہ کو سیل کر دیا ہے۔ ذرائع نے کار میں مارے گئے افراد میں سے ایک کی شناخت ابو باقر السعدی کے طور پر کی ہے جو مسلح گروپ کتائب حزب اللہ کا کمانڈر تھا۔ ذرائع کے مطابق حملے کے بعد عراقی سیکوریٹی فورسیز نے کسی بھی سیکوریٹی کی خلاف ورزی کے پیش نظر، بھاری قلعہ بندی والے گرین زون کے ارد گرد حفاظتی اقدامات سخت کردیئے، جس میں امریکی سفارت خانے سمیت کچھ اہم سرکاری ادارے اور غیر ملکی سفارتی مشنز موجود ہیں۔ عراقی جوائنٹ آپریشنز کمانڈ نے اپنے منسلک میڈیا آؤٹ لیٹ سیکورٹی میڈیا سیل کے ذریعہ ایک بیان میں کہا کہ مقامی وقت کے مطابق رات ۹؍ بج کر ۳۵؍ پر المشتل محلے میں ایک ڈرون نے ایک شہری کار کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار افراد مارے گئے۔ دریں اثناء امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایکس پرایک پوسٹ میں کہا کہ اس کی فورسیز نے بغداد کے وقت کے مطابق رات۳۰: ۹؍ بجے یکطرفہ حملہ کیا، جس میں حزب اللہ کا ایک کمانڈر مارا گیا جو خطے میں امریکی افواج پر حملوں کی براہ راست منصوبہ بندی اور اس میں حصہ لینے کا ذمہ دار تھا۔ 
لبنان میں اسرائیلی حملے میں ۳؍ افراد جاں بحق
 جنوب مشرقی لبنان کے خیام اور بنی حیان میں اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے دو جنگجو اور ایک شہری کی موت ہوگئی اور ۵؍ دیگر زخمی ہو گئے۔ لبنانی طبی اور سیکوریٹی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیل نے خیام پر۱۱؍، بنی حیان پر چاراور جنوب مغربی لبنان کے علاقوں پر پانچ حملے کیے۔ اس کے علاوہ ۱۶؍ قصبوں اور دیہاتوں میں تقریباً ۷۵؍ گولے داغے اور ۱۲؍ مکانات تباہ کردئے نیز ۳۷؍ دیگر کو نقصان پہنچایا۔ ایک اسرائیلی ڈرون نے جنوب مشرقی گاؤں الوزانی میں پینے کے پانی کے پمپنگ اسٹیشن کو بھی دو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ 
لبنان اور اسرائیل کے درمیان معاہدہ کی خبریں غلط: امریکی اہلکار
 لبنان اور اسرائیل کے درمیان معاہدے کی خبروں کے بعد ایک امریکی اہلکار نے انہیں جھوٹی قرار دیا۔ انہوں نے العربیہ کو بتایا کہ سینئر امریکی حکام سرحد پر امن بحال کرنے کی کوششوں کی قیادت کر رہے ہیں اور ایسا کرنے کے لیے تمام سفارتی آپشنز تلاش کر رہے ہیں۔ ’ایکسیس‘ نے منگل کو اسرائیلی حکام اور ذرائع کے حوالے سے کہا تھا کہ امریکہ اور اسکے چار یورپی اتحادی امید کرتے ہیں کہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان ایک سیریز معاہدہ کا اعلان کریں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK