Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ چین کا تعلقات میں استحکام اور تعاون پر اتفاق

Updated: May 15, 2026, 1:16 PM IST | Beijing

بیجنگ میں امریکہ اورچین کے صدور کی اہم ملاقات،ٹرمپ نے کہا کہ شی جن پنگ عظیم لیڈر ہیں ،ان سےملاقات میرے لئے اعزاز ہے، دونوںملکوںکے سربراہان نے آبنائے ہرمز کو کھولے جانے پر اتفاق کیا،شی جن پنگ نے کہاکہ مل کر کام کریں تو بہتر نتائج حاصل ہوں گے۔

Host President Xi Jinping welcomes his US counterpart Trump at the state dinner. Photo: INN
سرکاری عشائیہ کے موقع پرمیزبان صدر شی جن پنگ، اپنےامریکی ہم منصب ٹرمپ کا خیرمقدم کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

چین کے دورہ پر دوسرے دن جمعرات کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کیا۔ جس میں  ٹرمپ نے کہا ہے کہ’’ شی جن پنگ سے ملاقات کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔‘‘ انہوں نے چینی صدر کو ایک عظیم لیڈر قرار دیا۔چینی صدر کے ساتھ وفود کی سطح پر ملاقات کے دوران امریکی صدر نے کہا کہ امریکہ اور چین کے تعلقات ہمیشہ اچھے رہے ہیں اور جب بھی دونوں ممالک کو کسی مشکل صورتحال کا سامنا ہوا، اسے مل بیٹھ کر جلد حل کر لیا گیا۔ٹرمپ نے کہا کہ لوگ دونوں لیڈران کی گفتگو کے شدت سے منتظر ہیں اور امریکہ۔چین تعلقات اب پہلے سے کہیں زیادہ بہتر ہونے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شی جن پنگ کے ساتھ ان کے تعلقات ہمیشہ انتہائی شاندار رہے ہیں۔امریکی صدر کے مطابق اس تاریخی سربراہی ملاقات کا سب سے بڑا اور بنیادی مرکز باہمی تجارت ہوگا۔بیجنگ میں ٹرمپ نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان آنے والی کئی دہائیوں تک مضبوط اور بہترین تعلقات قائم رہیں گے۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ اپنے ساتھ دنیا کے بہترین کاروباری لیڈران کو چین لے کر آئے ہیں۔یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب امریکہ اور چین کے درمیان تجارت، ٹیکنالوجی، توانائی اور عالمی سلامتی سمیت کئی اہم معاملات پر مذاکرات جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: سی آئی اے چیف کا دورہ ہوانا، کیوبا کا امریکہ کی۱۰۰؍ ملین ڈالرامدادی پیشکش پرغور

واضح ہوکہ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں جمعرات کی صبح امریکہ اور چین کے درمیان اعلیٰ سطحی سربراہی اجلاس کا آغاز ہوا، جہاں چینی صدر شی جن پنگ اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے گریٹ پیپل  ہال میں ملاقات کی۔ اجلاس کے آغاز پر شی جن پنگ نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے تعلقات میں استحکام اور مشترکہ کامیابی کے لیے ایک نیا راستہ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ واشنگٹن اور بیجنگ مل کر بہتر نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔شی جن پنگ نے امریکی کاروباری شخصیات کے وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ چین کے دروازے دنیا کیلئے  مزید وسیع انداز میں کھلیں گے اور امریکی کمپنیوں کے لیے چینی منڈی میں روشن مواقع موجود ہیں۔چینی سرکاری میڈیا کے مطابق شی جن پنگ نے امریکہ کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعاون مضبوط بنانے کا خیر مقدم کیا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط عالمی معیشت کے استحکام اور ترقی کے لیے انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: الامین جمال کے فلسطین سے اظہارِ یکجہتی پر اسپین کو فخر ہے: وزیراعظم پیڈرو سانچیز

دوسری جانب وہائٹ ہائوس کےمطابق امریکی صدر ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان آبنائے ہرمز کھلی رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔بیجنگ میں ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے صدور نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ توانائی کی آزادانہ ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے آبنائے ہرمز کھلی رہنی چاہیے۔ دریں اثناءچینی صدر شی جن پنگ نے امریکی صدر ٹرمپ کو خبردار کیا ہے کہ اگر تائیوان کے معاملے کو غلط انداز میں نپٹایا گیا تو چین اور امریکہ کے درمیان تصادم ہو سکتا ہے۔چین کے سرکاری ٹی وی کے مطابق شی جن پنگ نے کہا کہ تائیوان کا مسئلہ چین۔امریکہ تعلقات میں سب سے اہم معاملہ بن چکا ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس معاملے کو درست طریقے سے نہ سنبھالا گیا تو دونوں ممالک آپس میں ٹکرا سکتے ہیں۔بیجنگ طویل عرصے سے تائیوان کو اپنا حصہ قرار دیتا رہا ہے، جبکہ چین نے بدھ کے روز ایک بار پھر تائیوان کو امریکی ہتھیاروں کی فروخت کی شدید مخالفت کا اعادہ کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK