امریکہ میں شدید برفانی طوفان نے نظام زندگی منجمد کردیا، برفباری کے باعث مختلف حادثات میں۳۰؍ افراد ہلاک ہوگئے۔ واشنگٹن، نیویارک، ٹیکساس، اوکلاہوما، نیوجرسی سمیت درجنوں ریاستوں میں سرد ہواؤں کے ساتھ شدید برف باری اور بارش جاری ہے۔
EPAPER
Updated: January 27, 2026, 11:33 PM IST | Washington
امریکہ میں شدید برفانی طوفان نے نظام زندگی منجمد کردیا، برفباری کے باعث مختلف حادثات میں۳۰؍ افراد ہلاک ہوگئے۔ واشنگٹن، نیویارک، ٹیکساس، اوکلاہوما، نیوجرسی سمیت درجنوں ریاستوں میں سرد ہواؤں کے ساتھ شدید برف باری اور بارش جاری ہے۔
امریکہ میں شدید برفانی طوفان نے نظام زندگی منجمد کردیا، برفباری کے باعث مختلف حادثات میں۳۰؍ افراد ہلاک ہوگئے۔ واشنگٹن، نیویارک، ٹیکساس، اوکلاہوما، نیوجرسی سمیت درجنوں ریاستوں میں سرد ہواؤں کے ساتھ شدید برف باری اور بارش جاری ہے۔ برفانی طوفان کے باعث امریکہ بھر میں۱۹؍ ہزار پروازیں منسوخ ہوگئیں ، واشنگٹن میں وفاقی دفاتر بند ہیں۔ آرکنساس سے نیو انگلینڈ تک ایک فٹ سے زائد برف پڑ چکی ہے، شدید خراب موسم کے باعث سڑکیں اور تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ۔ پٹسبرگ کے شمالی علاقوں میں۲۰؍ انچ تک برف باری ریکارڈ کی گئی جبکہ درجہ حرارت منفی۳۱؍ ڈگری تک گر گیا۔ کچھ علاقوں میں دہائیوں کی شدید ترین سردی محسوس کی گئی۔ نیویارک سٹی میں۸؍ افراد کی لاشیں کھلے مقامات سے ملی ہیں۔ بارش اور برفانی طوفان کے باعث ۱۰؍ لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہیں،۴۴؍ ریاستوں کے تقریباً۲۰؍ کروڑ افراد کے لیے شدید ترین ٹھنڈ کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔۲۴؍ ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید شدید سردی اور ممکنہ طور پر ایک اور برفانی طوفان مشرقی ساحلی علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق ’یو ایس نیشنل ویدر سروس‘ نے امریکیوں سے کہا ہے کہ آئندہ کچھ دنوں تک ایسا ہی موسم رہے گا۔نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے کہا کہ ۵؍افراد ہفتے کے آخر میں باہر منجمد درجہ حرارت میں مردہ پائے گئے۔ اگرچہ انہوں نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ اموات موسم سے متعلق تھیں، لیکن انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ شدید سردی کے خطرے کی اس سے زیادہ نتیجہ کوئی نہیں ہو سکتا۔
ٹیکساس میں حکام نے سلائیڈنگ کے حادثے میں جان گنوانےوالی۱۶؍ سالہ لڑکی سمیت ۳؍ اموات کی تصدیق کی۔جنوبی ریاست کے محکمہ صحت نے بتایا کہ لوزیانا میں ۲؍ افراد ہائپوتھرمیا سے جان گنوابیٹھے۔بجلی کی فراہمی سے متعلق ایک ویب سائٹ کے مطابق اتوار کی رات تک ۸؍ لاکھ۴۰؍ ہزار سے زیادہ صارفین بجلی سے محروم تھےجن کی اکثریت امریکہ کے جنوب میں ہے، جہاں طوفان نےسنیچر کو شدت اختیار کی۔ برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے بتایا کہ اتوار کو اوہائیو ویلی اور مڈ ساؤتھ سے لے کر نیو انگلینڈ تک شدید برف باری، ژالہ باری اور بارش سے متاثر ہوئے۔ شدید سردی کے نتیجے میں نظام زندگی معطل ہو کر رہ گیا۔امریکہ کے مشرق میں ایک تہائی حصے کے بیشتر علاقوں میں طوفان وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔طوفان سے۱۱؍ کروڑ۸۰؍ لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔