Inquilab Logo

اورنگ آباد کے کال سینٹر پر اتراکھنڈ پولیس کی کارروائی،قرض وصولی کے نام پر بلیک میلنگ کا معاملہ

Updated: January 21, 2023, 4:59 PM IST | Aurangabad

پیٹھن گیٹ علاقے میں واقع یش انٹرپرائزیس سے سم کارڈ،موبائل اور ۱۰؍ٹیلی کالر ضبط کئے گئے اور نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے

A call center named Yash Enterprises is running in this building
اس عمارت میں یش انٹرپرائزیس نامی کال سینٹر جاری ہے

 موبائل لون فریب دہی معاملے میں اتراکھنڈ پولیس نے اورنگ آباد میں چھاپہ مار کارروائی کی ہے۔ تصاویر میں چھیڑچھاڑ کرکے شہریوں سے روپے اینٹھنے کے معاملے میں اتراکھنڈ پولیس تفتیش کیلئے یہاں پہنچی  اور اس نے مقامی پولیس اور انتظامیہ کی مدد سے یہاں جاری کال سینٹر کو بھی ختم کردیا۔
 تفصیلات کے مطابق یہاں کے   پیٹھن گیٹ علاقے میں واقع یش انٹرپرائزیس نامی کال سینٹر پر کارروائی کی گئی ہے۔ اس کے پاس روپی ایپ سے قرض لینے والوںسے وصولی کا ٹھیکہ ہے ۔ یہاں ۳؍ شفٹ میں ۲۰۰؍سے ۳۰۰؍  لڑکے کام کررہے ہیں۔  روپی بینک نے اس کال سینٹر کو قرض وصولی کے کام کا ٹھیکہ دیا ہوا ہے۔ اتراکھنڈ پولیس اس کال سینٹر کی تفتیش کیلئے اورنگ آباد آئی۔ اس کا الزام ہے کہ اس کال سینٹر سے قرض لینے والوں کو فون کیا جارہا ہے اور دھمکی دی جارہی ہے۔ اتراکھنڈ پولیس کی ٹیم نے اورنگ آباد پولیس  اور سائبر سیل سے اس معاملے کی تفتیش میں مدد لی ۔ پولیس نے چھاپہ مارکر کال سینٹر سے استعمال شدہ سم کارڈ اور موبائل ضبط کئے ہیں۔ کال سینٹر کے مالک کے کیبن سے دو تلواریں اور ایک ایئر گن بھی برآمد کی گئی ہے۔ اورنگ آباد پولیس کی جانب سے جاری کردہ  بیان کے مطابق ۱۸؍ جنوری کو اتراکھنڈ کے دہرادون سائبر سیل پولیس کا دستہ تفتیش کے لئے اورنگ آباد آیا تھا۔ اِنسٹنٹ لون ایپ سے قرض لینے والوں کو بلیک میل کرنے اور دھمکانے کی کئی شکایتیں انکے پاس درج ہیں۔ اتراکھنڈ پولیس نے اس معاملے میں اورنگ آباد پولیس سے تعاون کی گزارش کی ۔ جس کے بعد پولیس ٹیم نے پیٹھن گیٹ علاقے میں یش انٹرپرائزیس پر چھاپہ مارا اور یہاں سے ۲۳؍ سم کارڈ، ۵؍ موبائل ہینڈ سیٹ، ۱۰؍ ٹیلی کالر ضبط کئے اور ٹیم لیڈرکو سی آرپی سی دفعہ ۴۱؍ کے تحت نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK