Inquilab Logo

وسئی: قبرستان معاملہ میں سیاست اور شرانگیزی حاوی، تعمیراتی کام روکنے کا حکم

Updated: March 15, 2023, 1:31 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ٹھیکیدار کو ۳۱؍مارچ تک کام روکنے کاتحریری حکم دیا گیا لیکن کوئی معقول وجہ نہیں بتائی گئی۔ مقامی مسلمان شہری انتظامیہ سے ناراض

A police guard is seen outside Sun City Cemetery in Vasai.
وسئی کے سن سٹی قبرستان کے باہر پولیس کا پہرہ نظر آرہا ہے۔ (تصویر: انقلاب)

یہاںسن سٹی قبرستان کے ریزرو پلاٹ پر سیاست اورشرانگیزی حاوی دکھائی دے رہی ہے ،نتیجہ یہ ہےکہ تعمیراتی کام روکنے کاحکم دیا گیا ہے۔ وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ۳۱؍مارچ تک کام روکنے کا ٹھیکیدارکوتحریری حکم دیا گیاہے ۔قبرستان کے پلاٹ پرتعمیراتی کام کے خلاف ۲۶؍فروری کو سکل ہندو سماج کی جانب سے ’جن آکروش‘ مورچہ نکالا گیا تھا۔اس کے بعد سے کسی نہ کسی انداز میںشرانگیزی کی جاتی رہی اسی لئے احتیاط کے طور پرگیٹ پرپولیس کا بندوبست کردیا گیا تھا ۔ اب یہ نیا تماشہ کیا گیاہے کہ کام روکنے کاحکم دیا گیا ہے اوراس کی کوئی خاص وجہ بھی نہیں بتائی گئی ہےکہ کیوں منع کیا جارہا ہے اورکام کس بنیاد پرروکا جارہا ہے۔
وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن نے کیا ہدایت دی ہے
 وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن کے کارگزار انجینئرکی دستخط سے بحکم میونسپل کمشنر جاری حکم نامے میںلکھا گیا ہے کہ موضع دیوان مان گاؤں سروے نمبر۱۷۶؍اور۱۷۷؍پر جو دفن بھومی کیلئے مختص ہے ،پرتعمیراتی کام کیا جارہا تھا،اسے فوری طور پرروکا جائے۔یہ پربھاگ سمیتی ’ایچ ‘ میں آتا ہے۔ اس پرتعمیراتی کا م کیلئے میونسپل کارپوریشن کی جانب سےآرڈر دیا گیا تھالیکن اب اسے ۳۱؍ مارچ تک روکا جارہا ہے اس لئے کام فوری طور پر روک دیاجائے اور بغیر اجازت کام شروع نہ کیا جائے۔یہ خط مقامی پولیس کے سینئرانسپکٹر اورسکل ہندوسماج کے راکیش دینا ناتھ پال کو بھی دے کر ان کو آگاہ کروایا گیاہے کہ کام روک دیا گیا ہے۔
 یادرہے کہ وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن کی جانب سے اکتوبر ۲۰۲۲ء میںسن سٹی قبرستان کے تعمیراتی کام کیلئے ایک کروڑ۷۵؍ لاکھ ۲۶؍ہزار ۳۶۴؍روپے فنڈ پاس کیا گیاتھا اور کام کیلئے منظوری دیتے ہوئے ٹھیکیدار کو ایک سال میںکام کرنے کی ہدایت دی گئی تھی ۔ اس وقت باؤنڈری کی تعمیر کا کافی کام ہوچکا ہے۔
سیاست کرنے  اورمسلمانوں کوبیوقوف بنانے کاالزام 
 مقامی مسلمانوں نے پہلے بھی اس خدشے کااظہارکیا تھا اور اب جبکہ تعمیراتی کام روک دیا ہے تو اس کے تعلق سے  ان کا کہنا ہےکہ اس معاملے میںدونوں جانب سے سیاست کی جارہی ہے اورمسلمانوں کوبیوقوف بنایا جارہا ہے۔ جان بوجھ کراس معاملے کوالجھایا جارہا ہے تاکہ پہلے کی طرح پھر یہ معاملہ معلق ہوجائے  ورنہ جب سب کچھ ہوگیا، جگہ ریزرو ہوگئی ،فنڈ مختص کردیا گیا، ٹینڈر جاری کرنے کےبعد تعمیراتی کامو ںکیلئے ٹھیکیدار کاانتخاب ہوگیا اور اب چہار دیواری کاکام تقریباً مکمل ہونے والا ہے  پھر یہ تماشہ شروع کیا گیا اورجن آکروش مورچے کےبعد سے کسی نہ کسی انداز میں رخنہ اندازی جاری رکھی گئی ۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کام رکوا دیا گیا ۔ اس لئے اگرواقعی سیاست دانوں اورشہری انتظامیہ کی نیت درست ہوتی اوروہ کا م مکمل کروانا چاہتا تونہ تو جن آکروش مورچہ کوئی معنیٰ رکھتا ا ور نہ ہی سیاست کی گنجائش رہتی ۔بعض لوگوں کایہ بھی کہنا ہے کہ یہ سب کچھ میونسپل الیکشن کے پیش نظرکیا جارہا ہے اورجان بوجھ کر الجھایا جارہا ہے کہ ہندو مسلم دونوں طبقات کوخوش رکھا جاسکے لیکن اب لوگ بھی سمجھنے لگے ہیںکہ کس طرح گمراہ کیا جارہا ہے اورکس طرح قبرستان کےنام پرسیاست کی جارہی ہے۔
’’۳۱؍مارچ کےبعد دیکھیںگے ،گھبرائیے مت ‘‘
 وسئی قبرستان کے تعلق سے کوشاں رہنے والوں میں شامل فضل حق نے اس نمائندے کوبتایا کہ ’’ اس تعلق سے مقامی رکن اسمبلی ہتیندر ٹھاکور سےتین دن قبل ایک وفد نےملاقات کی ،اس کےبعد دوسرے وفد نے پھرملاقات کی توانہوں نےکہاکہ’’ ۳۱؍مارچ تک رُکئے، ا س کے بعد دیکھیںگے، آپ لوگ گھبرائیے مت ۔‘‘ شرکاء وفد کا کہنا ہے کہ اس میںگھبرانے کی بات نہیںہے لیکن سوال یہ ہے کہ جب ایک کام ضابطوں کی تکمیل کےبعد ہورہا تھا تواس میںاچانک رخنہ اندازی کیوں کی گئی ؟اس لئے خدشہ یہ بھی ہے کہ کہیں ۳۱؍ مارچ کےبعد پھرپہلے کی طرح معاملہ التواء میںنہ ڈال دیاجائے۔

vasai Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK