Inquilab Logo

وی بی اے کی بلقیس بانو کے حق میںریاست گیر دستخطی مہم

Updated: September 22, 2022, 9:55 AM IST | latur

ونچت بہوجن اگھاڑی کی خاتون وِنگ کی ریاستی صدر ریکھا ٹھاکر نے لاتور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلقیس بانو کے مجرموں کو رِہاکرنے کے گجرات سرکار کے فیصلہ نے عدالتی نظام ا ورآئین کے وجودپر سوالیہ نشان لگادیاہے، مہم کے تحت سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو بھی مکتوب بھیجنے کا فیصلہ

Rekha Thakur while addressing the rally
ریکھا ٹھاکر جلسے سے خطاب کے دوران


 لاتور: بلقیس بانو کی اجتماعی عصمت ریزی  کے مجرموں کو گجرات حکومت کی جانب سے رہا کئے جانے کے فیصلے کو ناقابل قبول قراردیتے ہوئےونچت بہوجن اگھاڑی کی لیڈیز ونگ کی ریاستی صدر ریکھا ٹھاکر  نے   اس فیصلے کے خلاف پوری ریاست میں دستخطی مہم چلا نے کا اعلان کیا ہے۔ ریکھا ٹھاکر نے لاتور میں اجلاس عام سے خطاب کے دوران گجرات حکومت کے فیصلے پر سخت الفاظ میں تنقید کی  ۔
 انہوں نے کہا کہ بلقیس بانو کے مجرموں کو رِہاکرنے کے گجرات حکومت کے فیصلہ نے ملک میں عدالتی نظام  اورآئین کے وجودپر سوالیہ نشان لگادیاہے ۔وہیں دوسری طرف  اس فیصلے سے یہ بھی واضح ہوگیا کہ عورتوں کی عزت اور ان کے وقار کی بی جے پی کے نزدیک کیا اہمیت ہے ۔عورتوں کے حقوق کے تحفظ کی بات کرنے والی بی جے پی کے دعوؤں میں کتنی سچائی ہے، اس کا بھی پردہ فاش ہوگیاہے ۔اس لئے بلقیس بانو کے مجرموں کو رہا کرنے سے متعلق گجرات حکومت کے فیصلہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اس معاملے میں ونچت بہوجن اگھاڑی خاموش نہیں بیٹھے گی بلکہ اس کیخلاف پوری ریاست میں دستخطی مہم چلائی جائے گی ۔ونچت بہوجن اگھاڑی کے شعبہ خواتین کے ذریعے یہ مہم چلائی جائے گی۔ اس مہم کے تحت سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے نام ایک مکتوب لکھا جائے گاجس میں بلقیس بانو کے مجرموں کی رہائی کے فیصلے کو منسوخ کرکے انہیں پھر سے عمر قید کی سزا سنانے کا مطالبہ کیا جائے گااو ر اس مکتوب کے حق میں لاکھوں کی تعداد میں گھر گھر جاکر دستخط جمع کی جائے گی اور انہیں سپریم کورٹ میں بھیجا جائے گا۔تاکہ سپریم کورٹ پر عوامی سطح پر دباؤ بنایا جائے ۔
ملک میں لاقانونیت لانے کی کوشش
 ریکھا ٹھاکر نے کہا کہ کتنے افسوس کی بات ہے کہ بلقیس بانو کے ساتھ نہایت بے رحمی کے ساتھ ۱۰؍ سےزائد لوگوں نے  درندگی کی ا وراس کے قریبی رشتہ داروں کو موت کی گھاٹ اتار دیا اس کے پیٹ میں پل رہے  بچے کو بھی مار دیا گیا ۔ اس پورے معاملے میں عدالت میں لمبی قانونی لڑائی لڑنے کے بعد سبھی۱۲؍ مجرموں کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی ۔ان تمام مجرموں کو ملک کی آزادی کی۷۵؍ ویں سالگرہ کے موقع پر جیل  سےرہا کردیا گیا ۔ گجرات حکومت کے اس فیصلے نے ملک کے آئین کی دھجیاں اڑادی ہے۔ملک میں ایک طرح سے لاقانونیت لانے کی کوششیں شروع ہوگئی ہے ۔
حجاب کے  معاملے پر مسلم خواتین کے ساتھ نا انصافی 
 ریکھا ٹھاکر نے حجاب کے مسئلہ پر مسلم خواتین کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ حجاب پر پابندی لگاکر بی جے پی مسلم طالبات کو تعلیم سے محروم کرنے کی سازش کررہی ہے۔اس سازش کو ناکام بنانا ضروری ہے۔اس معاملے میں بھی عدالت  سے مسلم خواتین کے حق میں فیصلہ سنانے کی استدعا کی جائے گی ۔
ونچت بہوجن اگھاڑی کی ’ستاسمپادن یاترا ‘
 ونچت بہوجن اگھاڑی کی جانب سے ریاست کے مختلف شہروں میں  دس روزہ ’ستا سمپادن یاترا‘ شروع کی گئی ہے جس کے تحت مراٹھواڑہ کے متعدد اضلاع میں اجلاس عام منعقد کئے جارہے ہیں ۔اسی کے تحت۱۶؍ سے ۱۹؍ ستمبر کے دوران مراٹھواڑہ کے عثمان آباد ،لاتور اور بیڑ میں  پروگرام کئے گئے ۔اس پروگرام میں ریکھا ٹھاکر کے علاوہ پارٹی کے ریاستی نائب صدر سروجیت بنسوڑے بھی موجود تھے۔اس اجلاس میں مراٹھواڑہ کے بنیاد ی مسائل کا بھی ذکر کیا گیا ۔بر سر قتدار پارٹیوں کی جانب سے مراٹھواڑہ کی ترقی کے معاملے میں کس طرح سے لاپروائی سے کام لیا جارہاہے، اسے بھی اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی اور اس کے ساتھ ہی یہ بھی عزم کیاگیا کہ آئندہ بلدیاتی اور گرام پنچایت  اورضلع پریشد کے سبھی انتخابات میں ونچت بہوجن اگھاڑی پوری قوت کے ساتھ حصہ  اترے گی۔پارٹی کارکنان کو انتخابات کی تیاریوں میں جٹ جانے اور مقامی سطح پر پارٹی کی اکائیوں کو مضبوط کرنے کی بھی اپیل کی گئی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK