Inquilab Logo Happiest Places to Work

گاڑیوں کی خردہ فروخت نے جولائی کا نیا ریکارڈبنایا

Updated: August 06, 2026, 8:08 PM IST | Mumbai

گزشتہ سال ستمبر سے گاڑیوں کی فروخت میں جاری تیزی جولائی میں بھی برقرار رہی، جہاں خردہ فروخت نے تمام زمروں میں نیا ریکارڈ قائم کیا۔ آٹو موبائل ڈیلرز کے مہاسنگھ فاڈا کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں ملک میں کل۲۵۹۱۱۳۸؍ گاڑیاں فروخت ہوئیں۔

Vehicles.Photo:INN
گاڑیاں۔ تصویر:آئی این این

گزشتہ سال ستمبر سے گاڑیوں کی فروخت میں جاری تیزی جولائی میں بھی برقرار رہی، جہاں خردہ فروخت نے تمام زمروں میں نیا ریکارڈ قائم کیا۔ آٹو موبائل ڈیلرز کے مہاسنگھ فاڈا  کی جانب سے جمعرات کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں ملک میں کل۲۵۹۱۱۳۸؍  گاڑیاں فروخت ہوئیں جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں ۸۹ء۲۵؍فی صد زیادہ ہیں۔ تاہم یہ تعداد اس سال جون کے۲۵۹۵۲۶۲؍ کے مقابلے میں معمولی کمی کو ظاہر کرتی ہے۔
فاڈا کے نائب صدر سائی گردھر نے کہا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ ہر زمرے ، مسافر گاڑیاں، دو پہیہ، سہ پہیہ، تجارتی گاڑیاں، ٹریکٹر نے جولائی کی فروخت کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوری ۲۰۱۴ء سے ۱۵۱؍ مہینوں میں سب سے زیادہ فروخت کے معاملے میں جولائی ۲۰۲۶ء بارہویں نمبر پر رہا ہے۔ اس فہرست میں اس سے زیادہ فروخت والے تمام مہینے تہواروں کے دنوں کے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:SpaceX راکٹ کا چاند سے ۸۷۰۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تصادم


گاڑیوں کی رجسٹریشن کی بنیاد پر جاری کردہ ان اعداد و شمار کے مطابق، مسافر گاڑیوں کی فروخت جولائی میں سالانہ ۱۹؍ فی صد بڑھ کر۴۱۶۵۵۵؍ یونٹ پر پہنچ گئی۔ دو پہیہ گاڑیوں کی فروخت میں ۲۸؍ فی صد کا اضافہ ہوا اور یہ۱۸۱۸۲۸۹؍  یونٹ درج کی گئی۔   گردھر نے کہا کہ ماہانہ بنیادوں پر شہری علاقوں میں دو پہیہ گاڑیوں کی فروخت  ۰۴ء۵؍ فی صد بڑھی ہے جب کہ دیہی علاقوں میں اس میں ۱۶ء۶؍ فی صد کی کمی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی اہم وجہ مغربی اور وسطی ہند میں غیر متوقع بارش، سیلاب کی صورتحال رہی۔
تجارتی گاڑیوں کی فروخت ۲۴؍ فیصد بڑھ کر ۹۹۶۶۶؍ یونٹ پر رہی۔ سہ پہیہ گاڑیوں کی فروخت ۱۶؍ فی صد بڑھ کر۱۳۳۷۷۸؍ پر پہنچ گئی۔ ٹریکٹروں کی فروخت میں ۲۸؍فیصد کا اضافہ ہوا اور یہ  ۱۱۷۳۴۹؍ یونٹ ہو گئی۔ تعمیراتی سامان کی فروخت بھی ۴۶؍ فی صد بڑھ کر۵۵۰۱؍ یونٹ تک پہنچ گئی۔

یہ بھی پڑھئے:اللو ارجن کی فلم ’’راکا‘‘ میں شاہ رخ خان کے کیمیو کی افواہوں کی حقیقت سامنے آ گئی


فاڈا نے بتایا کہ اگست ۲۰۲۶ء کے لیے ڈیلرز کافی پرامید ہیں۔ ۳ء۷۴؍ فیصد ڈیلرز اگست میں فروخت بڑھنے کی امید کر رہے ہیں۔ اس نے بتایا کہ۹ء۲۲؍ فیصد کا ماننا ہے کہ مارکیٹ میں استحکام رہے گا جبکہ ۸ء۲؍ فی صد ڈیلرز فروخت میں کمی کی توقع کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK