یہ تیسری ویٹنگ لسٹ ہے۔ ان عازمین اور محرم کوٹے میں منتخب ہونے والی خاتون عازمین کو ۱۵؍دسمبر تک ۲؍لاکھ ۷۷؍ہزار ۳۰۰؍ روپے جمع کرانے کی ہدایت۔
حج کمیٹی آف انڈیانے تفصیلات ویب سائٹ پر بھی مہیا کرادی ہیں۔ تصویر:آئی این این
ممبئی اور ریاست کے دیگر اضلاع کی ۹؍ ہزار ۲۸۵؍ تک ویٹنگ لسٹ کنفرم ہوگئی ہے۔ یہ تیسری ویٹنگ لسٹ جاری کی گئی ہے۔ ان منتخب عازمین کو سفر حج خرچ کی دو قسطیں ۲؍ لاکھ ۷۷؍ ہزار ۳۰۰؍ روپے۱۵؍ دسمبر تک جمع کرانے ہوں گے جبکہ دستاویزات۲۰؍ دسمبر تک جمع کرانا ہوگا۔ تاہم اب بھی مہاراشٹر کے مجموعی درخواست دہندگان میں سے۸؍ہزار ۱۵۸؍ عازمین ویٹنگ میں اب بھی بچے ہوئے ہیں۔ اس طرح ۱۹؍ ہزار سے زائد عازمین کا حج ۲۰۲۶ء کیلئے انتخاب عمل میں آچکا ہے۔ تیسری ویٹنگ لسٹ میں تقریبا ڈیڑھ ہزار عازمین کو اور موقع ملا ہے۔
حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے یہ تفصیلات ویب سائٹ پربھی مہیا کرادی گئی ہیں۔ جن اور دیگر ریاستوں کی ویٹنگ لسٹ کنفرم ہوئی ہے، اس میں دہلی، مدھیہ پردیش، تلنگانہ، کیرالا ، کرناٹک اور گجرات وغیرہ شامل ہیں۔
ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے منتخب عازمین کو مطلع کیا جارہا ہے تاکہ وہ وقت مقررہ پر مطلوبہ رقم اسٹیٹ بینک آف انڈیا یا یونین بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں حج کمیٹی آف انڈیا کے کھاتے میں جمع کرادیں۔ اس کے علاوہ یہ بھی کوشش کی جارہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخواست دہندگان۲۰۲۶ءمیں حج بیت اللہ کی سعادت سے سرفراز ہوں۔
یہ بھی دھیان رکھنا ضروری ہے کہ اگر مزید کینسلیشن ہوتا ہے تو اور بھی ویٹنگ لسٹ کنفرم ہوسکتی ہے۔ اس لئے جہاں تک ویٹنگ لسٹ کنفرم ہوئی ہے ،اس کے آگے والے عازمین اپنا نمبر سامنے رکھتے ہوئے پیشگی تیاری کریں تاکہ اگر ان کا نمبر آجائے تو عین وقت سفر حج خرچ یا دیگر چیزوں کی فراہمی میں دقت نہ ہو۔ اسی طرح یہ بھی یاد رکھنا ضروری ہے کہ ابھی تک مکمل حج خرچ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے، کچھ عرصے بعد حتمی اعلان کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ حج کمیٹی کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اس دفعہ سب سے زیادہ عازمین مہاراشٹر سے روانہ ہوں گے مگر یہ بھی سچائی ہے کہ اب بھی۸؍ ہزار سے زائد عازمین اپنی باری کے منتظر ہیں۔
محرم کوٹے میں قرعہ اندازی
اسی طرح محرم کوٹے میں۹۵۷؍درخواستیں موصول ہوئیں جبکہ اس زمرے میں سیٹیں۵۰۰؍ مختص کی گئی تھیں اس لئے قرعہ اندازی کی گئی۔ محرم کوٹے میں منتخب خواتین کو بھی رقم اور دستاویزات مذکورہ بالا تاریخ پر جمع کرانا ہوگا۔حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے بتایا گیا کہ پہلے ہی یہ واضح کردیا گیا تھا کہ اگر مختص کوٹے سے زیادہ سیٹیں آئیں تو قرعہ اندازی کے ذریعے ۵۰۰؍ خواتین کا انتخاب کیا جائے گا اسی لئے قسمت آزمائی کرنے والی۴۲۵؍ خواتین رہ گئیں۔
درج ذیل دستاویزات جمع کرانے ہوں گے
حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بے ان سلپ، اوریجنل پاسپورٹ، اپنی جانب سے ڈکلیئریشن، ۲؍ تصاویر اور میڈیکل سرٹیفکیٹ وغیرہ ۲۰؍ دسمبر سے قبل ریاستی حج کمیٹیوں میں جمع کرانا ہوگا تاکہ ان دستاویزات کو اپ لوڈ کیا جاسکے۔ایک اندیشہ یہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس دفعہ حج خرچ میں اضافہ ہوگا جس سے عازمین پر مزید بوجھ پڑے گا۔ حالانکہ ابھی اس کے بارے میں حتمی اخراجات کا حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ اعلان کئے جانے پر دیکھنا ہوگا کہ حج خرچ گزشتہ سال جتنا رہتا ہے یا اور کمی آتی ہے یا پھر مزید بوجھ پڑتا ہے۔