• Fri, 07 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایچ ایس آر پی نمبر پلیٹ نہ لگانےپریکم دسمبر سے کارروائی کا انتباہ

Updated: November 06, 2025, 11:40 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

محکمہ ٹرانسپورٹ کی ہدایت کے باوجود اب بھی۳؍ لاکھ سے زائد گاڑی مالکان نے یہ نمبر پلیٹ نہیں لگائی ہے ۔ کہا :تاریخ میںمزید توسیع نہیں کی جائے گی

Action will be taken against vehicle owners for not installing HSRP number plates from next month. (File photo)
ایچ ایس آر پی نمبرپلیٹ نہ لگانے پر گاڑی والوں کے خلاف آئندہ ماہ سے کارروائی شروع کی جائے گی۔ (فائل فوٹو)

اپریل ۲۰۱۹ء کی تمام گاڑیوں پر ہائی سیکوریٹی رجسٹریشن پلیٹ (ایچ ایس آر پی ) لگانے کی تاریخ میں ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ نےیکے بعد دیگرے ۴؍ مرتبہ توسیع کی تھی اور اسے لگانا لازمی قرار دیا ہے۔تاہم ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ نے یکم اپریل ۲۰۱۹ء کی گاڑیاں رکھنے والے تمام مالکان کو ایک بار پھر یاد دلاتے ہوئے ۳۰؍ نومبر تک یہ نمبر پلیٹ لگانے کی اپیل کی ہے  اور اس بات سے بھی متنبہ کیا ہے کہ اب تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی بلکہ یکم دسمبر سے ایچ ایس آر پی نمبر پلیٹ نہ لگانے والوں کے خلاف سخت کارروائی شروع کر دی جائے گی اور ان سے جرمانہ وصول کیا جائے گا ۔
 ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ نےاب تک مذکورہ نمبر پلیٹ لگانے والوں سے متعلق جو ڈیٹا فراہم کیا ہے، اس کے مطابق ۶۸؍ لاکھ ۲۴؍ ہزار گاڑی مالکان نے ایچ ایس آر پی نمبر پلیٹ لگا لی ہے جبکہ ۳۰؍ اکتوبر تک ۸۶؍ لاکھ ۳؍ ہزار گاڑی مالکان نے نمبر پلیٹ لگانے کیلئے رجسٹریشن کررکھا ہے ۔محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق وہیں اب بھی ۳؍ لاکھ سے زائد گاڑی مالکان نے ایچ ایس آر پی نمبر پلیٹ لگانے کیلئے رجسٹریشن بھی نہیں کیا ہے ۔اس ضمن میں ٹرانسپورٹ کمشنر وویک بھیمنوار نے پلیٹ نہ لگانے والوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ ’’تاریخ میں توسیع کرنے کا یہ آخری موقع تھا، اس کے بعد اب تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی ۔اس لئے یکم اپریل ۲۰۱۹ء کی گاڑیاں رکھنے والے تمام گاڑی مالکان سے اپیل ہے کہ وہ جلد از جلد نمبر پلیٹ لگانے کیلئے رجسٹریشن کرالیں اور نمبرپلیٹ لگوا کر کارروائی سے بچیں۔‘‘
 محکمہ ٹرانسپورٹ کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق ۳۰؍ نومبر تک نمبر پلیٹ نہ لگانے یا رجسٹریشن نہ کرنے والے گاڑی مالکان کے خلاف جب کارروائی شروع کی جائے گی تو ان سے پہلی بار ایک ہزار روپے جرمانہ وصول کیا جائے گا ۔ تاہم دوسری یا تیسری بار پکڑے جانے پر جرمانہ کی رقم دو سے ۴؍ گنا بڑھا دی جائے گی۔ یہی نہیں ایک یا دو بار جرمانہ ادا کرنے کے باوجودہائی سیکوریٹی رجسٹریشن پلیٹ نہ لگانے والوں کی گاڑی کے دستاویزات ہی نہیں بلکہ گاڑی بھی ضبط کی جاسکتی ہے ۔
 محکمہ ٹرانسپورٹ نے ایچ ایس آر پی نمبر پلیٹ لگانے کے عمل کو مزید آسان بنایا ہے ۔اب وہ گاڑی مالکان جنہوںنے اب تک یونک نمبر پلیٹ نہیں لگائی ہے ، وہ اپنے نزدیکی آرٹی او جہاں ان کی گاڑی رجسٹرڈ ہے ، میں بھی جاکر نمبر پلیٹ لگوا سکتے ہیں ۔اس سلسلہ میں ٹرانسپورٹ محکمہ نے ممبئی کے علاوہ پونے ، ناگپور اور ریاست کے دیگر شہروں میں مختلف مقامات پر نمبر پلیٹ لگانے کے مراکز بنائے ہیں ۔ نمبر پلیٹ لگانے کے سلسلہ میں رجسٹرڈ مراکز پر ہی نمبر پلیٹ لگوانے اور کوئی اضافی چارج نہ دینے کی بھی اپیل کی گئی ہے ۔یہ بھی یاد رہے کہ ٹرانسپورٹ محکمہ نے کسی بھی سوسائٹی کو یہ سہولت بھی دی ہے کہ اگر کوئی سوسائٹی کم سے کم ۲۵؍ یا زائد گاڑیوں میں نمبر پلیٹ لگانے کے لئے نزدیکی مرکز پر رجسٹرڈ کرتا ہے تو فٹ مین سوسائٹی میں آکر مخصوص نمبر پلیٹ لگانے کی خدمات انجام دے گا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK