Inquilab Logo

’ویسٹ فوڈ‘ سے پیدا کی گئی بجلی کا چارجنگ اسٹیشن قائم

Updated: May 10, 2022, 9:49 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

ہوٹل اور دیگر جگہوں سے ضائع شدہ کھانوں سے پیدا کی گئی بجلی سے الیکٹرک گاڑیاں چارج کی جاسکیں گی۔ اسے ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا چارجنگ اسٹیشن قرار دیا جارہا ہے

Aditya Thackeray inaugurating the electric charging station while others are also seen.
آدتیہ ٹھاکرے الیکٹرک چارجنگ اسٹیشن کا افتتاح کرتے ہوئے جبکہ دیگر افراد بھی نظر آرہےہیں۔

 میں  ہوٹلوں اور دیگر جگہوں سے ضائع شدہ کھانوں(ویسٹ فوڈ) سے پیدا کی جانے والی بجلی کا استعمال کرتے ہوئے الیکٹرک گاڑیوں کیلئے چارجنگ   اسٹیشن قائم کیا گیا ہے۔  اسے ویسٹ فوڈ سے الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ کرنے والا ملک کا پہلااسٹیشن قرار دیا جارہا ہے۔وزیر ماحولیات اور ممبئی مضافات کے نگراں وزیر آدتیہ ٹھاکرے کے ہاتھوں پیر اس کا افتتاح ہوا ۔ یہ چارجنگ اسٹیشن برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی ) اور ایئرو کیئر کلین اینرجی نامی کمپنی کے اشتراک سے بنایا گیا ہے۔ 
 یہ چارجنگ اسٹیشن میونسپل ’ڈی‘ وارڈ میں واقع حاجی علی علاقے میں کیشو راؤ کھاڈیےمارگ  پر مینا تائی ٹھاکرے گارڈن کے قریب واقع ویسٹ فوڈ سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ  میں  قائم کیا گیا ہے۔ ضائع  شدہ کھانوں سے جو بجلی پیدا کی جارہی ہے ،اسی  سے الیکٹرک گاڑیوں کی   فاسٹ چارجنگ کیلئے یہاں ۲؍پوائنٹ بنائے گئے ہیں جہاں رعایتی چارج پر  چارجنگ کی جاسکتی ہے۔
 الیکٹرک چارجنگ اسٹیشن کی  افتتاحی تقریب کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے آدتیہ ٹھاکرے  نے  یقین دلایاکہ اس طرح کا چارجنگ اسٹیشن شہر اور ریاست کے دیگر مقاما  ت پر بھی قائم کیاجائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ ’’ممبئی کے ماحولیاتی تحفظ اور’صاف ستھری اور خوبصورت ممبئی ‘(کلین اینڈ بیوٹی فل ممبئی) کے لئے اقدامات کا  سلسلہ شروع کرتے ہوئے بی ایم سی نے ویسٹ فوڈ سے الیکٹرک گاڑیوں کا چارجنگ اسٹیشن  قائم کیاہے۔   
 آدتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ یہ ہندوستان کا پہلا مرکز ہے جو ضائع شدہ کھانوں  سے پیدا ہونے والی بجلی کا استعمال کرتے ہوئے الیکٹرک گاڑیوں کو چارج کرتا ہے۔ نہ صرف ممبئی بلکہ ریاست کے دیگر حصوں میں بھی ایسے مراکز قائم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ خاص طور پر شاہراہوں پر اسے قائم کرنے کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے مزیدکہا کہ اس سے نہ صرف برقی گاڑیوں کے استعمال کو فروغ ملے گا بلکہ نامیاتی اور حیاتیاتی فضلے کوں ٹھکانے لگانے کے مناسب انتظام کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔
 ویسٹ فوڈ سے بجلی پیدا کرنے والے پروجیکٹ کا افتتاح ستمبر۲۰۲۱ء میں آدتیہ ٹھاکرے نے ہی کیا تھا ۔ اس کے بعد سے اب تک تقریباً ڈیڑھ لاکھ کلو سے زیادہ ضائع شدہ خوراک  کو  پروسیس کر کے بجلی پیدا کی جاچکی ہے۔اس منصوبے سے پیدا ہونے والی بجلی اب الیکٹرک گاڑیوں کے لئے استعمال کی جائے گی۔ 
  اس چارجنگ اسٹیشن پر دو چارجنگ پوائنٹس ہیں جس سے ۲؍گاڑیاں ایک ہی وقت میں اور تیز رفتاری سے چارج کی جا سکتی ہیں۔ چارجنگ کی یہ سہولت مناسب نرخوں پر دستیاب ہوگی۔
 چارجنگ اسٹیشن کے  افتتاح کے موقع پر ڈپٹی کمشنر (ماحولیات) سنیل گوڈسے، اسسٹنٹ کمشنر( ڈی وارڈ) شری پرشانت گائیکواڑ، ایرو کیئر کلین انرجی کے بانی انکت زویری اور دیگر معززافراد موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK