Inquilab Logo

ممبئی کے ۱۲؍ وارڈوں میں۳۰ ؍اور۳۱؍ جنوری کو پانی سپلائی بند

Updated: January 26, 2023, 10:56 AM IST | saadat khan | Mumbai

بی ایم سی نے یہ بھی بتایا کہ۲؍ وارڈوں میں پانی کی ۲۵؍فیصد کٹوتی رہے گی۔۲۹؍ جنوری تا ۴؍فروری متعدد علاقوں میں کم دباؤ سے پانی فراہم کیا جائے گا

BMC also informed that there will be 25% water cut in 2 wards
بی ایم سی نے یہ بھی بتایا کہ۲؍ وارڈوں میں پانی کی ۲۵؍فیصد کٹوتی رہے گی

   برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی)   نے اطلاع دی ہے کہ ۲۴؍ میونسپل وارڈ وں  میں سے ۱۲؍ وارڈوں میں ۳۰؍ جنوری کی صبح۱۰؍بجے سے ۳۱؍جنوری کی صبح ۱۰؍  بجے تک  پانی سپلائی بند رہے گی۔ ان وارڈوں میں کرلا، اندھیری،گوریگاؤں، کاندیولی، بوریولی اور سانتاکروز وغیرہ علاقے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ۲؍ وارڈوں میں ۲۵؍ فیصد کٹوتی کے ساتھ جبکہ   ۲۹؍ جنوری تا ۴؍ فروری متعدد علاقوں میں کم دباؤ سے پانی سپلائی کیاجائے گا۔ شہریوںسے درخواست کی گئی ہے کہ اس  دوران پانی کی قلت سے بچنے کیلئے وہ کفایت شعاری سے پانی کا استعمال کریں اور پہلے ہی سے اس کا ذخیرہ کرلیں۔
پائپ لائن کے کنکشن کے سبب پانی کٹوتی 
    پانی کٹوتی کے بارے میں  بی  ایم سی کے ہائیڈرولک انجینئر  پرشوتم مالودے نے بتایاکہ ’’بھانڈوپ کمپلیکس کے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سے اضافی۴؍ ہزار ملی میٹر قطر کے واٹر چینل کو جوڑنے کا کام میونسپل کارپوریشن کے ذریعے کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بھانڈوپ کمپلیکس سے متعلق مختلف واٹر چینلز پر۲؍ مقامات پر والو کی تنصیب، نئے واٹر چینلز کے کنکشن اور۲؍ مقامات پر ہونے والے پانی کے رساؤکی مرمت وغیرہ کا کام کیا جائے گا۔
کہا ںکہاں پانی سپلائی بندرہےگی  اور کٹوتی کی جائےگی
 پائپ لائن  اور والو کی تنصیب وغیرہ کے کاموں کیلئے ۳۰؍ جنوری کی صبح ۱۰؍بجے سے ۳۱؍جنوری کی صبح ۱۰؍بجے تک جن ۱۲؍ وارڈوں میں پانی سپلائی بند رہے گی، ا ن میں  مغربی مضافات کے۹؍ وارڈز  کے /ایسٹ (اندھیری  ایسٹ)،کے /ویسٹ (اندھیری ویسٹ)، پی /ساؤتھ (گوریگاؤں)، پی /نارتھ(ملاڈ)، آر /ساؤتھ (کاندیولی  ویسٹ)، آر سینٹرل (بوریولی ویسٹ)، آر نارتھ(دہیسر)، ایچ/ ایسٹ (سانتاکروز ایسٹ) اور ایچ /ویسٹ (سانتاکروز ویسٹ)  شامل ہیں۔اسی طرح مشرقی مضافات کے ۳؍ وارڈز  ایس(بھانڈوپ)، این (گھاٹکوپر) اور ایل (کرلا) بھی اس میں شامل ہیں۔اس کے علاوہ دھاراوی  میں سہ پہر ۴؍  بجے سے رات ۹؍بجے تک جن علاقوں میں پانی سپلائی کیا جاتاہے ، وہ ۳۰؍ جنوری کو بند رہے گی۔
۲۵؍ فیصد کٹوتی 
 مذکورہ بالا علاقوں کے علاوہ جی /نارتھ اور جی /ساؤتھ وارڈ میں واقع ماہم ویسٹ، دادر ویسٹ، پربھادیوی اور ماٹونگا ویسٹ ان علاقوں میں ۳۰؍ تا ۳۱؍ جنوری  ۲۵؍ فیصد کٹوتی کے ساتھ پانی سپلائی کیاجائے گا۔  
کم دباؤ سے پانی کی سپلائی 
  پائپ لائن کے مذکورہ کام اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کئے  جا رہے ہیں کہ ان  علاقوں کے شہریوں کو پانی کی فراہمی زیادہ آسانی سے اور بہتر طریقے سے ہو سکے۔ ان کاموں کی وجہ سے۲۹؍ جنوری کو اور ۳۱؍ جنوری سے ۴؍ فروری  کے درمیان برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے مذکورہ  علاقوں میں پانی کی سپلائی کم دباؤ میں ہوگی۔ اسی کے پیش نظر بی ایم سی  نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کا استعمال کفایت شعاری اور احتیاط سے کریں اور پانی سپلائی میں رکاوٹ اور کم پریشر ہونے پر شہری انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں نیز  قبل ازوقت پانی کا ذخیرہ کرلیں۔
  شہری انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ ممبئی کے شہریوںکو پینے کا صاف  پانی فراہم کرنے کیلئے کافی کوششیں کی جارہی ہیں۔ شہریوں کو روزانہ پانی کی سپلائی آسانی سے کرنے کیلئے  میونسپل کمشنر ڈاکٹراقبال سنگھ چہل اور ایڈیشنل میونسپل کمشنر (پروجیکٹ) پی ویلراسو کی ہدایت کے مطابق وقتاً فوقتاً مرمت اور مزید بہتری  کے کام کئے جاتے ہیں۔ ان کاموں کے ایک حصے کے طور پر بھانڈوپ کمپلیکس کے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ سے اضافی۴؍ ہزار ملی میٹر قطر کے واٹر چینل کو جوڑنے اور دیگر کام کئے جارہے ہیں ۔

BMC Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK