Inquilab Logo Happiest Places to Work

گیارہویں میں داخلہ کی کارروائی کے پہلے ہی دن ویب سائٹ میں خرابی

Updated: May 21, 2025, 10:41 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

طلبہ اورسرپرست رجسٹریشن کروانے سے محروم ۔ محکمہ تعلیم کے تئیں ناراضگی کا اظہار کیا۔ ایک طالبہ نے کہا کہ پہلے ہی دن یہ حال ہے تو آئندہ کیا صورتحال ہوگی۔اس کے پیش نظرطلبہ نے امسال زیادہ پریشانی کا اندیشہ ظاہر کیا

Students wait for the website to launch at a cybercafe in Nagpara.
ناگپاڑہ کے ایک سائبرکیفے میں طلبہ ویب سائٹ شروع ہونے کا انتظار کررہے ہیں۔(تصویر: انقلاب)

گیارہویں کے آن لائن داخلے کی کارروائی کے پہلے ہی دن ویب سائٹ میں خرابی کے سبب طلبہ کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ ایک طرف محکمہ تعلیم کی جانب سے داخلہ کی کارروائی سے متعلق واضح معلومات نہ دیئے جانے سے  طلبہ اور والدین کو دقت پیش آرہی ہےتو دوسری طرف پہلے ہی دن     ایڈمیشن ، رجسٹریشن کی متعلقہ ویب سائٹ  شروع نہ ہونے سے طلبہ اور سرپرستوں   پریشانی  اٹھانی پڑی۔ رجسٹریشن کروانے کیلئے طلبہ اور سرپرست صبح ۹؍بجے سے سائبر کیفے اور دیگر مراکز پر قطار میں کھڑے رہےجبکہ گیارہویں میں داخلہ کی ویب سائٹ پر سائٹ انڈر مینٹننس کا میسیج دوپہر تک آتارہا۔ بعدازیں شام کو ۷؍بجے نئی اپ ڈیٹ دینے کی اطلاع جاری کی گئی  جس کی وجہ سے طلبہ رجسٹریشن نہیں کراسکے اور ان کا سارا دن پریشانی میں گزرا۔
 واضح رہےکہ ریاستی محکمہ تعلیم کی جانب سے گیارہویں جماعت میں داخلہ کیلئےناکافی معلومات فراہم کئے جانے سے طلبہ اور والدین تذبذب کا شکارہیں ۔محکمہ تعلیم نے پہلے  ۱۹؍ مئی سے طلبہ کاآن لائن  رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان کیاتھا لیکن بعدمیں ۲۱؍ مئی سے رجسٹریشن شروع کرنےکی اطلاع جاری کی جس کی وجہ سے پہلے پیر ۱۹؍مئی کو طلبہ اور سرپرست پریشا ن ہوئے جبکہ بدھ ۲۱؍مئی کو متعلقہ ویب سائٹ کام نہ کرنے سےانہیں ایک مرتبہ پھر دشواریاں ہوئیں۔ محکمہ تعلیم نے دوپہر میں متعلقہ ویب سائٹ میں آنے والی تکنیکی دشواریوںکا حوالہ دیتےہوئے بدھ کی شام ۷؍بجے نئی اپ ڈیٹ دینے کا اعلان کیاجس کی وجہ سے طلبہ اور سرپرستوںکو مایوس گھرلوٹناپڑا۔
  جنوبی ممبئی میں متعدد مقامات پر سیاسی اور سماجی اداروںکی جانب سے طلبہ کیلئے مفت آن لائن رجسٹریشن کروانے کی سہولت مہیاکرائی گئی ہے ۔حالانکہ بدھ کی صبح ۱۱؍ بجے رجسٹریشن کا عمل شروع کرنے کا اعلان کیاگیاتھا لیکن صبح ۹؍بجے ہی سے طلبہ اور والدین کی بھیڑ ان مراکز پر دیکھی گئی ۔
 مدنپورہ کے سماجی کارکن ناصر انصاری نےبتایاکہ ’’ ہم لوگوں نےگیارہویں کے طلبہ کے داخلے کیلئے آن لائن رجسٹریشن کروانے کی سہولت مہیاکرائی ہےتاکہ جن طلبہ کے پاس لیپ ٹاپ نہیں ہے، وہ آسانی سے رجسٹریشن کرواسکیں ۔ حالانکہ موبائل فون سے بھی رجسٹریشن کروایاجاسکتاہےلیکن اس میں دقت پیش آتی ہے اس لئے مفت رجسٹریشن کا انتظام کیاگیاہے ۔ بدھ کی صبح ۹؍بجے سے طلبہ اور سرپرست رجسٹریشن کروانےکیلئے آئے تھے مگر دوپہر تک متعلقہ ویب سائٹ پر ’سائٹ انڈر مینٹننس ‘ کا پیغام آتارہاہے بعدازیں شام ۷؍بجے اپ ڈیٹ کرنے کا میسیج موصول ہوا جس کےبعد طلبہ اور والدین صبح سے دوپہر تک کی پریشانیاں اُٹھانے کےبعد مایوس لوٹ گئے ۔‘‘کرلا کی ایک طالبہ نے بتایاکہ ’’ موبائل فون سے بھی رجسٹریشن کی کارروائی مکمل کی جاسکتی ہے لیکن تکنیکی دشواریوں کی وجہ سے اس  کےبجائے لیپ ٹاپ سے رجسٹریشن کروانےکیلئے میں مدنپورہ آئی تھی ، یہاں مفت میں رجسٹریشن کرانےکی سہولت فراہم کی گئی ہے لیکن صبح ۹؍بجے سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک متعلقہ ویب سائٹ شروع نہ ہونےسے مایوس ہوکر کرلا واپس آگئی۔‘‘ اس نے یہ بھی کہاکہ ’’محکمہ تعلیم کو چاہئے کہ وہ داخلہ کی ساری کارروائی کا باریک بینی سے مشاہدہ کرے، بعدازیں داخلہ کا عمل شروع کرے۔ امسال پورے مہاراشٹر میں آن لائن ایڈمیشن پروسس پر عمل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے لیکن جس طرح رجسٹریشن کے پہلے ہی دن تکنیکی خرابی سے متعلقہ ویب سائٹ کام نہیں کررہی ہے توبعد میں کیا صورت حال ہوگی ،کہانہیں جاسکتاہے ۔ آن لائن کارروائی کامقصد طلبہ کو آسانی اورسہولت مہیاکرواناہے لیکن داخلہ کی کارروائی کےپہلے ہی دن ویب سائٹ   بند ہونے سےایسا محسوس ہورہاہے کہ امسال دیگر سال کے مقابلہ زیادہ پریشانی اُٹھانی ہوگی۔‘‘ ناگپاڑہ کے محمد اشفاق انصاری نےبتایاکہ ’’ ہمارے سائبر کیفے پر طلبہ کی کافی بھیڑ تھی لیکن ویب سائٹ کام نہ کرنے سے کسی ایک کا بھی رجسٹریشن نہ ہوسکا۔ طلبہ اور والدین گھنٹوں ویب سائٹ شروع ہونے کا انتظارکرتے رہے لیکن وہ بندہی رہی جس کی وجہ سے طلبہ اور والدین میں محکمہ تعلیم کے تئیں سخت ناراضگی پائی گئی ۔ ‘‘
 متعلقہ ویب سائٹ پرایک میسیج ایسا بھی جاری رہاکہ  تکلیف کیلئے معذرت، ہم فی الحال مینٹننس کا کچھ کام کررہے ہیں، اگر آپ ہم سے رابطہ کرناچاہتے ہیںتو ہیلپ لائن نمبر ۸۵۳۰۹۵۵۵۶۴ پر کرسکتےہیں۔ ہم جلد ہی اپ ڈیٹ دیں گے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK