Inquilab Logo

ویسٹرن ریلوے کی مانسون میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کی کوشش

Updated: April 30, 2023, 10:28 AM IST | Mumbai

بطور خاص نالا سوپارہ اور وسئی روڈ اسٹیشن کے قریب پٹریوں کے نیچےمائیکرو ٹنل بنائے جا رہے ہیں۔۵؍اسٹیشنوں پرخاص ریسرچ کیا گیا

Tunnel work is in progress near Nala Supara railway station.
نالا سوپارہ ریلوے اسٹیشن کے قریب ٹنل کا کام جاری ہے۔

ویسٹرن ریلوے انتظامیہ کی جانب سے موسم باراں میں پٹریوں پرپانی جمع ہونے اورمضافاتی سیکشن پر ٹرین خدمات متاثر ہونے کا حل ڈھونڈنے کا دعویٰ کیا گیا ہے اوراس کے لئے خاص طور پرنالا سوپارہ اوروسئی میں مائیکروٹنل کی تعمیرکی گئی ہے۔ اس سے پانی کی نکاسی میںآسانی ہوگی ۔اس کے ساتھ ہی ویسٹرن ریلوے میں ویرار سے چرچ گیٹ کے درمیان ایسے مزید ۵؍ مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئےوہاں بھی مائیکرو ٹنل کی تعمیر کا منصوبہ بنایا گیاہے۔
 نالاسوپارہ اوروسئی کے درمیان اسٹیشنوں پرہرسال کچھ زیاد ہ ہی سیلابی صورتحال ہوتی ہے ۔ اس کی وجہ سے ٹرین خدمات ٹھپ پڑجاتی ہیں۔ گزشتہ سال بھی یہاں یہی حالات تھے۔ مقامی انچل نام کے نالے کا پانی بھی پٹریوں پرجمع ہوگیا تھا ۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ٹرین خدمات ٹھپ پڑگئی تھیں ۔ اب یہ کہا جارہا ہے کہ اس مسئلے سے نمٹنے میںپٹریوں کے نیچے مائیکرو ٹنل کی تعمیر کافی کارگرثابت ہورہی ہے۔لیکن اس کا صحیح اندازہ موسم باراں کے دوران اس وقت ہوگا جب ٹرین خدمات متاثر نہ ہوں۔
سیلابی کیفیت والے ۵؍اسٹیشنوں کے لئے خصوصی ریسرچ 
 ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر اوسمیت ٹھاکور نے نمائندۂ انقلاب کوبتایاکہ’’بارش کے دوران پٹریوں پرپانی جمع ہونا اورٹرین خدمات متاثر ہونابڑا مسئلہ ہے ۔ اس پرتوجہ دے کرمسلسل کام کیا گیا بلکہ کیا جارہا ہے اس لئے امسال مزید مثبت نتائج کی پوری امید ہے۔‘‘ انہوںنے یہ بھی بتایاکہ ’’ایسے ۵؍اسٹیشن جہاںسیلابی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے،اس میںباندرہ ،ماہم ،اندھیری، گرانٹ روڈ ، گورے گاؤں ،وسئی روڈ اور ویرار شامل ہیں،ان اسٹیشنوں کا خاص جائزہ لے کر ریسرچ کیا گیا کہ یہاں پانی جمع ہونے کی بنیادی وجہ کیا ہے اورکن تبدیلیوں کےسبب اس مسئلے کو حل کیا جاسکتا ہے۔چنانچہ اس کے لئے مائیکرو ٹنل کی تعمیر کے ذریعے پانی کی نکاسی کے لئے اضافی راستہ بنانا تھا ،یہ کافی کارگر ہے ۔‘‘انہوںنے یہ بھی بتایاکہ ’’ نالاسوپارہ جنوب میںریلوے سے گزرنے والے چھوٹے نالےنمبر ۷۹؍ کے قریب مائیکروٹنل کی تعمیر کرنے کے ساتھ باندرہ ،کھار ، گورے گاؤں، ملاڈ ، وسئی روڈ اورویرار میں بھی تعمیرکی گئی ہے۔ ا س کے علاوہ نالا سوپارہ اسٹیشن کے درمیان واقع پل نمبر ۷۸؍کے پاس بھی بنایا جارہاہے۔اس میں ۱۸۰۰؍ملی میٹر چوڑے پائپ ڈالے گئے ہیں تاکہ تیزی سے پانی نکل سکے۔‘‘
 چیف پی آر او سمیت ٹھاکورکے مطابق ’’ اسکے علاوہ صاف صفائی پرجنگی پیمانے پرتوجہ دی جارہی ہے ۔ ابھی سے ان تمام نالوں اور نالیوں کی صفائی کا خاکہ تیار کیا گیا ہے تاکہ صاف صفائی کا کام جون کے پہلے ہفتے تک پورا کرلیا جائے۔ان تیاریوں سے یہ امید ہےکہ امسال ریلوے کے لاکھوں مسافروں کوپریشانی سے بچایا جاسکے گا ۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK