۱۶۳؍سروسیز رد کردی گئی ہیں۔ ۴؍ طویل مسافتی ٹرینوں کے روٹ مختصر کئے گئے۔ کاندیولی اور بوریولی کے درمیان بریج اور یارڈ کی لائنوں کا کام کیا جائیگا
EPAPER
Updated: April 25, 2025, 11:04 PM IST | Mumbai
۱۶۳؍سروسیز رد کردی گئی ہیں۔ ۴؍ طویل مسافتی ٹرینوں کے روٹ مختصر کئے گئے۔ کاندیولی اور بوریولی کے درمیان بریج اور یارڈ کی لائنوں کا کام کیا جائیگا
کاندیولی اور بوریولی ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان واقع پل نمبر ۶۱؍پر گرڈر لانچنگ، پانچویں لائن ، کارشیڈ لائن اور کاندیولی ٹریفک یارڈ لائن کے کام کے لئے سنیچر ۲۶؍ اپریل کی دوپہر ایک بجے سے اتوار کی شب میں ۱۲؍بجے تک ۳۵؍گھنٹے کا بلاک کیا جارہا ہے ۔ اس طویل بلاک کے دوران ۱۶۳؍لوکل خدمات رد کردی گئی ہیں۔
ان میں سے آج سنیچر ۲۶؍اپریل کو ۷۳؍ اور اتوار ۲۷؍ اپریل کو ۹۰؍سروسیز منسوخ رہیں گی۔ اس کے ساتھ ہی ۴؍طویل مسافتی ٹرینوں میں سے ۲؍ ٹرینیں احمد آباد بوریولی ایکسپریس کو وسئی روڈ میں ، بوریولی نندوربار ایکسپریس کو بھائندر میں اور ایک ٹرین کا روٹ مختصر کرکے بوریولی تک ہی چلایا جائے گا۔ ریلوے انتظامیہ نے مسافروں سے حالات کے پیش نظر منصوبہ بندی سے سفر کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
اس بلاک کے تعلق سے ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او ونیت ابھیشیک نے نمائندۂ انقلاب کو بتایا کہ یہ کام حفاظتی نقطہ نظر سے اور بہتر انداز میں ٹرینیں چلانے کے لحاظ سے انتہائی ضروری ہے۔ چونکہ سنیچر عام طور پر دفاتر میں چھٹی ہوتی ہے اور گرمی کی چھٹی کے سبب بہت سے لوگ آبائی وطن روانہ ہوچکے ہیں ، اس موقع کی مناسبت سے کام میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بلاک کے دوران پانچویں لائن پر چلائی جانے والی طویل مسافتی اور لوکل ٹرینوں کو فاسٹ لائن پر موڑ دیا جائے گا۔ اسی بناء پر کچھ خدمات متاثر ہوں گی۔ سنیچر کے دن ۷۳؍ اور اتوار کو ۹۰؍ سروسیز رد کردی گئی ہیں۔ اس سے مسافروں کو یقیناً پریشانی ہوگی لیکن آنے والے وقتوں میں انہیں فائدہ بھی ملے گا۔ اس لئے مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ریلوے انتظامیہ سے تعاون کریں۔
ملاڈ اسٹیشن پر موجود ایک مسافر سے جب کل سے ہونے والے اس بلاک کے تعلق سے پوچھا تو انہوںنے کہا کہ لوکل ٹرینوں کی سروس میں بہتری آنے کی امید ہے۔سنیچر اور اتوار کو عام طور پر بھیڑ کم رہتی ہے اس کے باوجود مسافروں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑےگا۔ امید ہے کہ زیادہ دقت پیش نہ آئے۔گرمی سے ویسے بھی لوگ پریشان ہیں اور گاڑیوں کے تاخیر سے آنے پر بھیڑ رہے گی جس کی وجہ سے مزید دشواری ہوگی۔خاص طورپرانہیں جو گھومنے کیلئے اپنی فیملی کے ساتھ نکلتے ہیں۔
بیسٹ کی جانب سے زائد اسیں
بلاک کے دوران مسافروں کو راحت پہنچانے کے لئے بیسٹ سے اضافی بس خدمات چلانے کے لئے کہا گیا ہے ۔ اس دوران الگ الگ اسٹیشنوں سے اضافی بسیں چلائی جائیں گی اور بیسٹ کے ٹکٹ چیکر بھی موجود رہیں گے۔