Inquilab Logo Happiest Places to Work

گرمی بڑھنے کے ساتھ لیموں کےدام میں بھی زبردست اضافہ

Updated: March 24, 2026, 12:57 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

۱۰، ۱۲؍ اور ۱۵؍ روپے میں ایک لیموں مل رہا ہے۔ لیموں شربت کی قیمت بھی بڑھی۔ لوگ ضرورت پر ہی اسے خریدرہے ہیں۔

Lemon Syrup Has Also Become Expensive Due To The Increase In The Price Of Lemons.Photo:INN
لیموں کے دام بڑھنے سے لیموں شربت بھی مہنگا ہوگیا ہے۔ تصویر:آئی این این
بڑھتی   گرمی کی وجہ سے لیموں کی قیمت میں زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ سائز کے لحاظ سے ۱۰، ۱۲؍ اور ۱۵؍ روپے کا ایک لیموں فروخت ہو رہا ہے ۔ قیمت بڑھنے سے لیموں شربت کی قیمت میں ۵؍ سے ۱۰؍ روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔دام بڑھنےکی وجہ سے صارفین ضرورت ہونے پر ہی لیموں خریدرہے ہیں۔فی الحال  بروکرس لیموں پیدا کرنے والے کسانوں سے ۸۵؍ سے ۸۰؍ روپے فی کلو کے حساب سے لیموں خرید رہے ہیں ۔ ایک کلو میں تقریباً ۳۰؍ سے ۲۵؍ لیموںملتےہیں ۔ ایجنٹ ممبئی اور پونے کے تھوک فروشوں کو یہی لیموں ۱۵۰؍ روپے کلو فروخت کر رہے ہیں۔ اس کے بعد خوردہ فروش، تھوک فروشوں سےلیموں خرید کر صارفین تک پہنچاتے ہیں ۔ کسان، ایجنٹ اور تھوک بیوپاریوں سے ہوکر  صارفین تک پہنچنے پرایک لیموں کا بھائو ۱۰؍روپے ہو رہا ہے ۔
 
 
ممبئی سینٹرل پر واقع مراٹھا مندر تھیٹر کے باہر لیموں شربت بیچنے والے محمد افسرشیخ کے مطابق ’’ یوں توہر سال گرمی کے موسم میں لیموں کابھائو بڑھ جاتا ہے لیکن امسال بھاؤ کچھ زیادہ  بڑھنے سے کاروبار متاثر ہوا ہے۔ ابھی کچھ دنوں پہلے جو لیموں  ۳۵، ۴۰؍ روپے کلو تھا ، وہ ۹۰؍سے۸۵؍روپے کلو ہوگیا ہے جس کی وجہ سے بیشتر دکانداروں نے مختلف قسم کے لیموںکے شربت کا بھائو  ایک گلاس پر  ۵؍ سے ۱۵؍ روپے تک   بڑھا دیا ہے ۔‘‘ایک سوال کے جواب میں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’ ابھی میں نے شربت کا بھائو نہیں بڑھایا ہے کیونکہ بھائو بڑھانے سے کاروبار متاثر ہوتا ہے ۔ اس کے بجائے زیادہ مقدار میں شربت فروخت کرنے کی کوشش جاری ہے تاکہ لیموںمہنگا ہونے سے جس خسارہ کا امکان ہے ، اس کی بھرپائی کی جاسکے ۔‘‘
 
 
لیموں کے کاشتکار گورکھ الیکر کے مطابق ’’ایجنٹ کسانوں اور تاجروں کے درمیان لنک کا کام کرتے ہیں، اس لین دین میں وہ بہت زیادہ منافع کما رہے ہیں لیکن  محنتی کسان کو زیادہ منافع نہیں مل رہا ہے جو  افسوسناک بات ہے۔‘‘موسم گرما کے آغاز کی وجہ سے ان دنوں لیموں کی بہت زیادہ مانگ ہے۔ مطلوبہ تعداد میں لیموں   نہ ملنے سے اس کےبھائو میں کافی اضافہ ہوگیا ہے ۔ کچھ دنوں قبل ریٹیل مارکیٹ میں عام صارفین کو ۱۰؍ روپے میں۲،۳؍لیموں مل رہے تھے لیکن اب صرف ایک لیموں  ۱۰؍ روپے میں مل رہا ہے جس کی وجہ سے صارفین  ضرورت ہونے پر ہی لیموں خرید   رہے ہیں ۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK