Inquilab Logo

واڈیا اسپتال کو بند ہونے سے بچانے کیلئے کامگار یونین کا احتجاج

Updated: January 14, 2020, 3:28 PM IST | Staff Reporter | Mumbai

پریل میں بچوں کے بہترعلاج کیلئے مشہور بائی جربائی واڈیا اسپتال کےتعلق سے اسپتال انتظامیہ اور برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی) کے تنازع میں اب اسپتال کے مزدوروں کی یونین بھی سرگرم ہو گئی ہے۔

یونین کا ایک ملازم ۔ تصویر : انقلاب
یونین کا ایک ملازم ۔ تصویر : انقلاب

آزاد میدان /پریل،(اسٹاف رپورٹر) : پریل میں بچوں کے بہتر علاج کیلئے مشہور بائی جربائی واڈیا اسپتال کےتعلق سے اسپتال انتظامیہ اور برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن( بی ایم سی) کے تنازع میں اب اسپتال کے مزدوروں کی یونین بھی سرگرم ہو گئی ہے۔ یونین کی جانب سے پیر سے اسپتال کو بند ہونے سے بچانے کیلئے دھرنا شروع کر دیا گیا ہے۔
  ایک جانب جہاں بی ایم سی نے اسپتال انتظامیہ  سےغریب مریضوں کا مہنگا علاج کرنے اور بی ایم سی کے فنڈ کا غلط استعمال کرنے کی وضاحت طلب کی ہے وہیں دوسری جانب مزدور یونین مطالبہ کر رہی ہے کہ ریاستی حکومت اسپتال کو امداد دے۔ اسی دوران بی ایم سی کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اسپتال بند نہ ہو اس کیلئے دسمبر مہینے کی امداد کی رقم  دینے کیلئے ایک تا ۲؍ دنوں میں میئر کی سرپرستی میں میٹنگ منعقد کی جائے گی ۔
 دریں اثناء واڈیا اسپتال انتظامیہ نے مالی قلت کا جواز پیش کر تے ہوئے نئے مریضوں کو ایڈمٹ کرنا روک دیاہے اورزیرعلاج مریضوں کوبھی ڈسچارج کیا جا رہاہے۔ اس تعلق سے اسپتال انتظامیہ نے ایک سرکیولر جاری کیاہےجس میں وضاحت کی گئی ہےکہ بی ایم سی کی جانب سے فنڈ نہیں مل رہاہے اس لئے اسپتال جاری رکھنےمیں دقت آرہی ہے۔ واضح رہےکہ واڈیا اسپتال پرائیویٹ ٹرسٹ اور بی ایم سی کے اشتراک سے جاری ہے۔ اسپتال کے ۷۵؍فیصد اخراجات بی ایم سی پورا کرتی ہے لیکن بی ایم سی فنڈ دینےمیں تاخیر کررہی ہے جس سے اسپتال جاری رکھنےمیں دشواری ہورہی ہے ۔
  دوسری جانب بی ایم سی کا کہناہےکہ جن شرائط پر واڈیا اسپتال کوفنڈ دیا جا رہا تھا، اسپتال انتظامیہ ان شرائط کو پورانہیں کررہی ہے اور امداد ، آمدنی اور خرچ کی تفصیلات دینے میں بھی آنا کانی کر رہی ہے۔ اتنا ہی نہیں فنڈ کے حساب میں بھی شفافیت نہیں۔جتنے اسٹاف کی ضرورت ہے اس سے زیادہ ملازمین رکھے ہیں اور اس کیلئے بھی بی ایم سی سے امداد لی جاتی ہے۔
کامگار یونین کے مطالبات
 لال باؤٹا جنرل کامگار یونین کے درج ذیل (چند)مطالبات:۱۔مہاراشٹر حکومت واڈیا اسپتال کے ۱۱۰؍ کروڑ روپے فنڈ کی فوری ادائیگی کرے۔۲۔ واڈیا کامگار ملازمین کو چھٹے پے کمیشن کی بقایا رقم دی جائے۔۳۔ ۱۹۲۶ء میں کئے گئے قرار داد کورد کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔
بی ایم سی کے اسپتال انتظامیہ سے سوالات
۱۔واڈیا اسپتال کو ملنے والی امداد، چیئریٹی اور دیگر ذرائع سے ہونےو الی آمدنی بی ایم سی کے سامنے پیش کی جائے۔۲۔غریب مریضوں کے علاج پر کئے گئے اخراجات کی تفصیل پیش کی جائے۔۳۔ واڈیا اسپتال کے ملازمین اور افسران کو پے کمیشن کے مطابق جو رقم دی  گئی ہے اس کی تفصیل پیش کی جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK