Updated: January 08, 2026, 9:06 PM IST
| Mumbai
کپتان رتوراج گائیکواڑ (ناٹ آؤٹ ۱۳۴؍رن) کی شاندار سنچری اور وِکّی اوتسوال (۵۳ رن / ایک وکٹ) کی نصف سنچری کے بعد پرشانت سولنکی (۴؍ وکٹ) کی قیادت میں گیندبازوں کی زبردست گیندبازی کی بدولت مہاراشٹر نے جمعرات کو وجے ہزارے ٹرافی ایلیٹ گروپ سی کے مقابلے میں گوا کو پانچ رن سے شکست دے دی۔
رتوراج گائیکواڑ۔ تصویر:پی ٹی آئی
کپتان رتوراج گائیکواڑ (ناٹ آؤٹ ۱۳۴؍رن) کی شاندار سنچری اور وِکّی اوتسوال (۵۳ رن / ایک وکٹ) کی نصف سنچری کے بعد پرشانت سولنکی (۴؍ وکٹ) کی قیادت میں گیندبازوں کی زبردست گیندبازی کی بدولت مہاراشٹر نے جمعرات کو وجے ہزارے ٹرافی ایلیٹ گروپ سی کے مقابلے میں گوا کو پانچ رن سے شکست دے دی۔
۲۵۰؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں اتری گوا کی ٹیم اچھی شروعات کے باوجود مہاراشٹر کے گیندبازی حملے کے سامنے مقررہ ۵۰؍ اوور میں نو وکٹ پر ۲۴۴؍ رن ہی بنا سکی اور پانچ رن سے مقابلہ ہار گئی۔ کشیپ بکھالے اور اسنیہل کوٹھنکر کی سلامی جوڑی نے پہلی وکٹ کے لیے ۸۳؍ رن جوڑے۔ تاہم اس کے بعد گوا کے بلے باز مہاراشٹر کی گیندبازی کے سامنے جدوجہد کرتے نظر آئے اور۱۴۱؍رن کے اسکور تک اس نے اپنے پانچ وکٹ گنوادیئے۔
کشیپ (۴۲)، اسنیہل کوٹھنکر (۴۰)، سُیَش پربھودیسائی (۱۰)، ابھینَو تیج رانا (۱۶) اور وکاس سنگھ (۱۳) رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد للت یادو اور کپتان دیپ راج گاؤںکر نے کچھ دیر کے لیے اننگز کو سنبھالا اور اسکور کو ۱۸۵؍رن تک پہنچایا۔ ۳۷؍ویں اوور میں رام کرشن گھوش نے دیپ راج گاؤںکر (۳۴؍رن) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ درشن مسال (۲)، ارجن تینڈولکر (۵) اور راج شیکھر ہری کانت ۹؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ للت یادو ۵۷؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ مہاراشٹر کی جانب سے پرشانت سولنکی نے چار وکٹ حاصل کئے۔ راج وردھن ہنگرگیکر کو دو وکٹ ملیں، جبکہ رام کرشن گھوش، پردیپ داڑھے اور وِکّی اوتسوال نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آج یہاں مہاراشٹر نے گوا کے خلاف سات وکٹ پر ۲۴۹؍ رن بنائے تھے۔ ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ مہاراشٹر کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا اور اس نے ۲۵؍ رن کے مجموعی اسکور پر اپنے ابتدائی پانچ وکٹ گنوا دیئے۔ ارشِن کلکرنی اور انکت باونے کو واسُکی کوشک نے پہلے ہی اوور میں بغیر کھاتہ کھولے پویلین بھیج دیا۔ اگلے ہی اوور میں ارجن تینڈولکر نے پرتھوی شا (ایک ) کو آؤٹ کیا۔ مہاراشٹر کا چوتھا وکٹ ۱۱؍ویں اوور میں سدھارتھ مہاترے (۳) کے طور پر گرا، جنہیں واسُکی کوشک نے اپنی ہی گیند پر کیچ آؤٹ کیا۔
کپتان رتوراج گائیکواڑ نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، اسی دوران سی ٹی ایل رکھشن ۵؍رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ رام کرشن گھوش نے گائیکواڑ کا ساتھ دیا، تاہم جب ٹیم کا اسکور ۵۲؍ تک پہنچا تو درشن مسال نے رام کرشن گھوش (۱۴؍رن) کو آؤٹ کر کے مہاراشٹر کو گہرے بحران میں ڈال دیا۔
یہ بھی پڑھئے:اکشے کمار کی ’’بھوت بنگلہ‘‘ ۱۵؍ مئی کو ریلیز ہوگی
بعد ازاں وِکّی اوتسوال نے رتوراج گائیکواڑ کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور تیزی سے رن بھی بٹورے۔ دونوں کے درمیان ساتویں وکٹ کے لیے ۱۰۶؍ رن کی شراکت ہوئی۔ ۴۳؍ویں اوور میں للت یادو نے وِکّی اوتسوال کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ وِکّی اوتسوال نے ۸۲؍ گیندوں پر دو چوکے اور دو چھکے لگا کر۵۳؍ رن بنائے۔ اسی دوران رتوراج گائیکواڑ نے اپنی سنچری مکمل کی۔
یہ بھی پڑھئے:آسٹریلیا نے سڈنی ٹیسٹ ۵؍ وکٹوں سے جیت کر ایشیزسیریز اپنے نام کر لی
مہاراشٹر نے مقررہ ۵۰؍ اوور میں سات وکٹ پر ۲۴۹؍ رن بنائے۔ رتوراج گائیکواڑ نے ۱۳۱؍ گیندوں پر آٹھ چوکے اور چھ چھکے لگا کر ناٹ آؤٹ۱۳۴؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی۔ راج وردھن ہنگرگیکر نے ۱۹؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۳۲؍ رن بنائے، جن میں ایک چوکا اور تین چھکے شامل تھے۔ گوا کی جانب سے واسُکی کوشک نے تین وکٹ حاصل کیں۔ ارجن تینڈولکر ، دیپ راج گاؤںکر، درشن مسال اور للت یادو نے ایک ایک وکٹ لی۔