• Tue, 14 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ورلی : میٹرو اسٹیشن کو نہرو کے نام پرنہ رکھنے سے کانگریس ناراض، بی جے پی پر سخت تنقید کی

Updated: October 14, 2025, 3:24 PM IST | Agency | Mumbai

ممبئی کانگریس نے پیر کو دعویٰ کیا کہ حکمراں بی جے پی نے جان بوجھ کر  زیرزمین میٹرو۳؍پر سائنس سینٹر میٹرو اسٹیشن کا نام ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے نام پر نہیں رکھا ہے۔

`Science Centre` metro station near Nehru Science Centre. Photo: Ashish Raje
نہروسائنس سینٹر کے قریب ’سائنس سینٹر‘میٹرواسٹیشن۔ تصویر:آشیش راجے
ممبئی کانگریس نے پیر کو دعویٰ کیا کہ حکمراں بی جے پی نے جان بوجھ کر  زیرزمین میٹرو۳؍پر سائنس سینٹر میٹرو اسٹیشن کا نام ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے نام پر نہیں رکھا ہے۔
’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں ممبئی کانگریس کے چیف ترجمان سچن ساونت نے مزید کہا کہ نہرو کی ملک کیلئے جوغیرمتزلزل خدمات ہیں،    بی جے پی چاہے انہیں کتنا ہی حقیر سمجھے یا ان کی وراثت کو بدنام کرنے کی کوشش کرے، ایسی کوششیں آسمان پر تھوکنے کی طرح بے سود ثابت ہوں گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ پورا ملک جانتا ہے کہ ورلی (جہاں میٹرو اسٹیشن واقع ہے)  علاقے کی شناخت نہرو سائنس سینٹر کے نام سے   ہے،اس کے باوجود چونکہ بی جے پی کو نہرو کے نام سے الرجی ہے ، انہوں نے جان بوجھ کرمیٹرو اسٹیشن کا نام محض سائنس سینٹر رکھا اور نہرو کا نام چھوڑدیا۔
سچن ساونت نے الزام لگایاکہ یہ   انتہائی قابل اعتراض اور سابق وزیر اعظم اور عالمی آئیکون، بھارت رتن پنڈت جواہر لال نہرو جی کی یادگار کی زبردست توہین ہے جن کے ویژن نے ہندوستان کے سائنسی مزاج، صنعتی ترقی اور جدید نقطہ نظر کی بنیاد رکھی ۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ ’’ایک بار پھریہ عمل بی جے پی کی چھوٹی، عدم برداشت اور انتقامی ذہنیت کو بے نقاب کرتا ہے۔  اس سے پہلے انہوں نے دہلی میں نہرو میموریل میوزیم اور لائبریری کا نام بدل کر پرائم منسٹرز میوزیم رکھا اور نہرو یووا کیندر سنگٹھن (این وائی کے ایس) کی جگہ مائی بھارت رکھ دیا۔ سچن ساونت نے کہا کہ ہم  پُرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ ورلی میٹرو اسٹیشن کو ملک کے پہلے وزیر اعظم کا نام دیا جائے۔ دنیا دیکھ رہی ہے کہ ہندوستان کے عظیم رہنماؤں اور بانیوں کے ساتھ کیسا سلوک کیا جارہا ہے۔ بی جے پی کی بگڑی ہوئی ذہنیت نہ صرف تاریخ کو مٹا رہی ہے بلکہ ہماری قوم کے وقار اور عالمی شبیہ کو بھی داغدار کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیر اعظم نریندر مودی نے آچاریہ اترے چوک اور کف پریڈ کے درمیان   میٹرو لائن  ۳؍کے آخری مرحلے کا افتتاح کیاتھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK