Inquilab Logo Happiest Places to Work

۱۴؍سالہ محمد کیف کی شاندار ڈبل سنچری

Updated: May 09, 2025, 1:42 PM IST | Agency | New Delhi

راج سنگھ ڈونگرپور انڈر۔۱۴؍ ٹورنامنٹ میں یو پی کے کھلاڑی کی عمدہ بلے بازی۔

Mohammad Kaif: A big achievement at a young age. Photo: INN
محمد کیف:چھوٹی عمر میں بڑا کارنامہ۔ تصویر: آئی این این

آج کے دور میں کرکٹ کی دنیا میں چھوٹی عمر کے کھلاڑی بڑے کھلاڑیوں  سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ  رہے ہیں۔ ۱۴؍سالہ ویبھو سوریہ ونشی نے آئی پی ایل ۲۰۲۵ءمیں بڑے گیندبازوں کے چھکے چھڑا دئیے اور دنیائے کرکٹ میں کھلبلی مچ گئی۔ کئی بڑی شخصیات  اور کرکٹ ماہرین نے ویبھو سوریہ ونشی کو ہندوستان کا مستقبل کہنا شروع کر دیا۔ انہوں نے صرف ۳۵؍گیندوں میں سنچری اسکور کی اور سنچری بنانے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے۔ لیکن ویبھو کی طرح اب ایک اور کھلاڑی سرخیوں میں ہے۔ اتر پردیش کے محمد کیف کی عمر بھی صرف ۱۴؍سال ہے۔ محمد کیف کے والد ایک مزدور ہیں۔ کیف نے راج سنگھ ڈنگر پور کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں ڈبل سنچری بناکر سب کو حیران کردیا۔ ایسے میں ویبھو سوریہ ونشی کو اس کھلاڑی سے سخت ٹکر ملنے کی امید  ہے۔
 محمد کیف نے یہ ڈبل سنچری اتراکھنڈ کے دہرادون میں منعقد انڈر ۔۱۴؍راج سنگھ ڈنگر پور کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں بنائی۔انہوں نے بلے بازی کرتے ہوئے ۲۸۰؍گیندوں کا سامنا کیا اور ۲۵۰؍رنوں کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انہوں نے اپنی اننگز کے دوران ۱۹؍ چوکے اور ۱۲؍چھکے لگائے۔ واضح رہے کہ کیف کو حال ہی میں کانپور میں ہوئے ٹرائلز کی بنیاد پر انڈر ۔۱۴؍یوپی ٹیم میں منتخب کیا گیا تھا۔ اس کے بعد دہرادون میں کھیلے جا رہے انڈر ۔۱۴؍راج سنگھ ڈنگر پور کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں یوپی کا مقابلہ ودربھ سے ہوا جس میں محمد کیف نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ 
 اس ۱۴؍سالہ بلے باز نے سب کو حیران کر دیا اور ڈبل سنچری بنا ڈالی۔ اس دوران انہوں نے کریز پر ۳۷۷؍منٹ تک بلے بازی کی اور ۶۶ء۲۹؍کے اسٹرائیک ریٹ سے رن بنائے۔ اگر ہم محمد کیف کے خاندان کی بات کریں تو ان کے والد مزدوری کرتے ہیں۔ کیف کا خاندان ان کی والدہ، ۲؍ بھائی اور ۴؍ بہنوں پر مشتمل ہے۔ محمد کیف تمام بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے ہیں۔ والد نے بتایا  کہ کیف کا بچپن سے ہی کرکٹر بننے کا خواب تھا۔ ۷؍سال کی عمر میں اس نے بیٹ اٹھایا اورلگاتار مشق کرنے ہوئے اپنے کھیل کو بہتر کرتے رہے۔ دریں اثناء محمد کیف کے کوچ بہارالدین صدیقی اور محمد حسین کے مطابق وقت پر پریکٹس کرنا محمد کیف کی ترجیح ہے۔ کرکٹ شائقین امید کریں گے کہ ویبھو سوریہ ونشی کی طرح محمد کیف بھی دنیا کے سامنے ہندوستان کا نام روشن کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK