• Sat, 25 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

۱۸؍سال کا انتظار ختم، جنوبی افریقہ نے پاکستان کو ہرادیا

Updated: October 24, 2025, 1:20 PM IST | Agency | Rawalpindi

پاکستانی سرزمین پر جنوبی افریقہ طویل عرصہ بعد ٹیسٹ میچ میں کامیاب،دوسرا ٹیسٹ ۸؍وکٹوں سے جیت لیا،سیریز ایک ایک سے برابر۔

South Africa and Pakistan captains Adam Markram and Shane Masood can be seen with the trophy. Photo: INN
جنوبی افریقہ اورپاکستان کے کپتان ایڈم مارکرم اورشان مسعود ٹرافی کے ساتھ دیکھے جا سکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این
راولپنڈی،(ایجنسی):جنوبی افریقہ نے پنڈی ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست دے کر ۲؍ میچز کی سیریز ایک ایک سے برابر کر لی۔ راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ۶۸؍رنوں کا ہدف باآسانی ۲؍وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کپتان ایڈن مارکرم ۴۲؍ اور ٹرسٹان اسٹبس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ رائن ریکلٹن ۲۵؍ رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ یہ جنوبی افریقہ کی پاکستانی سرزمین پر ٹیسٹ کرکٹ میں ۲۰۰۷ءکے بعد پہلی فتح ہے۔پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے ۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل پاکستانی بیٹنگ لائن اپنی دوسری اننگز میں بری طرح ناکام ہوگئی تھی۔ پاکستان نے چوتھے روز ۹۴؍رن ۴؍ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز کا آغاز کیا تو بابر اعظم (۵۰) اپنے گزشتہ روز کے اسکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کرکے پہلے ہی اوور میں پویلین واپس لوٹ گئے۔محمد رضوان بھی زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکے اور ۱۸؍ رن بناکر آؤٹ ہوگئے۔ نعمان علی اور شاہین آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ سلمان آغا ۲۸؍اور ساجد خان ۱۳؍ رن بناسکے۔ 
گزشتہ روز پاکستان نے ۷۱؍رن کے خسارے کے ساتھ اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو صرف ۱۶؍ کے مجموعی اسکور پر ٹاپ تھری بلے باز پویلین لوٹ گئے تھے۔ امام الحق ۹، عبداللہ شفیق ۶؍ اور کپتان شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم اور سعود شکیل کے درمیان ۴۴؍رنوں کی شراکت سے پاکستانی اننگز کچھ سنبھلی ہی تھی کہ سعود شکیل ۱۱؍کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں صرف ۱۳۸؍رن ہی بناسکی اور جنوبی افریقہ کو جیت لئے۶۸؍ رنوں کا ہدف ملا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے سائمن ہارمر نے ۶، کیشو مہاراج نے ۲؍ اور کگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ یاد رہے کہ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پہلی اننگز میں ۳۳۳؍رن بنائے تھے۔ 
کپتان شان مسعود ۸۷، سعود شکیل ۶۶؍اور عبداللہ شفیق ۵۷؍ رن بناکر نمایاں رہے تھے۔ سلمان آغا ۴۵؍، محمد رضوان ۱۹؍، امام الحق ۱۷؍، بابر اعظم ۱۶؍ رن بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج نے۷؍، سائمن ہارمر نے ۲؍اور کگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کیا تھا۔ 
پاکستان کے ۳۳؍رنوں کے جواب میں جنوبی افریقہ نے اپنی پہلی اننگز میں ۴۰۴؍ رن بناکر ۷۱؍رنوں کی برتری حاصل کی تھی۔ ۲۳۵؍ رنوں پر ۸؍ وکٹیں گرنے کے بعد متھوسامی نے کیشو مہاراج (۳۰)کے ہمراہ نویں وکٹ پر۷۱؍ اور ربادا (۷۱)کے ہمراہ دسویں وکٹ پر ۹۸؍رنوں کی پارٹنرشپ قائم کرکے جنوبی افریقہ کو برتری دلوائی۔ متھوسامی ۸۹؍رن پر ناقابل شکست رہے جبکہ ٹرسٹان اسٹبس ۷۶؍اور کگیسو ربادا۷۱؍ رن بناکر نمایاں رہے تھے۔ 
پاکستان کی جانب سے آصف آفریدی نے۶، نعمان علی نے ۲؍ جبکہ شاہین آفریدی اور ساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔ آصف آفریدی پاکستان کی جانب سے ڈیبیو پر ۵؍ وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے لیفٹ آرم اسپنر بن گئے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK