Inquilab Logo

نظم و ضبط کوہلی کو بہترین بناتا ہے: جوش

Updated: June 01, 2023, 12:26 PM IST | Lancashire

آسٹریلوی گیندباز جوش ہیزل ووڈ کا خیال ہے کہ محمد سراج آئی پی ایل کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اتنے ہی مہلک ثابت ہوں گے

photo;INN
تصویر :آئی این این

 آسٹریلیا کے تیز گیند باز جوش ہیزل ووڈ کا ماننا ہے کہ ہندوستانی بلے باز وراٹ کوہلی کا نظم و ضبط انہیں دوسرے کھلاڑیوں سے ممتاز کرتا ہے۔
 ہیزل ووڈ نے منگل کو آئی سی سی کے ساتھ بات چیت میں کہا’’میرے خیال میں وہ جتنی محنت کرتے ہیں، وہ سب سے مختلف ہے۔ سب سے پہلے ان کی فٹنیس اور پھر ان کی مہارت، بیٹنگ اور فیلڈنگ (انہیں)  سب سے مختلف بناتی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’وہ ہمیشہ ٹریننگ کیلئے  سب سے پہلے آتے ہیں اور سب سے آخر میں جاتے ہیں۔ وہ جس جذبے کے ساتھ پریکٹس کرتے ہیں وہ اتنا زیادہ ہوتا ہے کہ دوسروں پر بھی اپنا اثر چھوڑتا ہے۔ یہ بعض اوقات دوسرے کھلاڑیوں پر بھی بہتری لا سکتا ہے۔
 کوہلی اور ہیزل ووڈ۷؍جون سے ہونے والے ورلڈ ٹیسٹ  چمپئن  شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے حالانکہ گزشتہ ۲؍ برسوں میں ان دونوں نے آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کیلئے کھیلتے ہوئے کافی وقت ایک ساتھ گزارا ہے۔کوہلی کے علاوہ، ہیزل ووڈ آرسی بی  میں محمد سراج کے ساتھ بھی وقت گزار چکے ہیں جو آئندہ  ڈبلیو ٹی سی فائنل میں ہندوستان کے اہم گیندباز ہوں گے۔ آئی پی ایل۲۰۲۳ء کے۱۴؍ میچوں میں۱۹؍ وکٹ حاصل کرنے والے سراج شاندار فارم میں ہیں اور ہیزل ووڈ کا خیال ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اتنا ہی مہلک ثابت ہوں گے۔
 آسٹریلوی کھلاڑی جوش ہیزل ووڈ نے کہا ’’میں اس سال (انجری کے باعث) آئی پی ایل میں تھوڑی دیر سے پہنچا لیکن اس سے پہلے ہی وہ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے تھے۔ وہ ہمیشہ سب سے پہلے وکٹ لیتے ہیں اوران کی اکونمی بھی بہترین ہوتی ہے۔انہوں نے کہا ’’چناسوامی (آر سی بی کے ہوم گراؤنڈ) پر بولنگ کرنا آسان نہیں ہے، لیکن وہ مسلسل ۶؍ یا ساڑھے ۶؍  کے رن ریٹ سے ہی رن دیتے تھے۔ ان کا کنٹرول بہترین تھا اور وہ اچھی بولنگ کر رہے ہیں۔
 ہیزل ووڈ طویل عرصے سے ایڑی کی انجری سے جوجھ رہے تھے جس کی وجہ سے وہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان  دسمبر میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے تھے۔ وہ آئی پی ایل۲۰۲۳ء میں بھی ۳؍ ہی میچ کھیل سکے اور سائیڈ اسٹرین کی وجہ سے وطن لوٹ آئے تھے۔
 ہیزل ووڈ نے ڈبلیو ٹی سی فائنل سے قبل فٹنیس کے تمام شکوک و شبہات کو دور کر دیا ہے اور خطابی  میچ میں کھیلنے کی امید ظاہر کی ہے۔ انہوں نے آئی سی سی کو بتایا کہ وہ ہندوستان کے خلاف میدان پر اترنے کیلئے تیار ہیں، لیکن انہیں  اپنی فٹنیس ثابت کرنے کیلئے ایک ہفتے کی گیندبازی پریکٹس کرنی ہوگی۔
 ہیزل ووڈ نے کہا ’’میری فٹنیس بہت اچھی ہے۔ اب صرف اس تاریخ (۷؍ جون) تک ہر سیشن میں حصہ لینے کی بات ہے۔ ٹی۲۰؍میں آپ ہر اوور میں بہت سی مختلف گیندیں ڈالتے ہیں۔ اس لئے  سائیڈ اسٹرین کا مسئلہ پیدا ہوا۔
 انہوں نے کہا’’یہ بہت جلد ٹھیک بھی ہوگیا۔ میرے پاس ایک ہفتہ کا وقت تھا، میں آئی پی ایل میں صد فیصد نہیں دے سکا، لیکن آخری کچھ پریکٹس اچھی رہی ہیں اورمیں بہتر تیاری کررہا ہوں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK