Inquilab Logo

سنسنی خیز مقابلے میں ہندوستان کی بنگلہ دیش پر فتح

Updated: November 03, 2022, 12:28 PM IST | Agency | Adelaide

ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے بارش سے متاثر میچ میں ہندوستان نے حریف ٹیم کو ۵؍رن سے ہرادیا۔ وراٹ کوہلی اور کے ایل راہل نے نصف سنچری بنائی

Virat Kohli .Picture:INN
وراٹ کوہلی ۔ تصویر:آئی این این

 وراٹ کوہلی(ناٹ آؤٹ ۶۴؍رن) اور کے ایل راہل (۵۰؍رن) کی نصف سنچریوں کے بعد گیند بازوں کے صبر کی بدولت ہندوستان نے منگل کو ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ۲۰۲۲ء کے بارش سے متاثر سپر۱۲؍ کے میچ میں بنگلہ دیش کو ۵؍ رن سے شکست دی۔  ہندوستان نے گروپ۲؍ میں بنگلہ دیش کے سامنے۲۰؍ اوورس میں ۱۸۵؍ رن کا ہدف رکھا تھا جسے بارش کے باعث۱۶؍ اوورمیں ۱۵۱؍ رن تک محدود کر دیا گیا۔ جواب میں بنگلہ دیش صرف ۱۴۵؍ رن بنا سکا۔ بنگلہ دیش کے اوپنر لٹن داس (۶۰؍رن) نے بھرپور بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ۷؍اوورس میں۶۶؍ رن تک پہنچادیا، لیکن بارش کے باعث میچ روک  دیا گیا۔ بارش کے بعد کھیل شروع ہوتے ہی لٹن رن آؤٹ ہو گئے اور بنگلہ دیش کے وکٹ گرنے لگے۔ اس کے باوجود نورالحسن (۱۹؍رن) اور تسکین احمد (۱۲؍رن) نے ۷؍ویں وکٹ کیلئے۱۹؍گیندوں پر۳۷؍ رن کی شراکت  کر کے بنگلہ دیش کو ہدف کے قریب پہنچا دیا۔ ارشدیپ سنگھ کو آخری اوور میں ہندوستان کو۲۰؍ رن بچانے تھے۔  نور نے اس اوور میں ایک چھکا اور ایک چوکا بھی لگایا لیکن ارشدیپ نے تحمل کے ساتھ بولنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو ۱۴۵؍ رن تک محدود کردیا۔ ہندوستان نے گروپ۲؍  میں ۴؍ میچوں میں ۶؍ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے جبکہ بنگلہ دیش تیسرے نمبر پر ہے۔  بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کرہندوستان کو بیٹنگ کی دعوت دی اور ابتدائی اوورس میں میچ پر گرفت بھی مضبوط کی۔ ہندوستان نے چوتھے اوور میں روہت شرما کا وکٹ گنوایا لیکن راہل نے ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر رن ریٹ بڑھا دیا۔راہل اور کوہلی نے یہاں سے اننگز کو آگے بڑھاتے ہوئے۶۷؍ رن کی شراکت کی۔ سست آغاز کرنے والے راہل نے۱۰؍ویں اوور میں۳۲؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے۵۰؍ رن مکمل کئے، حالانکہ وہ اسی اوور میں آؤٹ ہو گئے۔ سوریہ کمار یادو نے۱۶؍ گیندوں پر۴؍ چوکوں کی مدد سے۳۰؍ رن بنائے لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد ہاردک پانڈیا، دنیش کارتک اور اکشر پٹیل بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔ کوہلی دوسرے کنارے سے رن بناتے رہے۔ وہ اس دوران ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔ کوہلی نے۴۴؍گیندوں پر۸؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۶۴؍ رن بنائے۔ ان کا ساتھ دیتے ہوئے روی چندرن اشون نے ۶؍ گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے۱۳؍ رن بنائے۔ آخری ۳؍ اوورس میں ۳؍ وکٹ گنوانے کے باوجود ہندوستان نے۲۰؍ اوورس میں۵۴؍ رن کا اضافہ کرتے ہوئے ۶؍وکٹ پر ۱۸۴؍رن بنالئے۔  بنگلہ دیش نے۱۸۵؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں دھماکہ خیز آغاز کیا۔ نجم الحسین شانتو ایک سرے پر پرسکون رہے جبکہ لٹن نے دوسرے سرے پر انتھک بیٹنگ کرتے ہوئے۲۱؍ گیندوں پر اپنی ففٹی تک پہنچائی۔ بنگلہ دیش نے ۷؍ اوور میں۶۶؍ رن بنائے تھے لیکن ایڈیلیڈ کی بارش نے لٹن کے طوفان کو ختم کر دیا۔ بارش رکنے کے بعد بنگلہ دیش کو ۹؍ اوورس میں۸۵؍ رن درکار تھے۔ ہندوستان کو پہلی کامیابی ۸؍ویں اوور کی دوسری گیند پر ملی اور لٹن داس۲۷؍ گیندوں پر ۷؍چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ۶۰؍ رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ شانتو (۲۱) نے اپنا ہاتھ کھولنے کی کوشش کی لیکن محمد سمیع نے انہیں سوریہ کمار یادو کے ہاتھوں کیچ کروا لیا۔ بنگلہ دیش نے ۹؍ رن کے اندر اگلے ۴؍ وکٹ گنوا دیئے۔ ارشدیپ سنگھ نے ۵؍ گیندوں کے وقفے میں عفیف حسین اور شکیب الحسن کو آؤٹ کیا جبکہ ہاردک پانڈیا نے اپنے اوور میں یاسر علی اور مصدق حسین کو آؤٹ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK