اسٹیڈیم میں نئے سنتھیٹک کورٹ کی تعمیر اورہاسٹل بلاک کی جدید کاری کی جائےگی
EPAPER
Updated: June 23, 2023, 1:36 PM IST | Jalandhar
اسٹیڈیم میں نئے سنتھیٹک کورٹ کی تعمیر اورہاسٹل بلاک کی جدید کاری کی جائےگی
پنجاب میں کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے پُرعزم بھگونت مان حکومت نے رائے زادہ ہنس راج بیڈمنٹن اسٹیڈیم کے لئے ۲۳ء۱۶؍لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کی ہے۔ اس گرانٹ سے اسٹیڈیم میں کئی اہم کام مکمل ہوں گے۔ڈسٹرکٹ بیڈمنٹن اسوسی ایشن (ڈی بی اے) کے سیکریٹری اور سابق قومی کھلاڑی رتن کھنہ نے وزیر اعلیٰ بھگونت مان اور وزیر کھیل گرمیت ہیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہنس راج بیڈمنٹن اسٹیڈیم کی تاریخ میں آج تک اتنی بڑی گرانٹ نہیں ملی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ کھیل نے ضلع کے ڈپٹی کمشنر اسپیشل سرنگل کو ۲۳ء۱۶؍لاکھ روپے بھیجے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ تعمیرات عامہ (پی ڈبلیو ڈی) کو فوری طور پر ٹینڈر جاری کرنے اور کام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سیکریٹری کھنہ نے کہا کہ اس رقم سے اسٹیڈیم میں مختلف کام مکمل کئے جائیں گے جن میں ایک نئے سنتھیٹک کورٹ کی تعمیر، ہاسٹل بلاک کی جدید کاری اور جمنازیم کی توسیع شامل ہے۔ اس وقت رائےزادہ ہنسراج بیڈمنٹن اسٹیڈیم میں ۵؍ مصنوعی کورٹس ہیں اور سیکڑوںکھلاڑی مختلف شفٹوں میں یہاں پریکٹس کرتے ہیں۔ اس کے باوجود کورٹس کی کمی کی وجہ سے اسوسی ایشن مزید کئی کھلاڑیوں کو داخلہ نہیں دے سکی جو یہاں پریکٹس کرنا چاہتے تھے۔ اس لئے ایک اور نئے سنتھیٹک کورٹ کی تعمیر سے مزید کھلاڑی اسٹیڈیم میں پریکٹس کر سکیں گے۔ چھٹے مصنوعی کورٹ کی تعمیر سے یہاں قومی سطح کے ٹورنامنٹس کے انعقاد کی راہ ہموار ہوگی۔
رتن کھنہ نے کہا کہ اب جمنازیم کا سائز بڑھا کر اسے جدید مشینوں سے لیس کیا جائے گا۔ اسٹیڈیم کے ہاسٹل بلاک کی بھی تزئین و آرائش کی جائے گی، جس سے آنے والے وقت میں پنجاب کے مختلف شہروں سے کھلاڑی پیشہ وارانہ تربیت کے لئے جالندھر آ سکیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے بھی اسٹیڈیم کا دورہ کیا تھا اور عبوری کمیٹی کے کام کی تعریف کی تھی۔