مارول کی نئی سپرہیرو فلم ریلیز سے تقریباً ۴؍ ہفتے پہلے ہی ہندوستانی باکس آفس پر دھوم مچا رہی ہے۔ ۵۵ء۶؍ لاکھ سے زائد ٹکٹ فروخت، ممبئی اور دہلی بڑے بازار بن کر ابھرے، نوی ممبئی کے ایک سنیما میں 4DX 3D شو کا ٹکٹ ۴۱۰۰؍روپے تک پہنچ گیا۔
EPAPER
Updated: November 22, 2026, 5:07 PM IST | Mumbai
مارول کی نئی سپرہیرو فلم ریلیز سے تقریباً ۴؍ ہفتے پہلے ہی ہندوستانی باکس آفس پر دھوم مچا رہی ہے۔ ۵۵ء۶؍ لاکھ سے زائد ٹکٹ فروخت، ممبئی اور دہلی بڑے بازار بن کر ابھرے، نوی ممبئی کے ایک سنیما میں 4DX 3D شو کا ٹکٹ ۴۱۰۰؍روپے تک پہنچ گیا۔
ہالی ووڈ کی آنے والی سپرہیرو فلم ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ نے ہندوستان میں ریلیز سے پہلے ہی ایڈوانس بکنگ کے ذریعے ۸۶ء۴۱؍ کروڑ روپے کا مجموعی کاروبار کرلیا ہے۔ فلم ۱۷؍ دسمبر ۲۰۲۶ء کو ہندوستانی سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، جب کہ امریکہ میں اس کی ریلیز ایک دن بعد، ۱۸؍ دسمبر کو مقرر ہے۔ Sacnilk کے اعداد و شمار کے مطابق ۲۰؍ نومبر سہ پہر ۳؍ بجے تک فلم کے تقریباً ۵۵ء۶؍ لاکھ ٹکٹ فروخت ہوچکے تھے۔ تاہم، بلاک نشستوں کی آمدنی نکال دی جائے تو ایڈوانس بکنگ کا مجموعی کاروبار ۹۶ء۳۴؍ کروڑ روپے رہ جاتا ہے۔ فلم کی پہلے دن کی بکنگ سب سے زیادہ تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ ۱۷؍ دسمبر کے لیے ایڈوانس بکنگ سے ۱۶ء۱۹؍ کروڑ روپے جمع ہوئے، جب کہ جمعہ ۱۸؍ دسمبر کے لیے ۴۰ء۸؍ کروڑ، سنیچر ۱۹؍ دسمبر کے لیے ۷۳ء۷؍ کروڑ اور اتوار ۲۰؍ دسمبر کے لیے ۵۶ء۶؍ کروڑ روپے کی بکنگ ہوئی۔ یہ اعداد و شمار بلاک نشستوں سمیت ہیں۔ فلم کے پہلے دن کے تقریباً ۷۶ء۲؍ لاکھ ٹکٹ فروخت ہوئے، جو چار روزہ افتتاحی ویک اینڈ کی مجموعی فروخت کا بڑا حصہ ہیں۔
Mumbai understood the assignment. Avengers: Doomsday fever has officially taken over! 😭🔥 https://t.co/mkOz2Ike8w
— Mia Wallace (@MiaCentTino666) November 20, 2026
یہ بھی پڑھئے: روشن کی موسیقی سے کئی شاندار گیت جگمگارہے ہیں
شہر کے لحاظ سے ممبئی ۷۳ء۷؍ کروڑ روپے کی ایڈوانس بکنگ کے ساتھ سب سے آگے ہے، جب کہ دہلی اور نیشنل کیپیٹل ریجن ۲۱ء۷؍ کروڑ روپے کے ساتھ دوسرے مقام پر ہیں۔ بنگلورو سے ۶۱ء۴؍ کروڑ اور کولکاتا سے ۲۰ء۳؍ کروڑ روپے کی بکنگ ہوئی۔ حیدرآباد بھی اہم بازاروں میں شامل ہے۔ ریاستوں میں مہاراشٹر ۳۲ء۱۰؍ کروڑ روپے کے مجموعی کاروبار کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ فلم کے ٹکٹوں کی قیمتوں نے بھی خاصی توجہ حاصل کی ہے۔ ممبئی میں عام نشستوں کے ٹکٹ تقریباً ۴۵۰؍ روپے سے شروع ہورہے ہیں، جب کہ کچھ پریمیم نشستوں کی قیمت ۳۲۰۰؍ روپے تک ہے۔ نوی ممبئی کے نیگس سی وڈز میں سنی پولس کے ایک 4DX 3D شو کا ٹکٹ ۴۱۰۰؍ روپے رکھا گیا ہے۔ یہ شو ۱۷؍ دسمبر کو رات ۱۲؍ بجکر ۵؍ منٹ پر شروع ہوگا۔ دہلی این سی آر میں ٹکٹ تقریباً ۵۲۰؍ روپے سے شروع ہوکر پریمیم نشستوں کے لیے ۲؍ ہزار روپے تک پہنچ رہے ہیں۔ قیمتوں میں سنیما، نشست، شو کے وقت اور فلم دکھانے کے فارمیٹ کے لحاظ سے فرق ہے۔
یہ بھی پڑھئے:تشار کپور نے کامیڈی کے ساتھ سنجیدہ کردار بھی نبھائے
فلم کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اسے آئی میکس میں ریلیز نہیں کیا جائے گا۔ اس کے بجائے مارول نے ’انفینٹی وژن‘ اور ’انفینٹی وژن 3D‘ نامی پریمیم بڑے پردے کا فارمیٹ متعارف کرایا ہے۔ اس کی وجہ دسمبر میں ڈینس ویلینیو کی فلم ’ڈُون: پارٹ تھری‘ کی ریلیز ہے، جس کے لیے آئی میکس اسکرینوں کی پہلے سے بکنگ کی گئی ہے۔
انتھونی اور جو روسو کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں رابرٹ ڈاؤنی جونیئر آئرن مین کے بجائے ولن ڈاکٹر ڈوم کا کردار ادا کررہے ہیں۔ کرس ایونز، کرس ہیمس ورتھ، پیڈرو پاسکل، انتھونی میکی، فلورنس پگ اور وینیسا کربی سمیت کئی بڑے اداکار بھی فلم کا حصہ ہیں۔ اس میں ایونجرز، فینٹاسٹک فور اور ایکس مین کے کردار ایک ساتھ نظر آئیں گے۔