Inquilab Logo

افغانستان کی ٹی۲۰؍ میچ میں آئرلینڈ پر ۱۰؍ رن سے فتح

Updated: March 19, 2024, 9:57 AM IST | Agency | Sharjah

محمد نبی نے ۵۹؍رن بنائے۔ کپتان راشد خان کی آل راؤنڈ کارکردگی۔

Rashid Khan Photo: INN
راشد خان ۔ تصویر : آئی این این

محمد نبی کی۵۹؍ رن کی شاندار نصف سنچری اور کپتان راشدخان کی آل راؤنڈر کارکردگی کی بدولت افغانستان نے دوسرے ٹی۲۰؍ میچ میں آئرلینڈ کو۱۰؍رن سے شکست دے دی۔ 
 ۱۵۳؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آئرلینڈ کا آغاز اچھا رہا اور اینڈی بالبرنی اور پال اسٹرلنگ کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کے لئے ۴۹؍ رن جوڑے۔ اینڈی بالبرنی نے ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ۴۴؍گیندوں پر۴۵؍ رن بنائے۔ گیرتھ ڈیلانی نے۱۸؍ گیندوں پر۳۹؍ اور کپتان پال اسٹرلنگ نے ۲۵؍ رن بنائے۔ لورکن ٹیکر۱۰؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ۱۲؍ویں اوور میں کرٹس کیمفر ۶؍ رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ آئرلینڈ کی ٹیم مقررہ ۲۰؍ اوورس میں ۸؍ وکٹوں پر صرف۱۴۲؍ رن بنا سکی اور۱۰؍ رن سے میچ ہار گئی۔ 
 افغانستان کی جانب سے راشد خان نے ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ ننگیالیا کھروٹے کو ۲؍ وکٹ ملے۔ فضل الحق فاروقی اور محمد نبی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ افغانستان کا آغاز اچھا نہیں رہا اور سلامی بلے باز رحمان اللہ گرباز دوسرے اوور میں ۳؍ رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد ابراہیم زدران بھی ۵؍ رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ایک وقت افغانستان نے ۴؍ اوورس میں ۱۴؍ رن پر ۴؍ وکٹ گنوا دی تھیں۔ اس کے بعد محمد نبی نے صدیق اللہ اتل کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان ۵؍ویں وکٹ کیلئے ۷۹؍ رن کی شراکت ہوئی۔ صدیق اللہ اتل نے۳۲؍ گیندوں پر۳۵؍ رن بنائے۔ وہیں محمد نبی نے۳۸؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے۵۹؍ رن کی اننگز کھیلی۔ اس جیت میں کپتان راشد خان نے اہم کردار ادا کیا، انہوں نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے۱۲؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے ۲۵؍ رن بنائے۔ افغانستان نے مقررہ ۲۰؍ اوورس میں ۹؍ وکٹ پر۱۵۲؍ رن بنائے۔ 
 آئرلینڈ کی جانب سے مارک ایڈیئر نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ جوش لٹل اور بیری میکارتھی کو ۲۔ ۲؍ وکٹ ملے۔ بین وائٹ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی افغانستان نے آئرلینڈ کے ساتھ ۳؍ میچوں کی ٹی ۲۰؍ سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK