Inquilab Logo

دہلی کپیٹلز سے شکست کےبعد پنجاب کنگزکا کھیل بگڑ گیا

Updated: May 19, 2023, 1:57 PM IST | Dharamshala

پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوچکی دہلی نے پنجاب کو بھی اس دوڑ سے تقریباًباہرکردیا،فاتح ٹیم نے اس سیزن میں پہلی بار ۲۰۰؍سے زائد کا اسکور کیا

Riley Russo scored 82 runs while showing aggressive batting. (PTI)
ریلی روسو نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۸۲؍رن بنائے۔(پی ٹی آئی)

دھرمشالہ میں  ویسے تو کب  بارش ہو جائے کہا نہیں جا سکتاہے، تاہم گزشتہ روز موسم خوشگوار تھا لیکن شام ڈھلتے ہی  ایچ پی سی اےکرکٹ اسٹیڈیم میں  رنوں کی تیز بارش شروع ہوگئی۔ دہلی کے کپتان ڈیوڈ وارنر، پرتھوی شا اور ریلی روسو نے پنجاب کنگز کے خلاف میچ میں چوکے اور چھکوں کی بارش کر ڈالی۔ جب تک پنجاب کے گیند باز کچھ سمجھ پاتے دہلی کپیٹلز کے بلے بازوں نے ۲۱۳؍رنوں کا بڑا اسکور بنا لیا تھا۔ پہلے ہی پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو چکی دہلی کپیٹلز نے یہ میچ ۱۵؍ رنوں سے جیت لیا اور پنجاب کی ٹاپ فور میں پہنچنے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
  لیام لیونگسٹون کی ۹۴؍رنوں کی دھماکہ خیز اننگز بھی پنجاب کو شکست سے نہ بچا سکی اور اس کا پلے آف سے باہر ہونا تقریباً یقینی  ہوگیاہے۔ پنجاب کو ممبئی کے نیٹ رن ریٹ سے آگے نکلنے کیلئے  ۱۶ء۴؍اوور میں ہدف حاصل کرنا تھا۔ شکھر دھون کی قیادت میں پنجاب کے ۱۳؍ میچوں میں ۱۲؍ پوائنٹس ہیں۔ اب انہیں راجستھان کے خلاف اپنا آخری لیگ میچ بڑے مارجن سے جیتنا ہوگا لیکن یہ بھی ان کے پلے آف تک پہنچنے کی ضمانت نہیں دے گا۔ پنجاب کے علاوہ راجستھان،  بنگلوراور کولکاتاکے بھی ۱۲؍ پوائنٹس ہیں۔ راجستھان اور کے کے آر کا بھی ایک ایک میچ باقی ہے جبکہ بنگلور کو ابھی ۲؍ میچ کھیلنا ہیں۔ ایسے میں پنجاب کی پلے آف میں پہنچنے کی قسمت کا دارومدار بھی دوسرے میچوں کے نتائج پر ہوگا۔
 لیونگ اسٹون کی  جارحانہ اننگز
  لیام لیونگ اسٹون نے پنجاب کی جانب سے ۹۴؍رنوں کی اننگز کھیلی لیکن ٹیم کا ہدف حاصل نہ کرسکے۔ لیام نے اتھروا ٹائیڈے کے ساتھ تیسرے وکٹ کیلئے۷۸؍ رن جوڑے۔  اتھرواکے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے بعد لیام ایک سرے پر کھڑے تھےلیکن انہیں دوسرے سرے سے کوئی سہارا نہیں ملا۔ لیام نے ۹؍ چھکے اور ۵؍ چوکے لگا کر آئی پی ایل میں اپنا سب سے بڑا سکور بنایا۔ اس سے قبل انہوں نے ممبئی کے خلاف موہالی میں ناقابل شکست ۸۴؍رن بنائے تھے۔ انگلش بلے باز پنجاب کی ٹیم میں دیر سے شامل ہوئے تھے اور انہوں نے رواں سیزن میں ۸؍ میچوں میں ۲۷۰؍رن بنائے ہیں جن میں ۲؍ نصف سنچریاں شامل ہیں۔
 روسو نے طاقت کا مظاہرہ کیا
  اس سے قبل، دہلی کیپٹلز نے ریلی روسو کی شاندار اور جارحانہ اننگز کے ساتھ اس سیزن میں پہلی بار ۲۰۰؍سے زیادہ رن بنائے۔ روسو نے ناقابل شکست ۸۲؍رن بنائے جو کہ آئی پی ایل میں ان کی بہترین کارکردگی ہے۔ روسو نے اپنی اننگز میں ۶؍ چوکے اور ۶؍ چھکے لگائے۔ روسو ۸؍ سال بعد آئی پی ایل کھیل رہے ہیں۔
 وارنر اور شا کی جوڑی پرانے انداز میں نظر آئی
  پنجاب کے کپتان شکھردھون نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ ڈیوڈ وارنر اور پرتھوی شا کی جوڑی ایک بار پھر پرانے انداز میں نظر آئی۔ دھرم شالہ میں کھیلے گئے اس میچ میں وارنر اور شا کی جوڑی نے تیز  بلے بازی کرتے ہوئے پہلے وکٹ کیلئے ۹۴؍رنوں کی شراکت قائم کی۔ اس جوڑی نے پاور پلے میں ۱۰؍کے اوسط سے ۶۱؍رن جوڑے۔ اس سیزن میں یہ دوسرا موقع ہے جب دہلی کی ٹیم نے پاور پلے میں کوئی وکٹ نہیں گنوایا۔ اس سے قبل یہ پنجاب کے خلاف تھا کہ وارنر اور فل سالٹ کی اوپننگ جوڑی نے پاور پلے میں ۶۵؍رنوں کی شراکت داری کی  تھی۔ 
پرتھوی شا  فارم میں نظر آئے
  آسٹریلیا کے آل راؤنڈر مچل مارش کے زخمی ہونے کے بعد دہلی نے پرتھوی شا کو ۷؍میچوں کے بعد دوبارہ پلیئنگ الیون میں شامل کیا تھا۔ یاد رہے کہ وہ پہلی ۶؍ اننگز میں صرف ۴۷؍رن ہی بنا سکے تھے اور ان کا اوسط صرف ۷ء۸۳؍تھا۔ اس مایوس کن کارکردگی کے بعد پرتھوی کو آخری الیون سے باہر کردیا گیا تھا۔ لیکن دھرم شالہ میں وہ پرانے فارم میں نظر آئے اور اس سیزن کی اپنی پہلی نصف سنچری بنائی۔
دہلی کی خراب فیلڈنگ
   اس میچ میںدہلی کی خراب فیلڈنگ بھی دیکھنے میں آئی حالانکہ پنجاب کی ٹیم اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکی۔ دہلی کے کھلاڑیوں نے ۵؍ کیچ  چھوڑے جن میں سے ۴؍ اتھروا تائیڈے کے تھے۔ ۱۰؍ویں اوور میں کلدیپ یادو کی گیند بازی کے دوران ٹائڈے کا ایک ہی اوور میں ۲؍کیچ چھوٹ گئے۔ اس کے بعد ۱۲؍ویں اوور میں بھی اکشر پٹیل ایمن خان کا کیچ نہ پکڑ سکے۔ اسی دوران ۱۳؍ویں اوور کی آخری گیند پر کیچ چھوٹ گیا۔ ۴؍ زندگیاں ملنے کے باوجود وہ ۴۲؍گیندوں میں ۵۴؍رن بنانے کے بعد ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔
  نمبر گیم: ۲۰۰؍پلس اسکور دہلی کیپٹلز نے پہلی بار اس سیزن میں بنایا۔۲۱۳؍ رن دھرم شالہ میں دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے پہلے پنجاب نے ۲۰۱۱ء میں بنگلور کے خلاف ۲۳۲؍رن بنائے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK