Inquilab Logo

دھرم شالہ میں تیسرا ٹیسٹ نہیں ہوگا

Updated: February 13, 2023, 4:07 PM IST | Mumbai

ایچ پی سی اے کااسٹیڈیم میچ کی میزبانی کے لئے تیار نہیں ۔بورڈ کی جائزہ ٹیم نے میدان کے تعلق سے منفی رپورٹ دی

This ground in Dharamshala is not ready to host a Test match
دھرم شالہ کا یہ میدان ٹیسٹ میچ کی میزبانی کیلئے تیار نہیں ہے

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والی  بارڈر-گاوسکر ٹرافی ٹیسٹ سیریز کا تیسرا میچ دھرم شالہ میں نہیں ہوگا۔ اتوار کو ای ایس پی این کرک انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق دھرم شالہ کا ایچ پی سی اے اسٹیڈیم میچ کی میزبانی کے لئے تیار نہیں ہے۔
 واضح رہے کہ ہماچل پردیش کرکٹ اسوسی ایشن (ایچ پی سی اے) نے نکاسی آب کا نیا نظام تیار کرنے کے لئے اسٹیڈیم کی گھاس کو دوبارہ بچھایا تھا۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کی ایک معائنہ ٹیم نے نکاسی آب کا نظام قائم ہونے کے بعد اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور زمین پر داغ پائے۔ معائنہ ٹیم کی منفی رپورٹ کے بعد بورڈ نے مقام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔
 بی سی سی آئی نے یکم مارچ سے شروع ہونے والے ٹیسٹ کے مقام کے بارے میں ابھی فیصلہ نہیں کیا ہے حالانکہ اندور یا راجکوٹ میں سے کسی ایک کو میچ مل سکتا ہے۔خیال رہے کہ ہندوستان نے آسٹریلیا کو پہلے ٹیسٹ میں اننگز اور۱۳۲؍ رن  سے شکست دے کر ۴؍ میچوں کی سیریز میں ۰۔۱؍ کی برتری حاصل کر لی ہے۔ سیریز کا اگلا میچ ۱۷؍ فروری سے دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
 معلوم ہوا ہے کہ بی سی سی آئی کے کیوریٹر تپوش چٹرجی نے ہماچل پردیش کرکٹ اسوسی ایشن (ایچ پی سی اے) اسٹیڈیم کا دورہ کرکے پچ اور آؤٹ فیلڈ کا معائنہ کیا۔ وہ حتمی فیصلے کے لئے اپنی رپورٹ بی سی سی آئی کے اعلیٰ حکام کو پیش کریں گے۔ بنگلور اور وشاکھاپٹنم ان مقامات میں شامل ہیں جہاں تیسرا ٹیسٹ کھیلا جا سکتا ہے۔ بی سی سی آئی کے سینئر ذرائع  نے کہا’’بی سی سی آئی کے پاس میچ کی میزبانی کے لئے فٹ ہونے کےکچھ معیار ہیں۔ اس گراؤنڈ پر کوئی مسابقتی میچ نہیں کھیلا گیا اور آؤٹ فیلڈ بھی تیار نہیں ہے۔
 میچ شروع ہونے میں۱۶؍ دن باقی ہیں، دھرم شالہ میں موسم بھی پریشانی کا باعث بن سکتا ہے کیونکہ یہاں بین الاقوامی میچوں میں اکثر بارش ہوتی رہی ہے۔ آؤٹ فیلڈ کے کچھ حصوں میں گھاس نہیں ہے اور آئندہ چند دنوں میں بارش کی پیش گوئی جاری کام کو متاثر کر سکتی ہے۔ ایچ پی سی اے  کے معتبر ذرائع نے کہا’’ہم نے کہا ہے کہ اگر موقع دیا گیا تو ہم میچ کی میزبانی کرنا چاہیں گے لیکن اس کا فیصلہ بی سی سی آئی کرے گا۔ کیوریٹر کی رپورٹ پیرامیٹرس پر مبنی ہوگی۔
 ہر کوئی دھرم شالہ میں ہونے والے ٹیسٹ میچ کا منتظر ہے کیونکہ اس کی پچ کو تیز گیند بازوں کیلئے مددگار سمجھا جاتا ہے اور یہ کرکٹ کی سیاحت کیلئے بھی ایک مثالی مقام ہے۔ بی سی سی آئی کی ایک ٹیم نے چند ہفتے قبل اس مقام کا دورہ کیا تھا۔ دھرم شالہ سے میچ کی منتقلی سے ہزاروں شائقین مایوس ہو جائیں گے کیونکہ وہ ایک طویل عرصے سے وہاں ورلڈ کلاس ٹیسٹ میچ کا انتظار کر رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK