• Tue, 24 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوگی کے سنگاپور دورے پر اکھلیش کاطنز، وہاں کے ’واٹر مینجمنٹ ‘ کا مطالعہ کرنے کا مشور ہ دیا

Updated: February 23, 2026, 11:13 PM IST | Lucknow

سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے امید ظاہر کی کہ سنگاپور سے واپسی کے بعد شاید یوپی کی حالت بھی سدھرجائے اور پانی کی نکاسی و آبی گزرگاہوں کا نظام ٹھیک ہوجائے

Samajwadi Party chief Akhilesh Yadav
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو

سماجوادی پارٹی(ایس پی) کے قومی صدر اکھلیش یادو نے پیرکو وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے سنگاپوراورجاپان کے سرکاری دورے پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس سفر کے دوران سنگاپور کے واٹر مینجمنٹ نظام کا مطالعہ کرنا چاہئے۔ایک پوسٹ میں سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جہاں سنگاپور میں پانی کی نکاسی اور آبی گزرگاہوں کا نظام منظم اور خوبصورت انداز میں برقرار رکھا جاتا ہے، وہیں اترپردیش میں اکثر پانی کی ٹنکیوں کے رساؤ اور ٹوٹی ہوئی پائپ لائنوں کے مسائل سامنے آتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہتر منصوبہ بندی اور مؤثر انتظام کے ذریعے ریاست کے بنیادی ڈھانچے کو نمایاں طور پر بہتر بنایا جا سکتا ہے۔  انہوں نے طنزیہ انداز میں اس دورے کو ’میٹھا سفر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ بیرون ملک پانی کے وسائل کے مؤثر انتظام کو دیکھ کر حیران ہو سکتے ہیں۔  
 اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ اتر پردیش میں بنیادی ڈھانچے کی دیکھ بھال پر مناسب توجہ نہیں دی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے عام لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ اپنی مدت کے ’آخری مرحلے‘ میں ’تجرباتی دورے‘ پر جا رہے ہیں، جب کہ ایسے تجربات سے پہلے ہی فائدہ اٹھایا جانا چاہیے تھا۔ ان کے مطابق ریاست کے عوام کو بہتر پانی کی فراہمی، مضبوط بنیادی ڈھانچہ اور مؤثر انتظام کی ضرورت ہے۔
  اس سے قبل انہوں نے بدعنوانی کے معاملے پر بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے نام پر ترقی کا ایک بھی کام درج نہیں ہے اور اس کا کام صرف گھپلے کرنا رہ گیا ہے۔ کونچ میں دو ماہ کے اندر سی سی روڈ کے اکھڑنے اور حال ہی میں پانی کی نئی تعمیر شدہ ٹنکیوں کے گرنے کی خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بدعنوانی میں ملوث لوگ کسی کام کو اپنے ہاتھ میں لیتے ہیں تو اس کی بربادی پہلے سے طے ہوتی ہے۔  انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں گڑھوں کا بھی ریکارڈ بنا ہے۔ کئی بار دعویٰ کیا گیا کہ سڑکیں گڑھوں سے پاک ہوں گی، لیکن گڑھے بھرے نہیں گئے بلکہ ان کے نام پر بجٹ خرچ ہو گیا۔ آج حالت یہ ہے کہ گڑھوں میں سڑک تلاش کرنی پڑ رہی ہے۔  
 اکھلیش یادو نے کہا کہ نوجوانوں کو نوکریاں نہیں مل رہی ہیں اور نوکری مانگنے پر لاٹھیاں برسائی جاتی ہیں۔ امتحانات کے بعد نتائج روک دیئے جاتے ہیں یا امتحانات ہی منسوخ ہو جاتے ہیں اور اساتذہ کو آئے دن توہین کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔  انہوں نے کہا کہ قانون و انتظام کی صورتحال تشویشناک ہے اور حراستی اموات کے معاملے میں  ہم سرِفہرست  ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین پولیس اہلکار بھی تھانوں میں محفوظ نہیں اور بچیوں کو آبروریزی کے واقعات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی زمین مافیا کی غیرقانونی سرگرمیوں کی سرپرستی کر رہی ہے اور ڈبل انجن سرکار ہر محاذ پرناکام ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK