• Fri, 09 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پٹنہ: ایس آئی آر اور گیانیش کمار کیخلاف شدید احتجاج

Updated: October 09, 2026, 12:39 PM IST | Agency | Patna

راج بھون کے راستے میں بڑی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، تیجسوی یادو اورمکیش ساہنی کی للکار ،کہا’’ ہم گولی سے نہیں ڈرتے‘‘

Opposition leader Tejashwi Yadav climbed over a barricade in Bihar. Photo: PTI
بہار میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو بیریکیڈ کے اوپر چڑھ گئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

مہاگٹھ بندھن کے کئی لیڈروں بشمول اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو،وکاس شیل انسان پارٹی( وی آئی پی) کے سربراہ مکیش ساہنی نے پٹنہ میں ایس آئی  آر اورالیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف شدید مظاہرہ کیا۔ ۳؍ گھنٹے تک چلے اس’ آکروش مارچ‘  کے دوران پٹنہ کی سڑکوں پر کافی افراتفری دیکھی گئی۔ صبح۱۰؍ بجے شروع ہونے والا یہ مظاہرہ دوپہر ایک بجے کے قریب ختم ہوا۔

پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی

انڈیا اتحاد کے مارچ کے پیش نظر دارالحکومت کےحساس علاقوں میںپولیس کا بھاری بندوبست تھا۔ مظاہرین کو روکنے کے لیے ریپڈ ایکشن فورسیزتک بلا ئی گئی تھیں۔ اس کے ساتھ ہی راج بھون کے راستے میں کئی جگہوں پر بیریکیڈنگ کی گئی تھی۔ انتظامیہ کی جانب سے پانچ لیئرزمیں حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔

تیجسوی رکاوٹیں توڑ کر آگے بڑھے

اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو صبح ساڑھے۱۰؍بجے کے قریب احتجاج میں شامل ہوئے۔ تیجسوی یادو کے پہنچتے ہی مہا گٹھ بندھن کے  دیگرلیڈران پُرجوش ہوگئے۔ اس دوران تیجسوی لوک بھون کی طرف بڑھنے لگے۔  اس دوران تیجسوی یادو اس بیریکیڈ پر بیٹھ گئے جسے پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے لگایا تھا۔واضح رہےکہ ایسا اس سے قبل راہل گاندھی ، پرینکا گاندھی اور نیہا بورا بھی کرچکی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: کارنجہ: ثاقب شیخ اورشیام ساوئی کی حاضردماغی اور مستعدی سے بڑا حادثہ ٹل گیا

پولیس نے تیجسوی کو گورنر سے ملوایا

اس دوران پولیس اور تیجسوی یادو کے درمیان زبردست جھڑپ  بھی ہوئی ۔ مظاہرے میں مکیش ساہنی، میسا بھارتی، آئی پی گپتا سمیت کئی بڑے کانگریس لیڈر بھی شریک رہے۔ اپوزیشن کا احتجاج بڑھتے ہی پولیس تیجسوی یادو، میسا بھارتی اور مکیش ساہنی کو ساتھ لے گئی اور انہیں گورنر سےملوایا ۔

ہم گولی کھانے کو تیار ہیں: مکیش ساہنی 

مظاہرے کے دوران وی آئی پی سپربراہ مکیش ساہنی نے کہا کہ ان کی انگلی ٹوٹ گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم حکومت گرائیں گے۔ اگر حکومت جمہوریت میں عوام کو اپنا مالک سمجھنے کو تیار نہیں تو اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔ مکیش ساہنی نے یہ بھی کہا کہ وہ عوام کے لیے گولی کھانے کو تیار ہیں۔

گورنر سے ملاقات کے بعد تیجسوی کا بیان

گورنر سے ملاقات کے بعد تیجسوی یادو نے گیانیش کمار پر اپنی سخت برہمی ظاہر کی ۔ انہوں نے’ جانی جانی یس پاپا ‘کی طرز پر گیانیش کمار پر ایک نظم بھی سنائی۔ انہوں نے کہا’’ گیانوگیانو، یس پاپا، چیٹنگ ووٹ ، نوپاپا...‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے عوام سب کچھ سمجھ چکے ہیں۔ تیجسوی نے دعویٰ کیا کہ کوئی بھی جمہوریت کو تباہ نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ مارچ پُرامن طریقے سے جاری تھا۔ اس کے باوجود انتظامیہ کا رویہ آمرانہ رہا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پولیس اے کے۴۷؍ کے ساتھ کھڑی تھی۔تیجسوی نے کہا کہ انڈیا اتحاد کے لوگ گولی اور جیل سے نہیں ڈرتے۔ جو بھی قربانی دینی پڑے وہ دینے کو تیار ہیں۔  ان کے مطابق اب ملک کے عوام الیکشن کمیشن کی بے ایمانی کو سمجھ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب کچھ سامنے آگیا ہے۔ اس دوران آرجے ڈی کے کئی لیڈروںکو بیریکیڈنگ سے نیچے دھکیل دیا گیا۔ اسکے علاوہ مظاہرہ میں کانگریس کے ریاستی صدر راجیش رام ہاتھوں میں ہتھکڑی لگا کرپہنچے، ان کے ہاتھ میں آئین کی کاپی بھی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK