فرنچ اوپن کے مردوں کے سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں اسپینی کھلاڑی نے فلاویو کوبولی کو ۳؍سیٹوں میں روند دیا
EPAPER
Updated: May 31, 2023, 12:12 PM IST | Paris
فرنچ اوپن کے مردوں کے سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں اسپینی کھلاڑی نے فلاویو کوبولی کو ۳؍سیٹوں میں روند دیا
سال کے دوسرے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ فرنچ اوپن میں اسپینش اسٹار کارلوس الکاراز نے مردوں کے سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی ہے۔ انہوںنے فلاویو کوبولی کو آسانی سے ۳؍ سیٹوں میں شکست دے کر اگلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ ایک اور میچ میں فرانسس ٹیفوئے نے بھی آسانی سے اپنا پہلے راؤنڈ کا میچ آسانی سے جیت لیا۔
فرنچ اوپن میں اول سیڈیڈ کھلاڑی الکاراز نے اچھی کارکردگی پیش کرتے ہوئے پہلا سیٹ آسانی سے اپنے نام کرلیا۔ دوسرے سیٹ کو جیتنے میں بھی انہیں زیادہ پریشانی نہیں ہوئی۔ تیسرے سیٹ میں کوبولی نے مزاحمت کی لیکن وہ ناکام رہے ۔ اسپین کے کھلاڑی الکاراز نے یہ میچ ۰۔۶، ۲۔۶، ۵۔۷؍ سے جیت کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔ میچ کے شکست پانے والے کھلاڑی کوبولی نے کہاکہ میں نے اچھی شروعات نہیں کی تھی اور جذباتی ہوگیا تھا اس لئے اپنے کھیل پر توجہ نہیں دے سکا۔
مردو ںکے سنگلز کے ایک اور میچ میں فرانسس ٹیفوئے نے ۳۔۶، ۴۔۶، ۲۔۶؍ سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔ یانک سنر نے بھی اپنے سے کمزور کھلاڑی الیگزینڈ مولر کو زیر کردیا۔ یانک سنر نے ۱۔۶، ۴۔۶، ۱۔۶؍ سے شکست دے دی۔ انہوں نے حریف ٹیم کو کھیلنے کا موقع نہیں دیا ۔ کیسپر رُوڈ نے بھی پہلے راؤنڈ میں کامیابی کے ساتھ شروعات کی۔ انہوں نے ایلیاس یمر کو ۴۔۶، ۳۔۶، ۲۔۶؍ کے اسکور سے مات دے کر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی۔
خواتین کے سنگلز کے مقابلوں میں اونس جیبور نے بھی کامیابی کے ساتھ آغاز کیا۔ انہوں نے حریف ٹیم پر اتنا دباؤڈ الا کہ وہ ۲؍ سیٹوں میں ہی زیر ہوکر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی۔ اونس جیبور نے ۴۔۶، ۱۔۶؍ سے کامیابی حاصل کی۔ کوری گف کو جیت کیلئے ۳؍ سیٹوں تک جدوجہد کرنی پڑی۔ انہوں نے ریبیکا ماسارووا کو ۳۔۶، ۶۔۱، ۲۔۶؍ سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ ریبیکا پیٹرسن نے فیونا فیرو کو ۲۔۶، ۰۔۶؍ کے اسکور سے شکست دے دی۔