Inquilab Logo

انادکٹ کا تاریخی کارنامہ،رنجی ٹرافی میں پہلے ہی اوور میں ہیٹ ٹرک بنائی

Updated: January 04, 2023, 12:40 PM IST | Rajkot

دہلی کے خلاف سوراشٹر کے تیز گیندباز نے۳۹؍رن دے کر ہیٹ ٹرک سمیت ۸؍وکٹیں حاصل کیں

Saurashtra bowler Jaydev Anadkat
سوراشٹر کے گیندباز جے دیو انادکٹ

:ہندوستان کے لیفٹ آرم فاسٹ بولر جے دیو انادکٹ کیلئے ۲۰۲۲ء کا اختتام شاندار طریقے سے ہوا تھا۔وہ۱۲؍ سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپس آئے اور انہیں  بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میچ میں کھیلنے کا موقع ملا۔
  جے دیو انادکٹ نے ۲۰۲۳ءکا آغاز بھی طوفانی انداز میں کیا ہے۔  انہوں نے دہلی کے خلاف رنجی ٹرافی کے میچ میں تباہی مچا دی۔ وہ رنجی ٹرافی کے میچ میں  پہلے ہی اوور میں ہیٹ ٹرک لینے والے پہلے گیندباز بن گئے ہیں۔انادکٹ نے راجکوٹ میں سوراشٹرکی طرف سے کھیلتے ہوئے دہلی کے خلاف پہلے ہی اوور میں ہیٹ ٹرک بنائی۔ وہ گیند سے اس طرح تباہی مچا رہے تھے کہ صرف۲؍ اوور میں دہلی کی ۵؍ وکٹیں گر گئی تھیں۔ اس اننگز میں انہوں نے کُل ۸؍ وکٹیں حاصل کیں۔ انادکٹ کی جان لیوا گیند بازی کی وجہ سے دہلی کی ٹیم پہلی اننگز میں ۳۵؍اوور میں صرف ۱۳۳؍ رن بنا سکی۔ انادکٹ کے علاوہ چراغ اور پریرک کو ایک ایک وکٹ ملا۔ دہلی کے ابتدائی ۷؍ بلے باز اپنا اسکور  دوہرے ہندسے تک نہیں پہنچا سکے جبکہ ۵؍ بلے باز صفر پر آؤٹ ہوئے۔  دہلی کیلئے ہریتک شوکین نے سب سے زیادہ ۶۸؍رن بنائے جبکہ شیوانک وششت نے بھی ۳۸؍رنوںکا تعاون دیا۔
 انادکٹ نے پہلے ہی اوور میں ہیٹ ٹرک لے کر تاریخ رقم کی
   جے دیو انادکٹ رنجی ٹرافی کی تاریخ میں پہلے ہی اوور میں ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے گیندباز بن گئے ہیں۔سوراشٹر اور دہلی کے درمیان میچ کے بارے میں بات کریں توکپتان انادکٹ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ دہلی کے بلے بازوں کو پچ کو سمجھنے کا موقع بھی نہیں ملا۔ دھرو شورے اور آیوش بدونی اننگز کا آغاز کرنے آئے۔ انادکٹ نے تیسری گیند پر شوری کو کلین بولڈ کردیا۔ اگلی ہی گیند پر ویبھو راول کو ہاروک دیسائی کے ہاتھوں کیچ کرا یا۔ اوور کی پانچویں گیند پر انادکٹ نے نوجوان اسٹار یش ڈھل کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ تینوں بلے باز کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔ ہیٹ ٹرک کے بعد بھی انہوں نے اننگز کے دوسرے اور تیسرے اوور میں ۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔ انادکٹ نے جونٹی سدھو کو چوتھی گیند پر ہاروک دیسائی کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ جونٹی صرف ۴؍ رن بنا سکے۔ للت یادو بھی اوور کی آخری گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ للت (صفر) کو انادکٹ نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ اس کے بعدانہوں نے پانچویں اوور کی آخری گیند پر لکشیہ تھریجا (ایک) کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ اس طرح انہوں نے میچ میں کُل ۸؍ وکٹیں حاصل کیں۔دہلی کے لئے ہریتک شوکین نے نصف سنچری بنائی ۔دہلی کے ۱۳۳؍رنوں کے جواب میں سوراشٹرنے دن کا کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ کے نقصان پر۱۸۴؍رن بنا لئے  اورہیں ۵۱؍رنوں کی برتری حاصل کر لی ہے۔ ہاروک دیسائی (۱۲۴) اورچراغ جانی (۴۴) کریز پر موجود ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK