Inquilab Logo

مجھے ہسپانوی فٹبال ٹیم کے کوچ اینرک کی صلاحیت پر مکمل اعتمادہے

Updated: November 11, 2022, 1:07 PM IST | Abhishek Tripathi | Mumbai

اسپین کے سابق فٹبال کھلاڑی آندرے انیسئٹا نے انقلاب کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اسی ماہ قطرمیں منعقد ہونے والے فیفا عالمی کپ میں ٹیم کےلئےکوچ لوئیس اینرک کا تجربہ کارآمد ثابت ہوگا ۔انہوںنے یہ بھی کہا کہ ان کی نگاہیں ارجنٹائنا کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی کی کارکردگی پر بھی مرکوز رہیں گی

Andrés Iniesta  .Picture:INN
ہسپانوی کھلاڑی آندرے انیئسٹا ۔ تصویر:آئی این این

 آندرے انیئسٹا ہسپانوی فٹبال کی تاریخ کے اُس سنہرے دور کی نمائندگی کرتے ہیں جنہوںنے کلب اور قومی ٹیم کےلئے تمام ٹرافیاں جیتی ہیں۔بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے بعد اب وہ جاپان میں کھیل رہے ہیں اور وہ قطر میں منعقد ہونے والے فٹبال کے عالمی کپ کے مقابلے ٹیلی ویژن پر اپنے اہل خانہ کے ساتھ دیکھیں گے۔ یاد رہے کہ عالمی کپ اسی ماہ کی ۲۰؍ تاریخ سے شروع ہورہا ہے۔انیئسٹا کا کہنا ہے کہ انہیں اسپین کے کوچ کے تجربہ پر مکمل اعتمام ہے ۔اسی کے ساتھ  انہوںکہا کہ اس ورلڈ کپ میں ان کی نگاہیں ارجنٹائنا کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی پر بھی رہیں گی جن کا یہ آخری عالمی کپ ہوگا۔انقلاب نے ہسپانوی ٹیم کے سابق کھلاڑی آندرے انیئسٹا سے بات چیت کی جو اس طرح ہے۔
؍ ۴؍ورلڈ کپ کھیلنے کے بعد قطر  میں نہ کھیلنے سے کتنا مایوس ہیں؟
 مجھے نہیں لگتا کہ یہ مایوس کن بات ہے۔ میں پہلے ہی بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائر ہو چکا ہوں اور میں اپنے ملک کیلئے۴؍ ورلڈ کپ کھیل کر خوش ہوں۔  فیفا عالمی کپ کھیلنا میرے خوابوں میں سے ایک تھا اور مجھے ۴؍ بار اس میں کھیلنے کا موقع ملا۔
 آپ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے رکن تھے اور آپ کا گول
 فیصلہ کن ثابت ہواتھا؟
   وہ  میرے لئے سب سے خوشی کا لمحہ تھا۔ ورلڈ کپ فائنل میں واحد گول کر کے اپنے ملک کےلئے پہلا ورلڈ کپ جیتنا حیرت انگیز تھا۔ مجھے یہ سمجھنے میں کچھ وقت لگا کہ یہ کوئی خواب نہیں تھا۔ ہم نے واقعی اچھا کھیلا اور ٹورنامنٹ پر  دبدبہ بنایا تھا۔ یہ ایک خاص احساس تھا، ایک خاص کامیابی تھی۔  حالانکہ اگر ٹیم کا کوئی اور  ساتھی بھی گول کرتا تو ایسا ہی احساس ہوتا۔ یہ ٹیم گیم ہے ٹیم کی کامیابی سب سے اہم ہے۔ خدا نے اُس دن مجھے موقع دیا  اور میں نے گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے میں اہم رول ادا کیا۔میں اوپر والے کا شکر گزار ہوں۔  
برازیل اور روس میں منعقدہ گزشتہ۲؍ورلڈ کپ اسپین کے لئے اچھے نہیں تھے؟
   یقینی طور پر ہماری پوزیش بہترہوسکتی تھی لیکن اس پر اب پچھتانے سے کوئی فائدہ نہیں۔ برازیل میں ہماری شروعات اچھی نہیں تھی۔۲۰۱۸ء کے عالمی کپ میں میزبان برازیل کے خلاف گول کرنے کے ہم نے کئی مواقع بنائے لیکن دوسرے راؤنڈ میں گول نہیں کر سکے اور ٹائی بریکر میں ہار گئے، لیکن یہ ماضی کی باتیں  ہیں۔ یہ نیا ورلڈ کپ ہے اور ہمیں نئے سرے سے شروعات کرنی ہوگی ۔
 اسپین کے پاس بہت ٹیلنٹ ہے حالانکہ وہ ناتجربہ کار ہیں؟
   سوال کا پہلا حصہ زیادہ اہم ہے۔ واقعی  ٹیم میں شامل کھلاڑی باصلاحیت ہیں۔ انہوں نے کلب فٹبال کے ساتھ ساتھ ملک کیلئےبھی کھیلتے ہوئے اپنی قابلیت  اور افادیت ثابت کی ہے۔ میں  انہیں میدان میں دیکھنے کا منتظر ہوں۔
  یہ گروپ جرمنی، کوسٹاریکا اور جاپان کیساتھ اسپین کیلئے چیلنج ہے؟
  بالکل، خاص طور پر اس گروپ میں جرمنی کیساتھ۔ حالانکہ یہی عالمی کپ کی خاصیت ہوتی ہے اگر آپ کو دوسروں سے بہتر بنناہے تو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ آپ کو شروع سے ہی اپنی پوری صلاحیت اور تیاری کے ساتھ میدان پر اترنا ہوگا۔
 کوچ   لوئیس اینرک کے تعلق سے آپ کے کیا خیالات ہیں؟ 
 لوئیس واقعی اچھا کر رہے ہیں۔ ہم ان کی قیادت میں ۲۰۲۰ء میں یورو کپ کے سیمی فائنل تک پہنچے تھے۔ ہم نیشنز لیگ میں بھی پہلے ۴؍ ممالک میں شامل ہیں۔ ہم نے بغیر کسی مشکل کے ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کیا۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ہم صحیح سمت میں جا رہے ہیں۔ اینرک اپنی ٹیم کو ایک خاص سطح کی فٹ بال کھلانے کو ترجیح دیتے ہیں اور اسپین  ان کی تربیت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ وہ میچ کے دوران چھوٹے چھوٹے  پاس کے ذریعے آگے بڑھنے میں یقین رکھتےہیں اور مخالف ٹیم کے گول پوسٹ کے قریب پہنچنے کے  بعد جارحانہ رخ اختیار کرنے کیلئے کھلاڑیوں کو تیارکرتے ہیں۔ بنیادی طور پر یہی ہمارے کھیلنے کا انداز رہا ہے۔ ہمارے پاس  باصلاحیت کھلاڑی ہیں جو شاندار مظاہرہ کر سکتے ہیں۔ 
 کوئی اور ٹیم جس پر آپ کی نگاہیں رہیں گی؟
  یہ ایک دلچسپ ورلڈ کپ ہوگاکیونکہ کھلاڑی کلب سیزن سے سیدھے عالمی کپ میں شرکت کریںگے۔ یورپی ممالک گزشتہ ۴؍  ورلڈ کپ جیت چکے ہیں اور وہ اسے دوبارہ جیتنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ فرانس، جرمنی، اسپین، انگلینڈ، پرتگال جہاں تک ممکن ہو سکے جانے کی کوشش کریں گے۔ برازیل اور ارجنٹائنا بھی فیورٹ ٹیموں میں شامل ہیں۔ 
 میسی کا آخری ورلڈ کپ ہوگا اس پر آپ کے کیا خیالات ہیں؟
 لیونل میسی فٹبال کے لیجنڈ ہیں۔ وہ اب تک ۴؍ ورلڈ کپ کھیل چکے ہیںلیکن وہ اب تک  اسے  جیت نہیں سکے ہیں۔ ۲۰۱۴ء میں جب ارجنٹائنا فائنل میں پہنچا تھاتو وہ اس خطاب کے بہت قریب آچکے تھے۔ اس بار بھی میسی خطاب جیتنے کی پوری کوشش ضرور کریںگے۔ لیکن اسے جیتنے کیلئے قسمت کے ساتھ ساتھ ٹیم کے تعاون کی بھی ضرورت ہوگی۔ ہر کوئی  میسی کو جیتتا ہوا دیکھ کر خوش ہوگاکیونکہ وہ اس کے حقدار  ہیں، ہم سب کی نظریں ان پر رہیںگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK