Inquilab Logo Happiest Places to Work

عاقب نبی اور ذیشان انصاری نیٹ گیندباز کے طور پر ہندوستانی ٹیم میں شامل

Updated: June 03, 2026, 1:57 PM IST | Agency | Mumbai

جموں و کشمیر کے تیز گیند باز عاقب نبی، جو افغانستان کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ کیلئے حتمی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے تھے، ان ۶؍ گیند بازوں میں شامل ہیں جنہیں بطور نیٹ بولرز ہندوستانی ٹیم کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔

Bowler Aqib Nabi.Photo:INN
عاقب نبی۔ تصویر:آئی این این
جموں و کشمیر کے تیز گیند باز عاقب نبی، جو افغانستان کے خلاف واحد ٹیسٹ میچ کیلئے حتمی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے تھے، ان ۶؍ گیند بازوں میں شامل ہیں جنہیں بطور نیٹ بولرز  ہندوستانی ٹیم کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔ یہ گیند باز ۶؍ جون سے ملاںپور  میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ کی تیاریوں میں ہندوستانی بلے بازوں کو پریکٹس فراہم کریں گے۔ ہندوستانی کرکٹ بورڈ کی جانب سے نیٹ پریکٹس کیلئےعاقب نبی (تیز گیند باز)، گرجپنیت سنگھ (تیز گیند باز)،پرنس یادو (تیز گیند باز)،سارنش جین (آف اسپنر)،ذیشان انصاری (لیگ اسپنر) اورشیوانگ کمار (اسپنر)  کا انتخاب کیا گیا ہے۔
عاقب نبی کے علاوہ تیز گیند بازی کے شعبے میں ۲؍ اور باصلاحیت بولرز شامل ہیں۔ ان میں نوجوان اور انتہائی متاثر کن  تیز گیندباز پرنس یادو اور تمل ناڈو کے گرجپنیت سنگھ شامل ہیں۔ پرنس یادو، جنہوں نے حال ہی میں آئی پی ایل میں اپنی تیز رفتار گیند بازی سے سب کو متاثر کیا ہے، اس واحد ٹیسٹ میچ کے بعد ہونے والی ون ڈے  سیریز کے لئے بھی  ہندوستانی  ٹیم کا حصہ ہیں۔
 
 
دوسری جانب، اتر پردیش کے لیگ اسپنر ذیشان انصاری اپنی لیگ بریک گیند بازی سے دوسری سمت کی موومنٹ کو کور کریں گے۔ شیوانگ اور ذیشان انصاری دونوں کے پاس اپنی گیند بازی میں خطرناک گوگلی پھینکنے کی بہترین صلاحیت موجود ہے، جس سے  ہندوستانی  بلے بازوں کو افغان اسپنرز کا سامنا کرنے کے لئے بہترین تیاری کا موقع ملے گا۔
 
 
 سائی راج بہوتولے ہندوستانی ٹیم کے اسپن بولنگ کوچ مقرر
ہندوستان کے سابق لیگ اسپنر سائی راج بہوتولے، نیو چنڈی گڑھ میں افغانستان کے خلاف کھیلے جانے والے واحد ٹیسٹ میچ سے قبل، باضابطہ طور پر ہندوستانی  مردوں کی کرکٹ ٹیم میں بطور اسپن بولنگ کوچ شامل ہو گئے ہیں۔ ۵۳؍سالہ بہوتولے ٹیسٹ میچ کے ساتھ ساتھ وہائٹ بال کرکٹ میں بھی ہندوستانی اسپنرز کے ساتھ کام کریں گے۔سائی راج بہوتولے حال ہی میں آئی پی ایل  میں پنجاب کنگز کے ساتھ بطور اسپن بولنگ کوچ منسلک تھے۔ اس سے قبل وہ کیرالہ اور بنگال کی ڈومیسٹک ٹیموں کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی  میں شامل ہونے سے پہلے، وہ ۲۰۱۸ءسے ۲۰۲۱ء تک راجستھان رائلز کے سپورٹ اسٹاف کا حصہ تھے۔ سابق ہیڈ کوچ راہل دراوڑ کے دور میں انہوں نے انڈیا ’اے‘ اور سینئر ہندوستانی ٹیم کے کچھ دوروں کیلئے بھی خدمات انجام دیں، جس کے بعد آئی پی ایل ۲۰۲۵ءمیں وہ ایک بار پھر راجستھان رائلز کے ساتھ جڑ گئے تھے۔واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیم کے سپورٹ اسٹاف میں اب تک کوئی باقاعدہ اسپن بولنگ کوچ موجود نہیں تھا۔ بہوتولے اب ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی قیادت میں بننے والی اس ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK